DailyNewsGujarKhanHeadlinePothwar.com
Gujar Khan: Traders Demand Clear Policy and Uniform SOPs for Anti-Encroachment Operation
گوجرخان:تجاوزات کے خاتمے کے لیے واضح پالیسی اور یکساں ایس او پیز کا مطالبہ

گوجر خان (پوٹھوار ڈاٹ کام — 15 دسمبر 2025) —گوجرخان میں تجاوزات کے خاتمے کے حوالے سے مرکزی انجمن تاجران کے صدر راجہ محمد جواد کی زیرِ صدارت ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں جنرل سیکرٹری شہادت حسین بٹ، تیمور وارثی اور دیگر تاجر رہنماؤں نے شرکت کی۔ اجلاس میں شہر میں جاری تجاوزات کے خلاف کارروائیوں، مختلف ٹیموں کی جانب سے الگ الگ آپریشنز اور غیر یکساں ایس او پیز پر تفصیلی غور کیا گیا۔
اجلاس میں اس بات پر زور دیا گیا کہ تجاوزات کے خلاف کارروائی بلا امتیاز ہونی چاہیے، تاہم اس مقصد کے لیے ایک واضح، منظم اور شفاف پالیسی اور میکنزم تشکیل دیا جانا ناگزیر ہے تاکہ دکانداروں اور انتظامیہ کے درمیان باہمی اعتماد، اتفاق اور ہم آہنگی قائم ہو سکے۔
تاجر رہنماؤں نے نشاندہی کی کہ اس وقت تجاوزات کے خاتمے کے لیے تین سے چار مختلف ٹیمیں الگ الگ کارروائیاں کر رہی ہیں، جن کے ایس او پیز بھی مختلف ہیں۔ اس صورتحال کے باعث تاجر برادری شدید ذہنی دباؤ، بے یقینی اور پریشانی کا شکار ہے۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ بعض مقامات پر دکانوں کے شٹر کے اندر قائم سیڑھیوں کو بھی تجاوزات قرار دے کر بھاری جرمانے عائد کیے جا رہے ہیں، جو تاجروں کے لیے حیران کن اور ناقابلِ فہم ہے۔
اسی طرح زیرِ تعمیر کمرشل عمارتوں کے باہر موجود تعمیراتی مٹیریل پر جرمانے کیے جانے پر بھی شدید تحفظات کا اظہار کیا گیا۔ تاجر رہنماؤں نے مطالبہ کیا کہ ان تمام معاملات پر انتظامیہ ایک جامع، واضح اور تحریری پالیسی مرتب کرے اور تاجروں کو اعتماد میں لے کر اقدامات کرے تاکہ کسی بھی قسم کی زیادتی یا غلط فہمی سے بچا جا سکے۔
مرکزی انجمن تاجران کے رہنماؤں نے واضح کیا کہ وہ تجاوزات کے خاتمے کے لیے اٹھائے جانے والے تمام مثبت اور قانونی اقدامات میں انتظامیہ کے ساتھ مکمل تعاون کے لیے تیار ہیں، تاہم کسی بھی غیر منصفانہ، بلاجواز اور امتیازی جرمانے کو کسی صورت قبول نہیں کیا جائے گا۔ اجلاس میں یہ مطالبہ بھی کیا گیا کہ تجاوزات کے حوالے سے تشکیل دی گئی تمام کمیٹیوں کے ایس او پیز یکساں، واضح اور تحریری شکل میں ہوں اور انہیں باضابطہ طور پر تاجروں کے نوٹس میں لایا جائے۔
اس موقع پر مرکزی انجمن تاجران کے صدر راجہ محمد جواد نے کہا کہ انجمن چیمبر آف کامرس کے ساتھ بھی مسلسل رابطے میں ہے، اور اگر انتظامی سطح پر کسی تاجر کے ساتھ زیادتی ہوئی تو چیمبر آف کامرس کے تعاون سے مشترکہ طور پر تاجروں کے حقوق کا تحفظ کیا جائے گا۔




