DailyNewsOverseas news

Oslo, Norway; Book publishing ceremony held in Oslo

ناروے۔ادریس لاہوری کی پہلی کتاب `` ذرا سی دھوپ رہنے دو``کی اوسلو میں تقریب رونمائی اور مشاعرے کا انعقاد

ناروے میں پاکستانیوں کو مقیم ہوئے 50 برس گذر چکے ہیں مگر ان کی اپنی مادری زبان اردو سے والہانہ محبت کسی طور پر بھی کم نہیں ہوئی اور ایسے محسوس ہوتا ہے جیسے وقت گذرنے کے ساتھ اس محبت میں اضافہ ہورہا ہے۔ اس بات کا ادراک ادبی تنظیم دریچہ کے زیر اہتمام ایک تقریب رونمائی میں ہوا۔ تقریب رونمائی میں عوام الناس کے علاوہ بڑی تعداد میں اردو ادب و فن سے تعلق رکھنے والی شخصیات نے بھرپور شرکت کر کے تقریب کی رونق کو دوبالا کیا۔تقریب کی صدارت اوسلو کے معروف سماجی رہنما الیا س کھوکھر نے کی۔ تقریب سے طلعت بٹ، سید مجاہد علی، ڈاکٹر ندیم حسین، ضمیر طالب اور الیاس کھوکھر نے خطاب کرتے ہوئے ادریس لاہوری کی ادبی کوششوں کو سراہتے ہوئے مبارکباد پیش کی اورکہا کہ ایسی مثبت سرگرمیوں اور اقدامات کے باعث ہی ملک و ملت کا نام روشن ہو سکے گا۔ ادریس لاہوری نے خطاب کرتے ہوئے تمام مہمانوں اور بالخصوص مقررین کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ جس محبت بھرے انداز میں ان کی پذیرائی کی گئی ہے یہ محبت کسی بھی سرمایہ سے کم نہیں ہے۔تقریب میں دریچہ کی جانب سے ادریس لاہوری کو سندھی اجرک کا تحفہ بھی پیش کیا گیا۔ تقریب کے دوسرے حصے میں شعراکرام نے اپنے کلام سے تقریب کو رونق بخشی اور حاضرین سے خوب داد وصول کی۔ جن شعراء نے اپنا کلام پیش کیا ان میں ادریس لاہوری، ڈاکٹر ندیم حسین، جمشید مسرور، ملک بشیر ، شکیل احمد، اسلم میر، اندر جیت پال، اندر جیت کھوسلہ، رائے بھٹی، ڈاکٹر سیف الرحمن، فیصل ہاشمی، خالد تھتھال، ضمیر طالب ، نجیب نقوی، سلیم زیدی اور دیگر شامل ہیں۔ ادریس لاہوری نے اپنی کتاب کی پہلے دن کی آمدن کو فلاحی تنظیم ” سکون ” کے نام کیا جس پر بڑی تعداد میں حاضرین نے کتاب خرید کر نیک کام میں اپنا حصہ ڈالا۔ اس موقع پر سکون تنظیم کے صدر شاہد جمیل کی طرف سے ادریس لاہوری کو تعریفی شیلڈ پیش کی گئی۔ تقریب کی نقابت کے فرائض معروف ادبی شخصیت اور دریچہ کے صدر ڈاکٹر ندیم حسین نے احسن انداز میں سرانجام دیئے۔ آخر پر مہمانوں کی تواضع بہترین پاکستانی کھانوں سے کی گئی۔

 

Show More

Related Articles

Back to top button