24 November 2026DailyNewsHeadlineKahutaPothwar.com
Kahuta; AC Faizan Ahmed Announces Strict Action Against Encroachment, Overpricing and Land Mafias
کہوٹہ; اسسٹنٹ کمشنر فیضان احمد کا تجاوزات مافیا، گرانفروشوں اور لینڈ مافیا کے خلاف سخت کارروائی کا اعلان

کہوٹہ (نمائندہ پوٹھوار ڈاٹ کوم، عمران ضمیر، 24 نومبر 2026ء): صدر پریس کلب کہوٹہ راجہ عمران ضمیر کی قیادت میں پریس کلب کہوٹہ کے وفد نے اسسٹنٹ کمشنر کہوٹہ فلائٹ لیفٹیننٹ (ر) فیضان احمد سے ملاقات کی، جس میں شہر کے مسائل، تعمیر و ترقی، تجاوزات، مہنگائی اور بنیادی سہولیات کی فراہمی کے حوالے سے تفصیلی گفتگو ہوئی۔
اسسٹنٹ کمشنر فیضان احمد نے کہا کہ کہوٹہ کو تجاوزات سے پاک کرکے دم لیں گے۔ تجاوزات مافیا، گرانفروشوں اور لینڈ مافیا کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف کسی قسم کی سفارش یا دباؤ قبول نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ناجائز منافع خوری اور مضر صحت اشیاء فروخت کرنے والے دکانداروں کو بھاری جرمانے کرنے کے ساتھ جیل بھی بھجوایا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ کہوٹہ میں خواتین کے لیے فیملی پارک قائم کیا جائے گا جبکہ کہوٹہ کلب میں خواتین کے لیے علیحدہ جم بنایا جائے گا جہاں صرف خواتین کو داخلے کی اجازت ہوگی۔ جم میں پردے اور پرائیویسی کے خصوصی انتظامات کیے جائیں گے تاکہ خواتین بلا جھجک ورزش اور دیگر صحت مند سرگرمیوں میں حصہ لے سکیں۔
اسسٹنٹ کمشنر نے مزید کہا کہ سپورٹس کمپلیکس اور کہوٹہ کلب کو فعال بنایا جائے گا جبکہ خواتین کے لیے علیحدہ سپورٹس کمپلیکس کے قیام پر بھی کام کیا جائے گا۔ شہر کی لائبریری میں کتابوں کی تعداد بڑھانے کے ساتھ مردوں اور خواتین کے لیے الگ الگ جگہ مختص کی جائے گی اور لائبریری کو جدید سہولیات سے آراستہ کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ شہریوں کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے سرکاری آٹے کا کوٹہ بڑھایا جائے گا۔ کہوٹہ شہر کی تمام پبلک ٹرانسپورٹ لاری اڈے سے چلائی جائے گی جبکہ لاری اڈے میں قائم تجاوزات کا خاتمہ کرکے ٹریفک کے نظام کو بہتر بنایا جائے گا۔ تجاوزات کے خلاف پیرا فورس کو مزید فعال کیا جائے گا تاکہ قانون کی عملداری یقینی بنائی جا سکے۔
فیضان احمد نے کہا کہ ٹی ایچ کیو ہسپتال کہوٹہ کی ایمرجنسی کو بھی اپ گریڈ کیا جائے گا تاکہ مریضوں کو بہتر طبی سہولیات میسر آ سکیں۔ کہوٹہ بیوٹیفیکیشن منصوبہ جلد مکمل کیا جائے گا۔ گورنمنٹ گرلز ہائی سکول کہوٹہ اور بینک الفلاح چوک بائی پاس سے تجاوزات ختم کرکے ٹریفک کے مسائل حل کیے جائیں گے۔
انہوں نے واضح کیا کہ شہر کی بہتری، عوامی مسائل کے حل اور بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لیے عملی اقدامات کیے جائیں گے اور کسی کو قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
اس سے قبل اسسٹنٹ کمشنر کہوٹہ نے پریس کلب کے اراکین کو ملاقات کے لیے مدعو کیا اور علاقائی مسائل پر ان کے مؤقف اور تجاویز سنیं۔
ملاقات میں پریس کلب کہوٹہ کے سرپرست اعلیٰ سعید افضل چوہان، جنرل سیکرٹری اصغر حسین کیانی، ساجد جنجوعہ، کبیر احمد جنجوعہ، راجہ شاہد اجمل، ارسلان کیانی ایڈووکیٹ، آصی جنجوعہ اور ندیم آزاد بھی موجود تھے۔




