DailyNewsKallar Syedan

Mirza Abbass Assad of Deri Mirzian arrested in possession of alcohol

کلر سیداں پولیس نے رنگ میں بھنگ ڈال دیا راولپنڈی سے شراب لانے والے کو گرفتار

کلر سیداں پولیس نے رنگ میں بھنگ ڈال دیا راولپنڈی سے شراب لانے والے کو گرفتار کر کے 15 کپی دیسی شراب برآمد کر کے مقدمہ درج کر لیا۔پولیس کو اطلاع ملی تھی کہ ایک شخص شاہ باغ بازار کی جانب سے پیدل آ رہا ہے اور اس نے نیلے رنگ کا شاپنگ بیگ اٹھایا ہوا ہے جس پر پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے منشیات فروش کو قابو کرکے دوران تلاشی ملزم کے شاپنگ بیگ سے 15 کپی دیسی شراب برآمد کر لی۔پولیس کے مطابق منشیات فروش مرزا عباس اسد سکنہ ڈھیری مرزیاں(کلر سیداں) نے شراب راولپنڈی سے خریدی تھی اور اپنے گھر لے جا رہا تھا جہاں اس نے اپنے مخصوص گاہکوں میں فروخت کرنا تھی کہ پولیس کے ہتھے چڑھ گیا۔ملزم گزشتہ پانچ برسوں سے منشیات فروشی کا کاروبار کرتا ہے اور خود بھی نشے کا عادی بتایا جاتا ہے۔

 بیوپاریوں کے روپ میں گاڑی بک کرنے والے ڈرائیور کو باندھ کرگاڑی چھین کر فرار ہو گئے

بیوپاریوں کے روپ میں گاڑی بک کرنے والے ڈرائیور کو باندھ کرگاڑی چھین کر فرار ہو گئے ،ملزمان نے روات سے کہوٹہ کے لیے یہ کہہ کر گاڑی بک کرائی کہ وہ کہوٹہ سے اسلام آباد بکرے لے کر جائیں گے ۔وہ گاڑی میں بیٹھ کر کہوٹہ کی سمت جا رہے تھے کہ بھورہ حیال کے ویرانے میں انہوں نے گاڑی روکنے کو کہا اور اس کے ساتھ ہی گاڑی میں موجود دونوں افراد ڈرائیور پر پل پڑے انہوں نے ڈرائیور کو شدید تشدد کا نشانہ بنایا اسے رسیوں سے باندھ کر پھینک دیا اور خود گاڑی لے کر فرار ہو گئے ۔

بلدیہ کلر سیداں نے تجاوزات کے نام پر شلغموں سے مٹی جھاڑ دی

بلدیہ کلر سیداں نے تجاوزات کے نام پر شلغموں سے مٹی جھاڑ دی،گزشتہ روز بلدیہ کلر سیداں نے اندرون شہر آمدورفت میں رکاوٹ پیدا کرنے والے ریڑھی بانوں کے خلاف آپریشن کیا اور بارہ ریڑھی بانوں کو ریڑھیوں سمیت بلدیہ دفتر منتقل کر دیا گیا۔ریڑھی بانوں کی بلدیہ دفتر میں منتقلی سے قبل ہی سفارشی عناصر حرکت میں آ گئے ان میں وہ لوگ بھی پیش پیش تھے جنہوں نے اس کام کے لیے ریڑھیاں کرائے پر دے رکھی ہیں اور وہ ہر بار ریڑھی بانوں کی حمایت میں نکل پڑتے ہیں ۔بلدیہ کلر سیداں نے اپنے ہی جاری آپریشن کو بری طرح سے ناکام کر دیا اور چند ہی گھنٹوں بعد تمام ریڑھی بانوں کو باعزت واپس لوٹا دیا گیا جس کے ساتھ ہی ریڑھی بان واپس بازاروں میں آ کر عین اسی جگہ پھر کھڑے ہو گئے جہاں سے انہیں حراست میں لیا گیا تھا ۔اس طرح بلدیہ کلر سیداں ایک بارپھر قانون کے نفاذ میں بری طرح سے ناکام ہوئی ہے 

ساگری میں شادی کی تقریب میں اندھا دھند فائرنگ ،روات پولیس تماشائی بنی رہی

ساگری میں شادی کی تقریب میں اندھا دھند فائرنگ ،روات پولیس تماشائی بنی رہی ۔ملک اشتیاق احمد نے بتایا کہ گزشتہ شب ساگری میں شادی کی ایک تقریب میں اندھا دھند فائرنگ کی گئی اور یہ سلسلہ رات دو بجے کے بعد تک بھی جاری رہا جس سے مریضوں اور بچوں کو خوفناک صورتحال کا سامنا کرنا پڑا روات پولیس اس سارے عمل میں شریک جرم رہی اور اس نے بے تحاشہ فائرنگ کرنے والوں کے خلاف کوئی کاروائی نہ کی ۔

پنجاب پولیس کے ریٹائرڈ انسپکٹر ملک ممتاز حسین حرکت قلب بند ہونے سے انتقال کر گئے

پنجاب پولیس کے ریٹائرڈ انسپکٹر ملک ممتاز حسین حرکت قلب بند ہونے سے انتقال کر گئے جنازہ آج بروز اتوار دن ساڑھے گیارہ بجے گلی نمبر2گلزار قائد چکلالہ سکیم نمبر3سے اٹھایا جائے گا۔

Show More

Related Articles

Back to top button