DailyNews

London; Schools and roads were closed following heavy snowfall in North East of England

انگلینڈ میں شدید برف باری کے بعد سکولز اور سڑکیں بند ہو گئیں

لندن (نمائندہ پوٹھوار ڈاٹ کوم) نارتھ ایسٹ انگلینڈ میں شدید برف باری کے بعد سکولز اور سڑکیں بند ہو گئیں۔ میٹ آفس نے پیر کیلئے برف باری کی یلو وارننگ جاری کی تھی۔ کائونٹی ڈرھم میں درجنوں سکول بند کر دیئے گئے۔ نارتھ یارکشائر میں A 1 ہائی وے پر جبکہ سندرلینڈ اور ہارٹل پول کے درمیان A 66 پر ٹریفک کے بہائو کو تعطل کا سامنا تھا۔ کمبریا میں لاتعداد سڑکیں ناقابل گزر ہو گئیں جبکہ کائونٹی میں کم از کم 35 سکولوں کو بند کر دیا گیا۔ سکاچ کارنر اور پینرتھ کے درمیان A 66 بھی بند کر دی گئی جو کہ ممکنہ طور پر منگل تک بند رہنےکی توقع ہے۔ ہائی وے انگلینڈ کی جانب سے سکاچ کارنر اور کیٹرک کے درمیان کئی گاڑیاں پھنس جانے کے باعث A 1 پر کئی پھسلن والی سڑکیں بند کر دی گئیں۔ سائوتھ ویسٹ انڈسٹریل اسٹیٹ پر ایک یو نٹ آگ کی لپیٹ میں آنے کے باعث کثیف دھوئیں سے پیٹر لی کے نزدیک A 19 متاثر ہوئی۔ ٹیسڈیل اور ویئرڈیل میں سکولز بالکل بند رہے جبکہ کائونٹی ڈرھم کے اطراف بھی متعدد دوسرے مقامات پر سکول نہیں کھلے۔ بشپ آکلینڈ کے نزدیک ایونووڈ میں روز ہارپر نے بتایا کہ ان کے بچے نصف دن کی چھٹی ہو جانے کے بعد سکول سے واپس آگئے۔ ماہرین موسمیات نے پیشگوئی کی ہے کہ برف باری اگلے روز بارش میں تبدیل ہو جائے گی جبکہ بعد ازاں تیز ہوائیں چلیں گی۔ کائونٹی ڈرھم اور ڈارلنگٹن فائر
اینڈ ریسکیو سروس نے موٹرسٹس پر زور دیا ہے کہ وہ برف باری میں ڈرائیونگ کرتے وقت ہدایات پر سختی سے عمل کریں۔ انہیں ہدایت کی گئی ہے کہ لائٹس کا استعمال کریں، آگے جانے والی گاڑی سے فاصلہ رکھیں اور زیادہ زور سے بریک لگانے سے پرہیز کریں، اسی طرح اچانک گاڑی کی رفتار میں اضافہ نہ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

Show More

Related Articles

Back to top button