DailyNewsOverseas news

Norway; Millad celebrated by Bazm e Naqshband Oslo

ادب و مقام مصطفیﷺ کو سمجھنے کے لیے قرآن کریم کا مطالعہ ضروری ہے۔ڈاکٹر فضل حنان سعیدی

بزم نقشبند اوسلو کے مرکز پر میلاد مصطفیﷺ کانفرنس کو نہایت ہی عقیدت و احترام سے منایا گیا اورمرکز کو بہت ہی خوبصورت انداز میں رنگ برنگی جھنڈیوں غباروں ،پھولوں اور لائٹس سے سجایا گیا تھا۔ میلاد النبی ﷺ کانفرنس میں بڑی تعداد میں عاشقان رسولﷺ نے شرکت کی۔پروگرام کا آغاز قاری نور علی سیالوی نے تلاوت قرآن پاک سے کیا ۔ حضور نبی کریم ﷺ کی بارگاہ اقدس میں عقیدتوں کے پھول ظفر اقبال خان، یسین سعید اور پاکستان سے تشریف لائے ہوئے معروف مہمان نعت خواں عابد معصومی نے نچاور کیے۔ حاضرین اپنے جذبات کا اظہار نعرہ تکبیر و رسالتﷺ سے کرتے رہے۔میلاد کانفرنس کے مہمان خصوصی پاکستان سے تشریف لائے ہوئے ڈاکٹر علامہ فضل حنان سعیدی تھے ۔ انہوں نے خوبصورت انداز میں نہایت مدلل خطاب کیا جس میں انہوں نے ادب مصطفی ﷺ اور مقام مصطفی ﷺ کو قرآن و حدیث سے اجاگر کیا۔انہوں نے کہا کہ اللہ رب العزت نے جب بھی آقائے دو جہاں ﷺ کو مخاطب فرمایا تو انداز خطاب اور اسلوب قرآن بدل گیا۔ حضور نبی کریم ﷺ کو ذاتی نام مبارک کی بجائے مختلف صفات و القابات سے مخاطب کیا ۔ کبھی یا ایھا النبی، یا ایھالرسول فرما کر اپنے محبوب کو یاد کیا گویا حضور ﷺ کی تعظیم و تکریم اور توقیر بجا لانا تعلیمات قرآن کی تعمیل ہے۔ علامہ وقار علی نے بھی میلاد النبی ﷺ کے حوالے سے خطاب کیا۔ میلاد کانفرنس میں اوسلو اور گرد ونواح سے علمائے کرام نے بھرپور شرکت کی۔پروگرام کی نقابت کے فرائض بزم نقشبند کے امام و خطیب علامہ نصیر احمد نوری نے احسن انداز میں سر انجام دئیے۔ پروگرام کا اختتام درود و سلام سے کیا گیا اورمہمانوں کی تواضع کے لیے میلاد ضیافت کا بہترین انتظام و انصرام کیا گیا تھا۔

 

Show More

Related Articles

Back to top button