08 June 2026DailyNewsGujarKhanHeadlinePothwar.com
Gujar Khan: Survey Completed for Restoration of Kalyam Awan Access Road
کلیام اعوان رابطہ سڑک کی بحالی کے لیے سروے مکمل

کلیام اعوان,گوجر خان (پوٹھوارڈاٹ کام / 08 جون 2026): سابق وزیراعظم اور سینئر سیاسی رہنما راجہ پرویز اشرف کی ہدایت پر امیر اختر کی سربراہی میں ایک خصوصی ٹیم نے کلیام اعوان ریلوے پھاٹک سے رنگ روڈ کے پل کے نیچے تک جانے والے کچے راستے کا تفصیلی سروے مکمل کر لیا ہے۔
سروے کا مقصد اس اہم رابطہ سڑک کی بحالی اور بہتری کے لیے درکار اقدامات کا جائزہ لینا تھا، جو مقامی آبادی اور آنے جانے والے زائرین کے لیے ایک اہم گزرگاہ کی حیثیت رکھتی ہے۔ منصوبے سے وابستہ ذرائع کے مطابق سڑک کی بحالی کا عملی کام آئندہ ہفتے شروع ہونے کی توقع ہے۔
یہ اقدام اس لیے بھی اہم قرار دیا جا رہا ہے تاکہ شہنشاہ کلیام بابا فضل شاہ کلیامیؒ کے پیر و مرشد حضرت خواجہ حافظ محمد شریفؒ کے سالانہ عرس مبارک سے قبل رنگ روڈ کے پل کے نیچے سے ریلوے پھاٹک تک کچے راستے کو مکمل طور پر قابلِ استعمال بنایا جا سکے۔ سڑک کی بحالی سے عرس میں شرکت کے لیے آنے والے زائرین اور عقیدت مندوں کو آمدورفت میں سہولت میسر آئے گی اور ٹریفک کی روانی بھی بہتر ہوگی۔
علاقے کی مزید ترقی کے حوالے سے راجہ پرویز اشرف نے مقامی عوام کو یقین دہانی کرائی ہے کہ آئندہ بجٹ کی منظوری کے بعد برف خانہ سے کلیام اعوان تک سڑک کو پختہ اور جدید معیار کے مطابق تعمیر کیا جائے گا۔ اس دیرینہ مطالبے کی تکمیل سے نہ صرف سفری سہولیات بہتر ہوں گی بلکہ علاقے کی مجموعی ترقی اور معاشی سرگرمیوں کو بھی فروغ ملے گا۔
کلیام اعوان کے مکینوں نے اس پیش رفت کا خیرمقدم کرتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ راجہ پرویز اشرف حسبِ روایت علاقے کی خدمت کا سلسلہ جاری رکھیں گے۔ عوام نے اس اعتماد کا اظہار بھی کیا کہ برف خانہ تا کلیام اعوان سڑک کی پختگی کا وعدہ بھی جلد عملی شکل اختیار کرے گا، جس سے علاقے کے عوام کو دیرپا فوائد حاصل ہوں گے۔




