DailyNewsOverseas news

Norway; Muslim Centre holds Meena bazaar function in Oslo

ناروے۔ سوندرے نورشترند مسلم سینٹر کے زیر اہتمام یوم پاکستان کے موقع پر مینا بازار کا انعقاد

اوسلو(عقیل قادر)سوندرے نور شترند مسلم سینٹر اوسلو میں واقع ایک خوبصورت اسلامی مرکز ہے جو آج سے دو سال قبل 50 ملین کراؤن کی خطیر رقم سے مکمل ہوا۔ سوندرے نورشترند کے مرکز پر پورا سال مذہبی و سماجی سرگرمیاں جاری رہتی ہیں جس کو لوکل کمیونٹی قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔ سوندرے نورشترند ویمن گروپ کی طرف سے یوم پاکستان کو بھرپور طریقے سے منانے کے لیے ایک مینا بازار کا انعقاد کیا گیا جس میں خواتین اور بچوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ تقریب کی مہمان خصوصی اوسلو کی خاتون میئر ماری آنے بُورگن (Marianne Borgen) تھیں۔ سوندرے نورشترند کے سنیئر نائب صدر راجہ اقبال ، جنرل سیکریڑی طاہر محمود سلام، مرکزی رہنما امتیاز احمد وڑائچ اور ویمن گروپ کی طرف سے ماری آنے بورگن کا استقبال کیا گیا اور انہیں پورے مرکز کا وزٹ کرایا گیا جس میں اسلامی مرکز میں ہونے والی تمام سرگرمیوں سے تفصیلی آگاہ کیا گیا۔اس موقع پر بچو ں نے تلاوت قرآن پاک، نعت رسول ﷺ اور یوم پاکستان کے حوالے سے ملی نغمے پیش کر کے خوب داد وصول کی۔ ماری آنے بُورگن نے مینا بازار میں لگائے گئے مختلف سٹالز کا وزٹ بھی کیا اور ویمن گروپ کی طرف سے خوبصورت انتظامات کرنے پر تعریف بھی کی۔ ماری آنے بُورگن نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے اسلامی مرکز کی طرف سے کی جانے والی کاوشوں کی تعریف کی اور کہا کہ دو سال قبل اس مرکز کے افتتاح کے موقع پر جو وعدے اس مرکز کو چلانے کے لیے گئے تھے وہ آج سچ ثابت ہو گئے ہیں۔ اس موقع پر انہوں نے ناروے میں بسنے والی مسلم کمیونٹی سے نیوزی لینڈ میں شہید ہونے والے مسلمانوں کی تعزیت کی اور دہشتگردی کی شدید مذمت کی۔ویمن گروپ کی مرکزی صدر نادیہ خان نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ خواتین اور بچوں کے لیے ایسی سرگرمیوں کا انعقاد پاکستان سے رشتے کو مضبوط کرنا اور اردو زبان کو فروغ دینا ہے۔

 

 

Show More

Related Articles

Back to top button