DailyNewsKallar Syedan

Ch Nisar Ali Khan to seek party ticket

چوہدری نثا رعلی خان آئندہ انتخابات میں ن لیگ کے ٹکٹ جاری کرنے والے افراد میں سے ہوں گے

سابق وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثا ر علی خان کو آئندہ انتخابات میں پارٹی ٹکٹ دیا جائے گا یا نہیں یہ بحث اب ختم ہو گئی ،چوہدری نثار علی خان ن لیگ کے امیدواروں میں ٹکٹ دینے والوں میں شامل ہوں گے ان کا نام مسلم لیگ ن کے پارلیمانی بورڈ میں شامل کر دیا گیا ۔نوا ز شریف ،میاں شہباز شریف، راجہ محمد ظفر الحق،احسن اقبال، چوہدری نثار علی خان ،خواجہ سعد رفیق ،عشرت اشرف بورڈ میں شامل ہوں گے ۔چوہدری نثار علی خان کی مسلم لیگ ن پارلیمانی بور ڈ میں شمولیت سے یہ بحث اب ختم ہو جانی چاہئیے کہ وہ آزاد حیثیت میں الیکشن لڑیں گے بلکہ چوہدری نثا رعلی خان آئندہ انتخابات میں ن لیگ کے ٹکٹ جاری کرنے والے افراد میں سے ہوں گے ۔

دوسرے روز بھی کلر سیداں اور گردونواح میں بجلی کا نظام معمول پر نہ لایا جا سکا

دوسرے روز بھی کلر سیداں اور گردونواح میں بجلی کا نظام معمول پر نہ لایا جا سکا،لوڈ شیڈنگ سے روز داروں کے علاوہ مریضوں ،معمر افراد اور کاروباری لوگوں کو بھی مشکلات کا سامنا ہے ۔گزشتہ روز کی بدترین لوڈ شیڈنگ کے بعد دوسرے روز بھی آئیسکو حکام بجلی کے ترسیلی نظام کو معمول پر لانے میں بدستور ناکام رہے ،بجلی کی گھنٹوں بندش سے روز داروں اور کاروباری افراد کو بھی دشواریوں کا سامنا ہے اور حکومت رمضا ن میں لوڈ شیڈنگ نہ کرنے کے اعلان پر عمل درآمد کرانے میں مکمل طور پر ناکام ہے ۔

شیخ عبدالقدوس نے حلقہ پی پی 7کلر سیداں کہوٹہ سے آزاد حیثیت میں الیکشن لڑنے کا عندیہ دیا ہے

چیئر مین بلدیہ کلر سیداں شیخ عبدالقدوس نے حلقہ پی پی 7کلر سیداں کہوٹہ سے آزاد حیثیت میں الیکشن لڑنے کا عندیہ دیا ہے انہوں نے ایک اخباری بیان میں کہا ہے کہ اگر سابق وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے انہیں اجازت دی تو وہ پی پی 7کلر سیداں کہوٹہ سے آزاد حیثیت میں الیکشن لڑیں گے۔انہوں نے کہا کہ تحصیل کلر سیداں کو تین حلقوں میں تقسیم کر کے یہاں کے لوگوں کو حق نمائندگی سے محروم کر دیا گیا میرے فیصلے ہمیشہ کی طرح آج بھی چوہدری نثار علی خان کے ساتھ مشروط ہیں۔چوہدری نثار علی خان ہمارے دلوں سے کبھی نکل نہیں سکتے ہم چوہدری نثار علی خان کے تمام حلقوں میں ان کی انتخابی مہم چلائیں گے اور ارکان بلدیہ اس عمل میں میرے ہمراہ ہوں گے ۔

