DailyNewsHeadlineOverseas news

Norway; Annual 5th Urs Mubarak of Pir Syed Ghulam Jaffar Shah celebrated in Oslo by bazme Naqshband

بزم نقشبند اوسلو میں پیر سید غلام جعفر شاہ ؒ کے عظیم الشان پانچویں سالانہ عرس مبارک کی تقریب

اوسلو(نمائندہ پوٹھوار ڈاٹ کوم,عقیل قادر) بزم نقشبند اوسلو میں پیر سید غلام جعفر شاہ ؒ کے عظیم الشان پانچویں سالانہ عرس مبارک کی تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں بڑی تعداد میں سادات کرام، مشائخ عظام، علمائے کرام اور عوام الناس نے شرکت کی۔ تقریب کی صدارت خواجہ سید فدا حسین شاہ نے کی جبکہ مہمان خصوصی پیر سید نعمت علی شاہ بخاری تھے۔ حافظ سید منصور رضا شاہ اور قاری نور علی سیالوی نے تلاوت قرآن پاک سے تقریب کا آغاز کیا۔ حافظ سید معصوم رضاشاہ نے منقبت پیش کی اور قاری رحمت علی، ظفر اقبال خان، یاسین سعیداور عالمی شہرت یافتہ نعت خواں قاری انصر علی قادری نے بارگاہ رسالت مآب ﷺ میں عقیدتوں کے پھول نچاور کیے۔ تقریب سے بزم نقشبند اوسلو کے صدر اسلم گوندل اور سیکریٹری جنرل چوہدری مظفر اکرم گوندل نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پیر سید جعفر شاہ ؒ کی خدمات کو مدتوں یاد رکھا جائے گا، انہوں نے کہا کہ جعفر شاہ ؒ ایک درویش صفت انسان تھے جنہیں مال و دولت سے کوئی دلچسپی نہیں تھی بلکہ انہوں نے ہمیشہ لوگوں کے اللہ اور اسکے رسولﷺ کے ساتھ رشتے کو مضبوط کرنے میں اہم کردار ادا کیا۔ پیر سید نعمت علی شاہ بخاری نے علمی، فکری اور اصلاحی خطاب فرمایا جس میں انہوں نے کہا کہ اپنی عبادتوں میں اخلاص پیدا کریں، اللہ اور اسکے رسول ﷺ کی رضا کے لیے لوگوں کی خدمت کریں تاکہ قرب الہیٰ نصیب ہو سکے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اولیاء اللہ کی صحبت سے ایمان کو تقویت ملتی ہے اور نیک لوگوں کی صحبت کے فضائل قرآن و حدیث میں کثرت سے ملتے ہیں۔ درودوسلام اور دعا سے عرس مبارک کی تقریب کا اختتام کیا گیا۔

Show More

Related Articles

Back to top button