DailyNewsKallar Syedan

Election campaign enters in to its final phase

پچیس جولائی کو ہونے والے عام انتخابات کے سلسلے میں امیدواروں کی انتخابی مہم آخری مراحل میں داخل ہو گئی

پچیس جولائی کو ہونے والے عام انتخابات کے سلسلے میں امیدواروں کی انتخابی مہم آخری مراحل میں داخل ہو گئی این اے 57میں سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی اور پی ٹی آئی کے صداقت عباسی کے درمیان زبردست معرکہ ہو گا اس نشست پر پیپلز پارٹی کی مرکزی رہنما مہرین انور راجہ بھی امیدوار ہیں ۔این اے58میں سابق وزیر اعظم راجہ پرویز اشرف ،مسلم لیگ ن کے راجہ جاوید اخلاص، پی ٹی آئی کے چوہدری محمد عظیم اور دیگر امیدوار ہیں مگر کلر سیداں کے قانون گو حلقہ چوآخالصہ کی چھ یوسیز میں پیپلز پارٹی کے راجہ پرویز اشرف کو بظاہر برتری حاصل ہے ماضی میں پیپلزپارٹی کو خداحافظ کہہ جانے والے لوگوں کی واپسی کے ساتھ ساتھ سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کے کیمپ میں موجود تمام افراد باری باری راجہ پرویز اشرف کی کیمپ میں شامل ہو گئے ۔حلقہ بندی تبدیل نہ ہوتی تو شاہد خاقان عباسی یہاں سے کلین سویپ کرتے مگر حلقہ بندیوں کی تبدیلیوں کے بعد یہاں کے سیاسی رہنماؤں نے بھی نئی صف بندیاں کی ہیں اور بھاری تعداد میں لوگ اپنی طویل وابستگیاں ختم کر کے راجہ پرویز اشرف کے قافلے کا حصہ بن گئے ۔اس کے باوجود اس علاقے میں مسلم لیگ ن کو کمزور قرار نہیں دیا جا سکتا پی ٹی آئی بھی یہاں سے پیش قدمی کرتی دکھائی دیتی ہے ،حلقہ این اے59میں دلچسپ صورتحال جاری ہے یہاں اس وقت آزاد امیدوار چوہدری نثار علی خان کا پلڑا بھاری دکھائی دیتا ہے ان کے دیرینہ حریف غلام سرور خان یہاں سے بھی ان کے مد مقابل ہیں جبکہ یہاں سے ن لیگ کے امیدوار انجنئیر قمر الاسلام راجہ نے جب سے مسلم لیگ ن کا ٹکٹ لیا تب سے وہ نیب کی گرفتاری میں ہیں اور انہیں ایک دن بھی الیکشن کمپین کے لیے میسر نہ ہو سکا۔یہاں پی ٹی آئی بھی بھول بھلیوں میں منزل کی تلاش میں ہے عمران خان کی مداخلت پر پی ٹی آئی نظریاتی گروپ کے امیدوار قومی اسمبلی کرنل اجمل صابر نے غلام سرور خان کی حمایت کا اعلان تو کیا ہے مگر ان کے صوبائی اسمبلی کے امیدوار چوہدری امیر افضل بدستور میدان میں ہیں پی ٹی آئی نے یہاں نوید سلطانہ کو امیدوار نامزد کیا مگر غلام سرور نے آزاد امیدوار چوہدری محمد افضل انتخابی نشان بالٹی کو اپنے پینل میں شامل کر رکھا ہے ۔این اے57میں مقابلہ مسلم لیگ ن کے شاہد خاقان عباسی اور پی ٹی آئی کے صداقت عباسی کے درمیان ہو گا جبکہ این اے58میں پیپلز پارٹی کے راجہ پرویز اشرف تاحال فیورٹ قرار پائے ہیں اور ان کے قافلے میں لوگوں کی آمد کا سلسلہ بدستور جاری ہے ، این اے59میں مقابلہ آزاد امیدوار چوہدری نثار علی خان اور غلام سرور خان کے درمیان ہو گابظاہر چوہدری نثار علی خان کا پلڑہ بھاری ہے ۔

تبدیلی کے گمراہ کن نعروں سے متاثر ہونے کی بجائے صرف نواز شریف کے نامزد شیروں کو ہی کامیاب کریں

مسلم لیگ ن کے چیئر مین سینیٹر راجہ محمد ظفر الحق نے کہا ہے کہ پاکستان اسلام کے نام پر معرض وجود میں آیا اس کی ترقی اور خوشحالی بھی اسلامی جمہوریہ پاکستان میں ہے ۔آئین میں قرار دیا جا چکا ہے کہ کوئی بھی قانون قرآن اور سنت کے منافی نہیں بنایا جا سکتا ۔انہوں نے کلر سیداں کے مختلف علاقوں میں انتخابی اجتماعات سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مسلم لیگ ن تمام تر مشکلات اور دباؤ کے باوجود انتخابات میں حصہ لے رہی ہے غیور عوام انتہائی تکلیف دہ حالات میں بھی نواز شریف کے قافلے کا حصہ ہیں ۔لوگ سمجھتے ہیں کہ نواز شریف کا موقف اور بیانیہ پوری قوم کا ترجمان ہے ہم سب کو من پسند حکومتیں لانے کے بجائے لوگوں کو آزادنہ طور پر فیصلہ کرنے کا حق دیا جائے ۔مسلم لیگ ن کی انتخابی مہم میں روڑے اٹکائے جا رہے ہیں مگر مسلم لیگ ن ہر صورت انتخابات میں حصہ لے گی ۔انہوں نے لوگوں پر زور دیا کہ وہ ملک کی ترقی اور خوشحالی کے لیے تبدیلی کے گمراہ کن نعروں سے متاثر ہونے کی بجائے صرف نواز شریف کے نامزد شیروں کو ہی کامیاب کریں ۔