نواز شریف کا راستہ روکنے والے قومی ترقی کے مخالف ہیں,محمد ظریف راجا

 مسلم لیگ ن کے رہنما محمد ظریف راجا نے کہا ہے کہ ملک نے نواز شریف کی ولولہ انگیز قیادت میں بڑی ترقی کی مگر ہم لوگ نواز شریف کو ان کی جدو جہد کا صلہ نہ دے سکے ،انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نواز شریف وزیر اعظم نہ ہوتے تو سی پیک مکمل نہ ہوتا دہشتگردی کی لعنت کا خاتمہ بھی ممکن نہ ہوتا ۔نوا زشریف نے دن رات محنت کر کے ملک کو بحرانوں سے نکالا بجلی کے کارخانے قائم کئیے گئے اب ضرورت سے زائد بجلی موجود ہے مگر ملک کا صدیوں پرانا ترسیلی نظام ناکارہ ہو چکا ہے پیداوار میں اضافے او ر ترسیلی نظام کو ایک ساتھ تبدیل کرنا ممکن نہیں تھا ۔انہوں نے کہا کہ نوا زشریف کی جدوجہد کو تاریخ ہمیشہ سنہری حروف سے لکھے گی ،نواز شریف کا راستہ روکنے والے قومی ترقی کے مخالف ہیں اور وہ کسی اور کے ایجنڈے پر کام کر رہے ہیں ۔

پنجاب حکومت سے پل کی ترجیح بنیادوں پر مرمت کا مطالبہ

کلر سیداں پل کو منہدم ہونے سے قبل اس کی مرمت کر کے کسی بڑے حادثے کو ٹالا جا سکتا ہے ،پی ٹی آئی کے رہنما سابق ٹاؤن ناظم حافظ سہیل اشرف ملک ،مسلم لیگ ن کلر سیداں سٹی کے صدر شیخ خورشید احمد نے الگ الگ بیانات میں کہا کہ شہر کے وسط میں نالہ کانسی کے پل نے برسوں سے خطرناک صورتحال اختیار کر رکھی ہے ڈائریکٹر بریجز نے برسوں قبل دورہ کر کے اس کے لیے فنڈز مہیا کرنے کا وعدہ کیا تھا مگر آج تک فنڈز کا اجرا نہ کیا جا سکا،پنجاب ہائی وے نے بھی اس کی مرمت کرنے کے بجائے بھاری گاڑیوں کا داخلہ منع ہے کا علامتی بورڈ نصب کر کے جان چھڑا لی۔پل کے زیر زمین ستون لوگوں کی جانب سے کھدائی کرنے کے باعث سامنے آ چکے ہیں سریا لڑھک رہا ہے اور پل کسی بھی وقت زمین بوس ہو کر کسی بڑے حادثے کا موجب بن سکتا ہے ،انہوں نے پنجاب حکومت سے پل کی ترجیح بنیادوں پر مرمت کا مطالبہ کیا ہے ۔

چوکپنڈوری میں 08 سبزی و فروٹ فروشوں کیخلاف کارروائی

 سپیشل پرائس مجسٹریٹ منصور احمد مرزا نے چوکپنڈوری میں 08 سبزی و فروٹ فروشوں کیخلاف کارروائی کرتے ہوئے مجموعی طور پر آٹھ ہزار روپے جرمانہ عائد کر دیا۔دریں اثناء کلر سیداں میں ایک دہی فروش 110 روپے کلو کے حساب سے دہی فروخت کر رہا ہے جسے دو ہزار روپے جرمانہ کیا گیا۔

کلر سیداں کے نجی بینک کے منیجر راجہ محمود کیانی سے ان کے بہنوئی کی وفات پر دلی تعزیت

چیئر مین یوسی نلہ مسلماناں چوہدری شفقت محمود، سابق ٹاؤن ناظم حافظ سہیل اشر ف ملک، محمد مسعود بھٹی ، اکرام الحق قریشی، محمد توفیق عباسی نے کلر سیداں کے نجی بینک کے منیجر راجہ محمود کیانی سے ان کے بہنوئی کی وفات پر دلی تعزیت کا اظہار کیا ہے ۔

Show More

Related Articles

Back to top button