DailyNews

Rawalpindi; Protest over Districts authorities registered case against union council chairmen

یونین کونسلوں کے چیئر مینوں پر ضلعی انتظامیہ کی جانب سے کئے گئے پرچوں پر شدید ہنگامہ

وفاقی دارالحکومت کی میٹروپولیٹن کارپوریشن کے اجلاس کے دوران مویشی منڈیوں کے معاملے پر یونین کونسلوں کے چیئر مینوں پر ضلعی انتظامیہ کی جانب سے کئے گئے پرچوں پر شدید ہنگامہ آرائی ہوئی۔اراکین نے آئندہ اجلاس میں ڈپٹی کمشنر کو طلب کرنے کا مطالبہ کیا بصورت دیگر کمشنر آفس کے باہر احتجاج کرنے کی دھمکی دی گئی۔اراکین نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ نے مویشی منڈیاں نیلام کر کے کارپوریشن کے اختیارات میں مداخلت کی ۔دوسری جانب میئر اسلام آباد اور چیف میٹروآفیسر نے سابقہ حکومت ،وفاقی ترقیاتی ادارہ،چیئر مین سی ڈی اے،سی ڈی اے لیبر ومزدور یونین ،بیوروکریسی،وزارت داخلہ ،وزارت فنانس پر کڑی تنقید کی، جبکہ اراکین ایوان کی جانب سے میئر اسلام آباد،چیف میٹروآفیسر ،سی ڈی اے افسران پر تنقید کرتے ہوئے انہیں آڑے ہاتھوں لیا گیا۔چیف میٹروآفیسر سید نجف اقبال نے کہا کہ چیئر مین سی ڈی اے عشرت علی سی ڈی اے مزدور اورلیبر یونین کی ایماء پر اثاثہ جات اورفنگشنز کی کارپوریشن کو منتقلی پر مسلسل وزارت داخلہ اور کیڈ کی میٹنگز میں غلط بیانی کررہے ہیں ۔ فنڈز اوربجٹ کے حصول کیلئے وزارت فنانس کومتعددبار لکھا مگر ہر بار سمری مسترد ہو کر واپس آگئی،ہمارے پاس ایک روپیہ بھی نہیں ، تھوڑی رقم کیلئے بھی سی ڈی اے
کو کہنا پڑتا ہے،ضلعی انتظامیہ کو شہربھر میں پانی کے غیر قانونی کنکشنز کے خلاف کارروائی کیلئے مراسلہ تحریر کیاجاچکا ہے۔ بدھ کو ایم سی آئی کا 26واں ماہانہ اجلاس پاک چائنہ فرینڈ شپ سنٹر میں میئرشیخ انصرعزیز کی زیر صدارت ہوا ۔اجلاس میں طے شدہ ایجنڈا پوائٹس کی بجائے شہر میں پانی کی قلت،تجاوزات ،گندگی،رولز آف بزنس،شیڈول آف اسٹیبلشمنٹ ،اراکین کارپوریشن پر پرچو سمیت دیگر امور زیر بحث رہے۔دوران اجلاس دیہی یونین کونسلوں کے چیئر مینوں نے دیہی یوسیز کے مسائل کو ایجنڈے کا حصہ نہ بنانے پر احتجاج کیااورآئندہ اجلاس میں نہ آنے کی دھمکیاں دیں۔اجلاس کے دوران کارپوریشن کے ممبر اور(ن)لیگی چیئر مین چوہدری منظور نے ایوان کو آگاہ کیا کہ اپنی یونین کونسل میں مویشی منڈی لگانے کے معاملہ پر میرے اور میرے بیٹے کے خلاف عید والے دن ضلعی انتظامیہ نے پرچہ دے دیا میں مسلسل چیف میٹروآفیسر کو فون کرتا رہا مگر انہوں نے فون تک سننا گوارہ نہیں کیا اگر یہ کارپوریشن سے تنگ ہیں تو اپنا تبادلہ کروالیں ۔ہاؤس کے تمام ممبران نے اپنی نشتوں پر کھڑے ہو کر احتجاج اورنعرے بازی کی ۔اراکین نے کہا کہ مویشی منڈیاں نیلام کرنا اورلگانا کارپوریشن کا کام ہے ضلعی انتظامیہ نے مویشی منڈیاں ازخود لگا کر ہمارے اختیارات میں مداخلت کی ۔چیف میٹروآفیسر نے ایوان کو آگا ہ کیا کہ بیوروکریسی ہمیں کام نہیں کرنے دے رہی ہم جو بھی کام کرتے ہیں اس کی راہ میں روڑے اٹکادیئے جاتے ہیں۔بدقسمتی سے سابق حکومت نے کارپوریشن کو سنجیدگی سے ہی نہیں لیا ،نہ بااختیار کیاگیا اور نہ ہی بجٹ دیاگیا۔چیف میٹروآفیسر نے شہر بھر میں پانی کے غیر قانونی کنکشنز کا اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ غیر قانونی کنکشنز کے خلاف کاروائی کا فیصلہ کرلیا ہے جس کیلیے مراسلہ ڈپٹی کمشنر کو تحریر کردیاہے،پانی کی چوری اور لیکج کی مدمیں 47 فیصد سے زائد پانی ضائع ہو رہا ہے۔14 ارب روپے کا فنڈ پی ایس ڈی پی میں مختص کیا جاچکا ہے۔دوران اجلاس قاضی تنویر کی جانب سے گستاخانہ خاکوں کے خلاف مذمتی قرارداد پیش کردی گئی جس کو تمام اراکین نے متفقہ طور پر منظور کیا ۔

Rawalpindi; Their was uproar and protest at Districts authorities registered case against union council chairmen over cattle markets.

 

Show More

Related Articles

Back to top button