پی ٹی آئی کے امیدواروں کو بھاری اکثریت سے کامیا ب کریں, غلام مرتضیٰ ستی

پی ٹی آئی حلقہ پی پی7کے امیدوار سابق رکن قومی اسمبلی غلام مرتضیٰ ستی نے کہا ہے کہ عوام پچیس جولائی کو ملک کے فرسودہ نظام سے نجات حاصل کرنے کیلیے پی ٹی آئی کے امیدواروں کو بھاری اکثریت سے کامیا ب کریں ۔انہوں نے کلر سیداں ،درکالی معموری اور نواحی دیہات میں اجتماعات سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کرپشن نے ملک کو کنگال کر دیا ہے لاکھوں بچے مدارس نہیں جاتے اکثریت کو تعلیمی اور طبی سہولیات میسر نہیں بلدیات بے اختیار ہے ان تمام خرابیوں سے نجات حاصل کرنے کے لیے عوام پچیس جولائی کو بلے کے نشان پر مہر لگا کر اپنی سیاسی بیداری کا ثبوت دیں ۔عمران خان وزیر اعظم منتخب ہو کر انقلابی تبدیلیاں لائیں گے جس سے عام افراد کی زندگیوں پر مثبت اثرات مرتب ہوں گے ۔

مرید چوک کلر سیداں میں بابو راجہ نمبردار محمود کی صدارت میں منعقد ہ اجتماع

حلقہ پی پی 7سے آزاد امیدوار راجہ صغیر احمد نے کہا ہے کہ پانچ برس تک کام نہ ہونے کے رونا رونے کے بجائے پچیس جولائی کو بالٹی کے نشان پر مہر لگا کر سرخرو ہوں ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے مرید چوک کلر سیداں میں بابو راجہ نمبردار محمود کی صدارت میں منعقد ہ اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا اس موقع پر رکن بلدیہ محمد حنیف بھی موجود تھے۔راجہ صغیر احمد نے کہا کہ وہ برسوں سے حلقہ میں موجود ہیں لوگوں کے دکھ درد میں شریک رہے ایسی کوئی بھی بستی نہیں جہاں ان کے برادرانہ مراسم نہ ہوں میری سیاست کسی منصب کے لیے نہیں میں کامیاب ہو کر لوگوں کی محرومیوں کا ازالہ کرنا چاہتا ہوں ۔عوام ماضی کے بتوں کو پاش پاش کریں مومن ایک سوراخ سے دو بار نہیں ڈستا اب وقت آ گیا ہے کہ لوگ اپنے بہتر مستقبل کے لیے پرچی کے ذریعے درست فیصلہ کریں تاکہ انہیں کل پچھتانہ نہ پڑے۔

راجہ پرویز اشرف آج  ڈھوک ڈھکی کور،نلہ مسلماناں انتخابی اجتماعات سے خطاب کریں گے

سابق وزیر اعظم راجہ پرویز اشرف آج بروز جمعرات دن گیارہ بجے ڈھوک ڈھکی کور نصیب تین بجے ،نلہ مسلماناں پانچ بجے شام انتخابی اجتماعات سے خطاب کریں گے جہاں مسلم لیگ ن سے تعلق رکھنے والے افراد ان کے میزبان ہوں گے اور وہ انتخابات میں ان کی حمایت کا اعلان کریں گے

مسلم لیگ ن بھلاکھر کے زیر اہتمام الیکشن آفس کی افتتاحی تقریب

مسلم لیگ ن بھلاکھر کے زیر اہتمام الیکشن آفس کی افتتاحی تقریب آج بروز جمعرات شام سات بجے بھلاکھر میں ہو گی جس میں سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کے فرزند نادر شاہد عباسی ،انجنئیر قمر الاسلام راجہ کے فرزند سالار اسلام اور پیر خضر حسین شاہ مہمانان خصوصی ہوں گے ۔تقریب کا اہتمام صفدر حسین کیانی،چوہدری نذیر آرائیں نے کیا ہے ۔

چوہدری نثار علی خان ہفتہ کے روز کلر سیداں روڈ ڈھوک میجر میں انتخابی اجتما ع سے خطاب کریں گے

سابق وزیر داخلہ این اے59پی پی 10سے آزاد امیدوار چوہدری نثار علی خان ہفتہ کے روز کلر سیداں روڈ ڈھوک میجر میں انتخابی اجتما ع سے خطاب کریں گے ۔

 

 

Show More

Related Articles

Back to top button