17 October 2026DailyNewsHeadlineOverseas newsPothwar.com
London; 12 Members of Yorkshire Drug Gang Jailed for More Than 100 Years
یارکشائر میں منشیات سپلائی کرنے والے گینگ کے 12 ملزمان کو 100 سال سے زائد قید کی سزائیں
لندن (پوٹھوار ڈاٹ کام، 17 اکتوبر 2026، محمد نصیر راجہ) — برطانیہ میں منشیات کی بھاری مقدار سپلائی کرنے والے منظم جرائم پیشہ گروہ کے 11 مردوں اور ایک خاتون کو مجموعی طور پر 100 سال سے زائد قید کی سزائیں سنا دی گئی ہیں۔
ویسٹ یارکشائر پولیس کے شعبۂ سنگین اور منظم جرائم کی تحقیقات کے دوران انکشاف ہوا کہ بریڈفورڈ سے تعلق رکھنے والا یہ گروہ یارکشائر اور دیگر علاقوں میں بڑے پیمانے پر کوکین اور ہیروئن کی سپلائی کے ساتھ منی لانڈرنگ میں بھی ملوث تھا۔
پولیس کے مطابق گروہ نے مجموعی طور پر 135 کلوگرام سے زائد کلاس اے منشیات سپلائی کیں، جبکہ تحقیقات کے دوران 55 کلوگرام کوکین اور ہیروئن برآمد کی گئی۔
تحقیقات میں 35 سالہ ادریس خان کو گروہ کا سرغنہ قرار دیا گیا۔ وہ منشیات کی ترسیل کے لیے قابلِ اعتماد کوریئرز کا استعمال کرتا تھا، جن میں 23 سالہ عاکف ہاشمی اور 27 سالہ ابراہیم سجاد شامل تھے۔
اگست 2025 میں عاکف ہاشمی کو گرفتار کیا گیا تو اس کے قبضے سے 20 کلوگرام کوکین، 23 کلوگرام ہیروئن اور کریک کوکین کے تین تھیلے برآمد ہوئے۔ ان منشیات کی مجموعی تخمینہ شدہ مالیت 43 لاکھ پاؤنڈ بتائی گئی۔ اس موقع پر اس کی اہلیہ 24 سالہ کرن محمود بھی موجود تھیں، جنہیں بعد ازاں گرفتار کر لیا گیا۔
تحقیقات کے دوران 38 سالہ ابراس خان کا نام بھی سامنے آیا، جسے گروہ کا خریدار بتایا گیا۔ پولیس کے مطابق اس نے اپنے قریبی ساتھی 35 سالہ عاطف علی کے ساتھ مل کر دو ماہ کے دوران 31 کلوگرام ہیروئن اور کوکین کی ترسیل کا انتظام کیا۔
ابراس خان کو اپریل 2025 میں کلاس اے منشیات کی سپلائی کے شبہے میں گرفتار کیا گیا۔ اس کے موبائل فونز سے حاصل ہونے والے شواہد کے مطابق اگست 2024 سے اپریل 2025 کے دوران وہ 52 کلوگرام سے زائد منشیات کی سپلائی کی نگرانی کرتا رہا اور اس دوران 364,992 پاؤنڈ وصول کیے۔




