DailyNews

Rawalpindi; Dengue virus situation getting worse as 77 more patients are admitted in hospitals

راولپنڈی میں ڈینگی کی صورتحال خراب، مزید 77 شہری وباء کا شکار

راولپنڈی میں ڈینگی کےباعث مزید دو بھائی جاں بحق ہوگئے،دونوں بھائی جڑواں تھے۔ سعد بن سعید اور سعود بن سعید 18 اگست کو ڈینگی فیور میں مبتلا ہوئے اور 19 اور 20 اگست کو دم توڑ گئے۔ سعد کا ایک ماہ کا بیٹا اور سعود کی دو ہفتوں کی ایک بیٹی ہے۔ دونوں گلبہار کالونی کے رہائشی تھے۔اس حوالے سے ضلعی انتظامیہ سے رابطہ کیا گیا تو ذرائع نےکہا کہ ہمارے علم میں نہیں محکمہ ہیلتھ والوں سے تفصیلات طلب کی ہیں جبکہ ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی والوں نےکوئی جواب نہیں دیا ۔ذرائع کے مطابق راولپنڈی میں ڈینگی کے باعث اموات بڑھ رہی ہیں لیکن انتظامیہ تصدیق کرنے کی بجائےخاموشی اختیار کئے ہوئےہے۔ ذرائع کے مطابق راولپنڈی میں ڈینگی مچھر سے بچنا مشکل ہوگیاگزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران مزید 77 شہری ڈینگی بخار میں مبتلا ہوگئے جس سے مریضوں کی تعداد880 تک پہنچ گئی۔ذرائع کے مطابق ڈینگی مچھر مارنے کے تمام اقدامات بے نتیجہ ثابت ہونے پر انتظامیہ میں بھی تشویش ہے۔ادھرضلعی انتظامیہ کی طرف سے جاری تفصیلات کے مطابق راولپنڈی کے ہسپتالوں میں 2019 کل820 مریض آ چکے ہیں جن میں سے 170مریض اس وقت ہسپتال میں داخل ہیں۔ ڈینگی کی تشویش ناک صورتحال کے باعث پیر کومشیر وزیر اعلی پنجاب برائے صحت محمدحنیف خان
پتافی نے بھی ڈپٹی کمشنر آفس میں اجلاس کی صدارت کرکے صورتحال کا جائزہ لیا۔ ہولی فیملی ہسپتال راولپنڈی میں دو ستمبر کو ڈینگی وارڈ میں 126مریض داخل ہوئے جن میں سے 99پازیٹو نکلے۔ دریں اثناء مشیر وزیراعلٰی پنجاب برائے صحت محمد حنیف خان پتافی نے راولپنڈی میں ڈینگی کے مریضوں کی بڑھتی ہوئی تعداد کے پیش نظر حساس یونین کونسلوں اور راولپنڈی کے تین بڑے سرکاری ہسپتالوں کا بھی دورہ کیا ۔ انہوں نے ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن کے چیئرمین ڈاکٹر شعیب تارڑکی سربراہی میں عہدیداروں کے وفد سے مذاکرات کئے- مشیر صحت نے اس موقع پر وفد کو سکیورٹی بل کی ایک سے ڈیڑھ ماہ میں منظوری کی یقین دہانی کرائی جس پر وائی ڈی اے نے ہڑتال ختم کرنے کا اعلان کیا اورایسوسی ایشن کی طرف سے بدھ کے روز پنجاب بھر میں ہڑتال کی کال واپس لے لی۔

 

Show More

Related Articles

Back to top button