DailyNewsHeadlineOverseas news

Norway; Pakistani community raise 60 Lakh Rps for Shaukat Khanam memorial in Oslo

شوکت خانم میموریل ہسپتال کراچی کی تعمیر کے لیے ناروے میں چیرٹی شو میں 60 لاکھ روپے سے زائد رقم جمع

اوسلو(عقیل قادر) ناروے کے دارالحکومت اوسلو میں فرینڈز آف شوکت خانم ان سکینڈینیویا کے زیر اہتمام شوکت خانم میموریل ہسپتال کراچی کی فنڈ ریزنگ کے لیے ایک چیئرٹی شو کا انعقاد کیا گیا جس میں پاکستان سے معروف اداکارہ مایا علی، معروف اداکار شہر یار منور، شوکت خانم کے چیف میڈیکل آفیسر ڈاکٹر محمد عاصم یوسف اور مارکیٹنگ ڈائریکٹر نائلہ خان نے خصوصی شرکت کی۔ حافظ اسلم حق نے قرآن کریم کی تلاوت سے چیرٹی شو کا آغاز کیا جبکہ سید جواد حسین شاہ نے بارگاہ رسالت ﷺ میں عقیدتوں کے پھول نچاور کیے۔ لوگوں نے اپنی فیملیز کے ہمراہ بڑی تعداد میں شرکت کی اور دل کھول کر اس کار خیر میں حصہ لیا۔ ڈاکٹر محمد عاصم یوسف نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں خواتین میں چھاتی کا کینسر بہت عام ہے اور ہسپتال میں پچاس فیصد مریض صرف اسی مرض کے آتے ہیں۔ نائلہ خان نے شوکت خانم ہسپتال کراچی پروجیکٹ کے حوالے سے تفصیلی بریف کیا ۔ مایا علی اور شہریار منور نے بھی خطاب کرتے ہوئے لوگوں کو زیادہ سے زیادہ صدقات عطیہ کرنے کی ترغیب دی۔ تقریب کی نقابت کے فرائض معروف کمپیئر شاہ رخ سہیل نے نہایت خوبصورتی سے سرانجام دیئے۔ فرینڈز آف شوکت خانم ان سکینڈینیویا کے چیئر مین طارق شہباز نے بھی خطاب کرتے ہوئے تمام لوگوں کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے انسانیت کی فلاح و بہبود کے لیے ہر طرح کا تعاون پیش کیا۔ چیئرٹی شو میں عمران خان کے دستخط کردہ بیٹ اور بال کی نیلامی بھی کی گئی جس سے ایک خطیر رقم جمع ہوئی۔منتظمین کے مطابق چیرٹی شو میں 60 لاکھ روپے سے زائد کے عطیات جمع ہوئے۔ اسکے علاوہ ناروے کے معروف نوجوان سماجی کارکن محسن راجہ نے اپنے فیس بُک گروپ کے ذریعے ایک بہت بڑی رقم کینسر ہسپتال کے لیے عطیہ کی۔

Norway; A Charity dinner was organised in Oslo, where the Pakistani community raised 60 Lakh Rps for Shaukat Khanam memorial hospital being constructed in Karachi.

Show More

Related Articles

Back to top button