DailyNewsGujarKhan

Gujar Khan; Deewan e Hazoori 3 day urs muabark starts

پیر سید محمد عبداللہ شاہ المعروف دیوان حضوری ؒ کے 369ویں سالانہ عرس مبارک

سوہاوہ(نماہندہ پوٹھوار ڈاٹ کام) خطہ پوٹھوہار کی عظیم روحانی شخصیت الحاج حافظ پیر سید محمد عبداللہ شاہ المعروف دیوان حضوری ؒ کے 369ویں سالانہ عرس مبارک کی تین روزہ تقریبات 23 جون تا 25جون آستانہ عالیہ دیوان حضوری پر منعقد کی جائیں گی، مزار اقدس کو عرق گلاب سے غسل دینے کے علاوہ روحانی محافل، محافل سماع، پوٹھوہاری شعرخوانی کی تقریبات منعقد کی جائیں گی،عالم اسلام کے لئے خصوصی دعائیں کی جائیں گی اورزائرین کو تبرکات مقدسہ کی زیارت بھی کرائی جائے گی۔ اس موقع پر لنگر غوثیہ کا بھی وسیع انتظام موجود ہوگا۔ تفصیلات کے مطابق خطہ پوٹھوہار کی عظیم روحانی شخصیت الحاج حافظ پیر سید محمد عبداللہ شاہ المعروف دیوان حضوری ؒ کے 369ویں سالانہ عرس مبارک کی تین روزہ تقریبات 23 جون تا 25جون آستانہ عالیہ دیوان حضوری پر منعقد کی جائیں گی۔تقریبات کے انعقاد کا آغاز23جون بروز اتوار آئین مصطفی کانفرنس سے کیا جائے گا۔ اسی روز رات کو مختلف مقامات پر محافل سماع و پوٹھوہاری شعر خوانی کا انعقاد ہوگا۔ پیر کی صبح تین بجے سادات دیوان حضوری کی معیت میں زائرین مزار اقدس کو عرق گلاب سے غسل د یں گے۔ پیر کی صبح آٹھ بجے دربار عالیہ میں ختم غوثیہ پڑھا جائے گا اور اسکے بعد روحانی محافل کا آغاز کردیا جائے گا جس میں علماء ومشائخ کے علاوہ نعت خوان حضرات شرکت کریں گے۔ روحانی محافل میں حمدونعت کے علاوہ علمائے کرام دیوان حضوری ؒ کی سیرت وکردار پر روشنی ڈالیں گے۔روحانی محافل کے اختتامی لمحات میں عالم اسلام اور وطن عزیز کی بقا وسلامتی کے علاوہ مریدین وعقیدتمندان دیوان حضوری کی فلاح دارین کے لئے خصوصی دعائیں کی جائیں گی۔ دربار عالیہ پر تشریف لائے ہوئے زائرین وزائرات کو دیوان حضوری ؒ کو غوث پاک ؒ کی بارگاہ سے عنایت کئے گئے تبرکات مقدسہ کی زیارت بھی کرائی جائے گی۔ زائرین کے لئے لنگر غوثیہ کا بھی وسیع انتظام موجود ہوگا۔ ہرسال کی طرح عرس مبارک کا تیسرا دن خواتین زائرات کے لئے مخصوص ہوگا جس میں مردوں کو داخلے کی اجازت نہیں ہوگی۔ اسی روز عصر کے بعد بستی کی خواتین کی جانب سے گھی کے چراغ جلانے کا اہتمام کیا جائے گا اور اختتامی دعا کی جائے گی۔ عرس مبارک کے حوالے سے زائرین وزائرات کے لئے میلے کا اہتمام بھی کیا گیا ہے جس میں کھانے پینے کی اشیاء اور بچوں کے کھلونوں کے خصوصی سٹالز سمیت بچوں کی تفریح طبع کے لئے رنگ برنگے جھولوں کا انتظام بھی کیا گیا ہے۔ تین روزہ تقریبات میں مردوخواتین اور بچوں پر مشتمل زائرین کی کثیر تعداد متوقع ہے۔

 

Show More

Related Articles

Back to top button