کلر سیداں (پوٹھوار ڈاٹ کوم — اکرام الحق قریشی | 08,اگست، 2025):—کلر سیداں کے نواحی قصبہ دوبیرن کلاں میں واقع اسکول کی واٹر ٹینکی سے مردہ چھپکلی برآمد، بیکریوں میں مضر صحت اشیاء، ڈینگی لاروا کی موجودگی پر متعدد کے چالان کٹ گئے۔
ڈپٹی ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر کلر سیداں ڈاکٹر فرحت ابرہیم کی ہدایت پر تحصیل ہیلتھ انسپکٹر راجہ عبدالجبار اور تحصیل اینٹمالوجسٹ غلام احمد خان سنبل و دیگر نے یونین کونسل دوبیرن کلاں میں ڈینگی و صفائی ستھرائی کے سلسلے میں خصوصی کارروائی کی جس میں متعدد بے ضابطگیاں سامنے آئی ہیں۔
کارروائی کے دوران ایک نجی اسکول کی چھت پر نصب پانی کی ٹینکی سے مردہ چھپکلی برآمد ہوئی، جس پرٹینکی کے پانی کو انسانی استعمال کے لیے غیر محفوظ قرار دے دیا گیا۔ دوبیرن کلاں شہر میں متعدد بیکریوں کو بھی چیک کیا گیا جن میں زائد المیعاد مصالحہ جات، مٹھائیوں میں کیڑے مکوڑے اور غیر معیاری اشیاء خورد و نوش پائی گئیں۔ متعلقہ دکانداروں کو فوری طور پر اشیاء کی تلفی اور حفظان صحت کے اصولوں پر عمل درآمد کی ہدایات جاری کی گئیں۔
مزید براں، بند یوٹیلیٹی اسٹور کے باہر پرانے ٹائروں اور کاٹھ کباڑ سے ڈینگی لاروا برآمد ہوا۔ ٹیم نے فوری طور پر صفائی کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ یہ مقامات ڈینگی مچھر کی افزائش کے لیے خطرناک ہیں۔محکمہ صحت نے لاپرواہی کے مرتکب مالکان کے خلاف قانونی کارروائی کرتے ہوئے چالان مرتب کر دیئے ہیں۔