22 July 2026DailyNewsHeadlineOverseas newsPothwar.com
London: Mohammed Hasan Dies After being shot dead in Bradford
بریڈفورڈ فائرنگ واقعہ: 28 سالہ محمد حسن زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق
لندن ( پوٹھوار ڈاٹ کام – محمد نصیر راجہ، 22 جولائی 2026) – ویسٹ باؤلنگ کے علاقے میں فائرنگ کے واقعے میں شدید زخمی ہونے والا 28 سالہ محمد حسن اتوار کے روز زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔ پولیس کے مطابق محمد حسن کو 8 جولائی کی شب گیتھورن روڈ، پارسنَج روڈ کے چوک کے قریب شدید زخمی حالت میں پایا گیا تھا۔
ویسٹ یارکشائر پولیس کے مطابق واقعے کی تحقیقات جاری ہیں، جبکہ پولیس کو اب بھی 24 سالہ لقمان خان ساکن بریڈفورڈ کی تلاش ہے، جو مبینہ طور پر اس کیس کے سلسلے میں مطلوب ہے۔ پولیس ترجمان کے مطابق شبہ ہے کہ لقمان خان سفوک چلا گیا ہے اور ممکنہ طور پر آئیپس وچ یا فیلکس اسٹو کے علاقوں میں موجود ہو سکتا ہے۔
محمد حسن کے اہل خانہ نے اپنے بیان میں انہیں ایک “محبت کرنے والا شوہر، والد، بیٹا اور بھائی” قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان کی موت خاندان اور برادری کے لیے ایک بڑا صدمہ ہے۔
اہل خانہ نے کہا کہ محمد حسن ہر محفل کی جان ہوا کرتے تھے اور جہاں بھی جاتے، خوشیاں بکھیر دیتے تھے۔ ان کے بیان میں کہا گیا:
“وہ ہر اس شخص کو یاد آئیں گے جو انہیں جانتا تھا۔ ان کی کمی خاندان اور پوری کمیونٹی کو محسوس ہوگی۔”
اہل خانہ نے مزید کہا کہ زندگی کی قدر کو اکثر نظر انداز کر دیا جاتا ہے، اور کمیونٹیز کو مل کر کام کرنا چاہیے تاکہ مستقبل میں ایسے واقعات کی روک تھام ممکن ہو سکے۔
پولیس کے مطابق فائرنگ کا واقعہ رات تقریباً 11 بجے پیش آیا، جس کے بعد اب تک 9 افراد کو گرفتار کیا جا چکا ہے۔ پولیس نے بتایا کہ 21 سالہ حسنین اختر، ساکن ٹچبورن روڈ، پر اقدامِ قتل کا الزام عائد کیا گیا ہے اور اسے ریمانڈ پر جیل بھیج دیا گیا ہے۔
پولیس کے مطابق مزید تین افراد کو اقدامِ قتل کے شبہ میں حراست میں لیا گیا، جبکہ پانچ دیگر افراد کو ملزم کی مدد کرنے کے شبہ میں گرفتار کیا گیا۔ تاہم باقی تمام مشتبہ افراد کو ضمانت پر رہا کر دیا گیا ہے۔
پولیس نے عوام سے اپیل کی ہے کہ اگر کسی کے پاس واقعے سے متعلق کوئی معلومات موجود ہوں تو وہ فوری طور پر حکام سے رابطہ کریں تاکہ تحقیقات میں مدد مل سکے۔
London (Pothwar.com – Mohammad Naseer Raja, July 22, 2026) –Mohammed Hasan, 28, died on Sunday after he was seriously injured on Gaythorne Road, at the junction of Parsonage Road, in West Bowling on the evening of 8 July. West Yorkshire Police said they still wanted to trace 24-year-old Luqman Khan from Bradford, who is wanted in connection with the investigation.




