DailyNewsHeadlineOverseas news

Norway; Pakistan day celebrated by Pakistani community in Oslo

ناروے۔ زُہرہ منظور ویلفیئر سوسائٹی کے زیر اہتمام یوم پاکستان کی پُروقار تقریب کا انعقاد

اوسلو(عقیل قادر) اوسلومیں زُہرہ منظور ویلفیئر سوسائٹی کے زیر اہتمام یوم پاکستان کی پُروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں پاکستان کے نامور شاعر اور مصنف حافظ عزیر احمد کی کتاب ” شام ہو گئی جاناں” کی تقریب رونمائی بھی کی گئی۔ تقریب کا انعقاد ” یوم قرارداد پاکستان” کے عنوان سے کیا گیا جس میں اہل علاقہ سے خواتین و حضرات اور بچوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ تقریب کے مہمان خصوصی لیبر پارٹی آکش ہُوس کے مرکزی رہنما یُورگن ویک تھے۔ تقریب میں سپین کے معروف فنکارقدیر خان نے بھی خصوصی شرکت کی۔تقریب کا آغاز قاسم محمود نے تلاوت قرآن پاک سے کیا جبکہ عبدالسلام لاہوری نے حضور نبی کریم ﷺ کی بارگاہ اقدس میں نذرانہ عقیدت پیش کیا۔ یُورگن ویک نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دنیا کے حالات بہت تیزی سے تبدیل ہو رہے ہیں ، چند دن پہلے جو واقعہ نیوزی لینڈ میں رونما ہو ا ہے اسکی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔ انہوں نے کہا کہ تارکین وطن مخالف قوتوں اور نسل پرستی میں روز بروز اضافہ ہوتا جا رہا ہے اس کے لیے ضروری ہے ہمیں ایک دوسرے کے ساتھ تعلقات مزید بہتر بنائیں تاکہ تارکین وطن مخالف طاقتوں کا راستہ روکا جا سکے۔ حافظ عزیز احمد نے خطاب کرتے ہوئے زہرہ منظور ویلفیئر سوسائٹی اور اسکے چیئرمین افتخار محمود کا ان کی کتاب کی تقریب رونمائی کے خوبصورت انعقاد پر شکریہ ادا کیا ۔ انہوں نے اپنی کتاب سے شاعری بھی سنائی اور حاضرین سے داد وصول کی۔ تقریب میں بچوں نے تقاریر اور ملی ترانے پیش کیئے اور حاضرین سے خوب داد وصول کی۔ تقریب سے یوم پاکستان اور موجودہ حالات کے حوالے سے علامہ نصیر احمد نوری بزم نقشبند اوسلو کے امام و خطیب نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کا وجود قائد اعظم محمد علی جناح اور علامہ اقبال ؒ کی کاوشوں کا مرہون منت ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اللہ کے فضل سے پاکستان دفاعی لحاظ سے خطے میں ایک اہمیت اختیار کر چکا ہے۔ حافظ صداقت علی قادری نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یوم قرارداد پاکستان کے موقع پر اللہ تعالیٰ کے اس حکم کو سر بجا لاتے ہیں جس میں اللہ نے فرمایا ہے کہ جب تمھیں کوئی نعمت نصیب ہو تو اس پر خوشی اور اللہ کا شکر ادا کیا کرو۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان بھی اللہ کی ایک نعمتوں میں سے ایک نعمت ہے جس کی ہمیں دل و جاں سے قدر کرنی چاہیے۔ ناروے کے نامور شاعر اور مصنف محمد ادریس لاہوری، نوجوان شاعر آفتاب وڑائچ، برطانیہ کے معروف شاعر ضمیر طالب اور ناروے کی شخصیت قیصر سعید صدیقی نے حافظ عزیر احمد کو ان کی کتاب کی تقریب رونمائی پر مبارکباد پیش کی اور انکی کتاب ” شام ہو گئی جاناں” سے منتخب کلام پڑھ کر خوب داد وصول کی۔قدیر خان نے اپنی خوبصورت گائیکی سے محفل کو رونق بخشی۔ اس موقع پر یوم پاکستان کی خوشی میں کیک بھی کاٹا گیا اور تقریب کے آرگنائزر افتخار محمود کی جانب سے تمام شرکاء کا اُن کی آمد پر شکریہ ادا کیا گیا۔

Norway; Pakistan day celebrated by Pakistani community in Oslo, The function was held by Zohra Manzoor welfare society.

Show More

Related Articles

Back to top button