DailyNewsKallar Syedan

Kallar Syedan; Reception held for Syed Anjum Raza at TMA Hall

سید انجم رضا کے اعزاز میں ٹی ایم اے ہال کلر سیداں میں ایک عظیم الشان محفل

کلر سیداں،اردو تحریک عالمی ،لندن کے جنرل سیکرٹری سید انجم رضا کے اعزاز میں ٹی ایم اے ہال کلر سیداں میں ایک عظیم الشان محفل مشاعرہ کا انعقاد کیا گیا۔ اس محفل کا اہتمام انجم رضا کے دوست معروف سیاسی و سماجی اور کاروباری شخصیت شیخ توقیر احمد نے کیا تھا۔اس محفل مشاعرہ کی صدارت ملک کے ممتاز شاعر و ادیب پیر عتیق احمد چشتی نے کی،جبکہ مہمان اعزاز ذہین احمد تھے۔راولپنڈی،اسلام آباد،گوجرخان،کہوٹہ اور دیگر شہروں سے آئے ہوئے جن شعرا نے اپنا کلام پیش کیا،ان میں عبد الرحمان واصف،مطیع احمد مجتبیٰ،نوید فدا ستی،سائل نظامی،رضا اللہ سعدی،ڈاکٹر شمس،پروفیسر ناصر علی مینگل،محمد نصیر زندہ،طاہر یاسین طاہر،یاسر کیانی،عابد معروف مغل،اورنگزیب سجن،عابد جنجوعہ،کامران کامی،زاہد فاروق،ذہین احمد،انجم رضا،پیر عتیق احمد چشتی و دیگر شامل تھے۔کلر سیداں سے سامعین کی بڑی تعداد نے محفل مشاعرہ کو رونق بخشی اور شعرا کو خوب داد دی۔تلاوت کلام پاک رضوان حیدر جبکہ نعت رسول مقبول پڑھنے کی سعادت مصطفی بٹ نے حاصل کی۔تلاوت کلام مجید و نعت رسول مقبولﷺ کے بعد طاہر یاسین طاہر نے سپاس نامہ میں دلپذیر شاد کو زبردست خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ آج ان کی روح عالم ارواح میں اس محفل کی برکت سے شاد ہو گی۔سپاس نامہ میں اردو تحریک عالمی لندن کے جنرل سیکرٹری اور زیب محفل کے سامنے علاقائی ادب اور علاقے کے شعرا و ادبا کے کام کا جائزہ پیش کیا گیا،نیز یہ تجویز پیش کی گئی کہ اس شہر میں سال میں تین پروگرام،محفل نعت،جشن رجب،اور محفل مسالمہ کا انعقاد لازمی ہونا چاہیے۔جسے سب نے بہت سراہا۔آخر میں زیب محفل نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اردو تحریک عالمی، لندن اس حو الے سے ہر ممکن تعاون کرے گی۔ سید انجم رضا نے اپنے شہر کلر سیداں میں ادب کی پذیرائی کے لیے کی جانے والی کاوشوں کو سراہا اور برملا کہا کہ انھیں اس محفل میں شامل شعرا کرام کا کلام سن کر بہت لطف آیا۔صاحبان ذوق و مودت کے لیے خبر ہے کہ انشا اللہ محرم الحرام میں اردو تحریک عالمی لندن کے تعاون سے کلر سیداں میں ایک عظیم الشان محفل مسالمہ منعقد کی جائے گی۔

Show More

Related Articles

Back to top button