DailyNewsGujarKhanHeadlinePothwar.com
M Najeeb JarralJuly 9, 2025
Gujar Khan: Illegal Occupation of Government School Land in Gujar Khan Sparks Public Outcry
گوجرخان:نڑالی سرکاری سکول کی 36 کنال زمین پر ناجائز قبضہ، عوام کا شدید ردِعمل

گوجرخان (پوٹھوار ڈاٹ کام، محمد نجیب جرال۔ 10 جولائی 2025): گوجرخان کی یونین کونسل نڑالی میں واقع گورنمنٹ بوائز سیکنڈری سکول نڑالی کو ایک سنگین مسئلے کا سامنا ہے، جہاں سکول کی کل 52 کنال مختص شدہ زمین میں سے صرف 16 کنال سکول کے زیرِ استعمال ہے، جبکہ باقی 36 کنال زمین پر مقامی افراد کی جانب سے مبینہ طور پر طویل عرصے سے ناجائز قبضہ کر رکھا گیا ہے۔
سکول کے پاس قانونی طور پر اپنی زمین موجود ہونے کے باوجود طلبہ کھیلوں کے میدان، اضافی کمروں اور دیگر سہولیات سے محروم ہیں۔ مقامی افراد اور سکول انتظامیہ کا کہنا ہے کہ اگر یہ زمین ناجائز قابضین سے واگزار کروالی جائے تو اسے طلبہ کی تعلیمی اور جسمانی نشوونما کے لیے استعمال کیا جا سکتا ہے۔
افسوسناک امر یہ ہے کہ سکول انتظامیہ کی مجرمانہ خاموشی اور بے بسی کے باعث ناجائز قابضین کے حوصلے مزید بڑھ گئے ہیں اور انہوں نے زمین پر غیر قانونی تعمیرات کا آغاز بھی کر دیا ہے۔ اس صورتحال نے طلبہ کی تعلیم، سرگرمیوں اور سہولیات کو شدید متاثر کیا ہے۔
مقامی عوام اور والدین نے وزیرِ اعلیٰ پنجاب اور دیگر متعلقہ حکام سے پرزور مطالبہ کیا ہے کہ ناجائز قابضین کے خلاف فوری کارروائی کی جائے اور سرکاری زمین سکول کے حوالے کی جائے تاکہ بچوں کو بہتر تعلیمی ماحول میسر آ سکے۔
یہ مسئلہ نہ صرف ایک سکول بلکہ پورے تعلیمی نظام کے لیے لمحۂ فکریہ ہے۔ عوام نے خبردار کیا ہے کہ اگر بروقت اقدامات نہ کیے گئے تو باقی ماندہ زمین بھی مستقل طور پر ضائع ہو سکتی ہے۔




