DailyNewsGujarKhanHeadlineOverseas newsPothwar.com
Gujar Khan: Alleged Torture of Overseas Pakistani Sparks Controversy, Police Deny Claims
گوجر خان میں اورسیز پاکستانی پر تشدد کے الزامات، پولیس کی تردید، تحقیقات جاری

گوجر خان (پوٹھوار ڈاٹ کام — 29 دسمبر 2025) — گوجر خان کے علاقے قاضیاں چوکی کی حدود میں ایک اورسیز پاکستانی حسن نے الزام عائد کیا ہے کہ اسے چار گھنٹے تک بدترین تشدد کا نشانہ بنایا گیا، تاہم واقعے کو تین دن گزر جانے کے باوجود مقدمہ درج نہیں کیا گیا، جس سے پولیس کی کارکردگی پر سوالات اٹھنے لگے ہیں۔
متاثرہ شخص کے مطابق عدنان، آصف، حمزہ، اختر اور پانچ نامعلوم افراد نے اسے جان سے مارنے کی نیت سے تشدد کا نشانہ بنایا۔ حسن کا کہنا ہے کہ ملزمان اسے صلح پر مجبور کر رہے ہیں اور قانونی کارروائی کی صورت میں جان سے مارنے کی دھمکیاں بھی دے رہے ہیں۔
دوسری جانب گوجر خان پولیس نے ان الزامات کو مسترد کر دیا ہے۔ تھانہ گوجر خان کے ایس ایچ او مرزا طیب ظہیر بیگ کے مطابق زیرِ گردش خبر یکطرفہ اور حقائق کے برعکس ہے۔ پولیس کا مؤقف ہے کہ مذکورہ شخص مبینہ طور پر دیوار پھلانگ کر ایک نجی گھر میں داخل ہوا اور وہاں موجود لڑکی کو ہراساں کیا، جس پر اہلِ خانہ نے اسے قابو میں لیا۔
ایس ایچ او کے مطابق پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے متاثرہ شخص کا میڈیکل معائنہ کروایا اور واقعے کی مکمل انکوائری شروع کر دی ہے۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ تمام فریقین کے بیانات قلمبند کیے جا رہے ہیں اور شواہد کی روشنی میں جو بھی قصوروار ثابت ہوا، اس کے خلاف قانون کے مطابق بلاامتیاز کارروائی کی جائے گی۔ پولیس نے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ وہ غیرجانبدار رہتے ہوئے قانون کے تقاضوں کے مطابق فرائض انجام دے رہی ہے




