21 September 2026DailyNewsHeadlineOverseas newsPothwar.com
Sharjah Hosts Farewell Luncheon Honoring Raja Abdul Ghafoor
شارجہ; راجہ عبدالغفور عرف لالہ غفور کے اعزاز میں شارجہ میں پروقار ظہرانہ

شارجہ /کلر سیداں (پوٹھوار ڈاٹ کام — اکرام الحق قریشی |21 ستمبر 2026)— پوٹھوہار کمیونٹی یو اے ای کے زیرِ اہتمام متحدہ عرب امارات میں 31 سالہ طویل قیام کے بعد ریٹائرمنٹ لے کر مستقل طور پر پاکستان واپس جانے والے معروف سماجی و کمیونٹی رہنما راجہ عبدالغفور عرف لالہ غفور کے اعزاز میں شارجہ کے معروف ریسٹورینٹ النوّاب میں ایک پُروقار اور یادگار ظہرانے کا اہتمام کیا گیا۔
جس میں خطۂ پوٹھوہار سے تعلق رکھنے والی نمایاں سماجی، کاروباری اور کمیونٹی شخصیات کے علاوہ پاکستانی کمیونٹی کے مختلف شعبہ ہائے زندگی سے وابستہ افراد اور دوست احباب نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ تقریب کا ماحول محبت، اپنائیت اور جذبات سے بھرپور تھا اور شرکاء نے لالہ غفور کے ساتھ گزارے گئے طویل عرصے اور ان کی کمیونٹی خدمات سے متعلق اپنی یادیں بھی تازہ کیں۔اس موقع پر مقررین نے راجہ عبدالغفور عرف لالہ غفور کی متحدہ عرب امارات میں 31 سالہ خدمات کو شاندار الفاظ میں خراجِ تحسین پیش کیا۔ مقررین کا کہنا تھا کہ لالہ غفور نے اپنی زندگی کا ایک بڑا حصہ امارات میں گزارا اور اس دوران ہمیشہ پاکستانی کمیونٹی کی بے لوث خدمت، باہمی اتحاد، بھائی چارے اور اجتماعی سرگرمیوں کے فروغ کے لیے اپنا کردار ادا کیا۔شرکاء نے کہا کہ لالہ غفور کی شخصیت ہمیشہ ملنساری، خلوص، محبت اور خدمتِ خلق سے عبارت رہی۔ انہوں نے ذاتی مفادات سے بالاتر ہو کر کمیونٹی کے اجتماعی مفاد کو ترجیح دی اور ضرورت کے وقت دوستوں اور کمیونٹی کے افراد کی مدد میں پیش پیش رہے۔مقررین نے خصوصاً پاکستان پائندہ باد تنظیم کے پلیٹ فارم سے ان کی خدمات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ لالہ غفور نے پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے قومی دنوں کے موقع پر متعدد شاندار، منظم اور یادگار تقریبات کا انعقاد کیا۔ ان تقریبات میں دونوں ممالک سے محبت، باہمی احترام، قومی یکجہتی اور بھائی چارے کا پیغام اجاگر کیا جاتا رہا۔ان کا کہنا تھا کہ ان سرگرمیوں کے ذریعے نہ صرف پاکستانی ثقافت، روایات اور قومی تشخص کو نمایاں کیا گیا بلکہ متحدہ عرب امارات اور پاکستانی کمیونٹی کے درمیان تعلقات کو مضبوط بنانے میں بھی مثبت کردار ادا کیا گیا۔ مقررین نے کہا کہ لالہ غفور نے دونوں کمیونٹیز کے درمیان ایک مؤثر پل کا کردار ادا کیا اور یہی ان کی سماجی خدمات کا نمایاں پہلو ہے۔تقریب سے راجہ عابد، عبدالرحمن رضا، مصطفیٰ مغل، مجید مغل، میاں منیر ہانس، حاجی یاسین، سہیل خاور اور دیگر مقررین نے خطاب کیا۔ انہوں نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ لالہ غفور ایک ایسی شخصیت ہیں جنہوں نے کئی دہائیوں تک اپنی محبت، خلوص، دوستی اور کمیونٹی سرگرمیوں کے ذریعے اپنے لیے ایک منفرد مقام بنایا۔مقررین کا کہنا تھا کہ کسی بھی معاشرے یا کمیونٹی کی اصل طاقت وہ افراد ہوتے ہیں جو خاموشی سے دوسروں کے لیے آسانیاں پیدا کرتے ہیں اور لوگوں کو ایک دوسرے کے قریب لاتے ہیں۔ لالہ غفور نے اپنی طویل قیام کے دوران اسی جذبے کے ساتھ کام کیا اور ہر خوشی اور مشکل کے موقع پر کمیونٹی کے ساتھ کھڑے رہے۔اس موقع پر راجہ عبدالغفور عرف لالہ غفور نے اپنے اعزاز میں منعقدہ تقریب پر پوٹھوہار کمیونٹی یو اے ای اور تمام شرکاء کا شکریہ ادا کیا۔تقریب کے اختتام پر راجہ عبدالغفور عرف لالہ غفور کو شرکاء کی جانب سے پھولوں کے خوبصورت گلدستے پیش کیے گئے، جبکہ پوٹھوہار کمیونٹی یو اے ای کی طرف سے ان کی سماجی و کمیونٹی خدمات کے اعتراف میں یادگاری شیلڈ اور خصوصی پورٹریٹ بھی پیش کیا گیا۔




