20 May 2026DailyNewsHeadlineOverseas newsPothwar.com
London: Six Men Jailed Over Brutal Daylight Murder in Dewsbury Park
ڈیوزبری پارک میں دن دہاڑے بہیمانہ قتل پر چھ افراد کو قید کی سزائیں
لندن ( پوٹھوار ڈاٹ کام، محمد نصیر راجہ، 20 مئی 2026) —
ڈیوزبری مور کے کرو نیسٹ پارک میں ایک شخص کے دن دہاڑے بہیمانہ قتل کے جرم میں چھ افراد کو مختلف مدت کی قید کی سزائیں سنائی گئی ہیں۔
39 سالہ شمس حسین کو گزشتہ سال 12 جولائی کو پارک میں بیس بال کے بلوں، ہاکی اسٹکس اور چاقوؤں سے حملہ کر کے قتل کر دیا گیا تھا۔ انہیں پیٹھ میں چاقو بھی مارا گیا، جس سے وہ جانبر نہ ہو سکے۔
لیڈز کراؤن کورٹ میں مقدمے کی سماعت کے بعد 22 سالہ ثقلین علی، 32 سالہ باسط علی، 33 سالہ ثاقب علی خان اور 19 سالہ ذیشان خان کو قتل کا مجرم قرار دیا گیا، جبکہ 21 سالہ عاصم اکرم اور 19 سالہ فیضان اکرم کو قتلِ خطا کا قصوروار ٹھہرایا گیا۔
عدالت کو بتایا گیا کہ پارک میں ہونے والے ایک زبانی جھگڑے کے بعد ملزمان نے شمس حسین کا تعاقب کیا اور ان پر حملہ کر دیا، جس کے نتیجے میں انہیں جان لیوا زخم آئے۔
ڈیوزبری کے پِلگرم ڈرائیو کے رہائشی ثقلین علی کو عمر قید کی سزا سنائی گئی، جس میں کم از کم 21 سال اور 56 دن جیل میں گزارنا ہوں گے۔
باسط علی اور ثاقب علی خان، جو دونوں پِلگرم ڈرائیو کے رہائشی ہیں، کو بھی عمر قید کی سزا دی گئی، اور انہیں کم از کم 15 سال اور 56 دن قید میں گزارنے ہوں گے۔

ادھر پِلگرم کریسنٹ، ڈیوزبری کے رہائشی ذیشان خان کو عمر قید کی سزا سنائی گئی، جس میں کم از کم 10 سال اور 64 دن جیل میں رہنا ہوگا۔
عاصم اکرم اور فیضان اکرم، جو دونوں پِلگرم کریسنٹ کے رہائشی ہیں، کو سات، سات سال قید کی سزا سنائی گئی۔




