DailyNewsOverseas news

Norway; Alisha Zaman,22, wins local election in Oslo

ناروے کے بلدیاتی انتخابات میں پاکستانی نژاد بائیس سالہ علیشاء زمان کامیاب قرارپائی

پیرس۔زاہد مصطفیٰ اعوان۔ناروے کے بلدیاتی انتخابات میں پاکستانی نژاد بائیس سالہ علیشاء زمان کامیاب قرارپائی ہیں۔
اوسلو یونیورسٹی کی طالبہ علیشاء زمان پاکستانی نژاد صحافی قذافی زمان کی دختر ہیں، وہ اوسلو کے مضافات میں ’’لیئر‘‘ کے علاقے کی مقامی اسمبلی (علاقائی کونسل) کے لیے لیبرپارٹی کی امیدوار تھیں۔

علیشاء زمان کے دادا چوہدری محمد زمان جو ستر کی دہائی میں ضلع گجرات کے قصبے ناگڑیاں سے بہتر معاش کی جستجو میں ناروے آئے، کا کہنا ہے کہ ان کی پوتی نے نمایاں ووٹ حاصل کئے ہیں اور اسی وجہ سے فہرست میں ان کا نمبر کامیاب ہونے والے پارٹی کے پہلے پانچ چھ امیدواروں میں شامل ہوگیا ہے۔
اس سے پہلے چوہدری زمان کی اہلیہ محترمہ خالدہ زمان اور ان کا بیٹا قذافی زمان بھی اسی علاقائی کونسل کے رکن رہ چکے ہیں۔ ایک مقامی اخبار نے علیشاء زمان کے بارے میں خبر کو نمایاں سرخی کے ساتھ شائع کیا ہے۔
واضح رہے کہ ناروے کے بلدیاتی انتخابات میں جو 9 ستمبر کو مکمل ہوئے، مقامی باشندوں کے علاوہ متعدد پاکستانی نژاد امیدوار بھی میدان میں تھے۔دیگر میونسپل اداروں کے علاوہ صرف دارالحکومت اوسلو کی سٹی پارلیمنٹ کی 59 نشستوں پر 22 پاکستانی امیدوار میدان میں تھے۔
انتخابات کے نتائج مرحلہ وار سامنے آرہے ہیں اور امید ہے کہ صورتحال جمعہ تک واضح ہوجائے گی۔ماہرین کا کہنا ہے کہ اس بار بڑی پارٹیوں بشمول لیبرپارٹی اور دائیں بازو کی ہورے پارٹی کی پوزیشن پچھلے ادوار کی نسبت کم ہوئی ہے۔

Show More

Related Articles

Back to top button