DailyNewsHeadlineOverseas newsPothwar.com
Norway: Pakistan Union Norway Hosts Farewell Ceremony for Community Welfare Attaché Asif Hameed
پاکستان یونین ناروے کی کمیونٹی ویلفیئراتاشی آصف حمید کے اعزاز میں الوداعی تقریب

اوسلو: (پوٹھوار ڈاٹ کوم، عقیل قادر–28،جون، 2025) —پاکستان یونین ناروے کے زیر اہتمام دارالحکومت اوسلو میں پاکستانی سفارت خانہ کے سبکدوش ہونے والے کمیونٹی ویلفیئر اتاشی آصف حمید کے اعزاز میں ایک مقامی ریسٹورنٹ میں الوداعی عشائیہ کا اہتمام کیا گیا۔ تقریب میں کمیونٹی ویلفیئر اتاشی آصف حمید اور انکی جگہ نئے تعینات ہونے والے ویلفیئراتاشی محمد فراز اور اہم سیاسی، سماجی، ادبی اور ثقافتی شخصیات نے شرکت کی۔ چیئرمین پاکستان یونین ناروے چوہدری قمر اقبال نے یونین کے سینئرعہدیداروں کے ہمراہ سبکدوش ہونے والے ویلفیئر اتاشی آصف حمید اور نئے ویلفیئر اتاشی محمد فراز کو خوبصورت گلدستے پیش کرکے انکا استقبال کیا۔ تقریب کا باقاعدہ آغاز تلاوت کلام اللہ مجید سے ہوا جس کی سعادت میاں بشیر حسین نے حاصل کی۔
اس موقع پر چیئرمین پاکستان یونین ناروے چوہدری قمراقبال نے کہاکہ آصف حمید کی نارویجن پاکستانی کمیونٹی کے لیے خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ آصف حمید نے جہاں سے خدمات کا سلسلہ چھوڑا ہے، نئے ویلفیئراتاشی محمد فراز اس کام کو جاری رکھیں گے۔ قمراقبال نے یقین دلایا کہ نارویجن کمیونٹی بھی پہلے کی طرح سفارتخانہ پاکستان کے ساتھ اپنا تعاون جاری رکھے گی۔ پاکستان یونین ناروے کے سابق جنرل سیکرٹری نوید خاور نے کہاکہ یونین کی بنیاد ستر کی دہائی میں قمراقبال کے بزرگوں نے رکھی تھی اور قمراقبال نے یہ سلسلہ بڑی خوش اسلوبی سے جاری رکھاہواہے۔ انہوں نے کہاکہ قمراقبال کی کمیونٹی اور ناروے میں پاکستانی اقدار و ثقافت کو اجاگر کرنے کے لیے خدمات بہت زیادہ ہیں اور اس سلسلے میں انہیں بہت سے چیلنجوں کا سامنا بھی کرنا پڑا۔
یونین کے سابق صدر ڈاکٹر طلعت جمیل نے بھی اپنی گفتگو میں پاکستان یونین ناروے کے چیئرمین قمراقبال کی خدمات کا ذکر کرتے ہوئے کہاکہ انہیں ان کی خدمات کی وجہ سے ابتک بہت سے اعزازات مل چکے ہیں، خاص طور پر نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی اسلام آباد کی طرف سے یونیورسٹی کے اس وقت کے شعبہ بین الاقوامی تعلقات کے چیئرمین برگیڈیئر ڈاکٹر محمد خان نے نارویجن پاکستانی کمیونٹی کے لیے خدمات اور ناروے پاکستان تعلقات کی بہتری میں کردار ادا کرنے پر قمراقبال کو شیلڈ پیش کی گئی اور ہائی شیریف مانچسٹر ڈاکٹر روبینہ شاہ جو اس وقت کی ملکہ الزبتھ کی نمائندہ تھیں، نے ناروے کا دورہ کرکے قمراقبال کی کمیونٹی کے لیے خدمات پر انہیں ایوارڈ پیش کیا۔
ادبی تنظیم دریچہ کے ادریس لاہوری نے نارویجن پاکستانی کمیونٹی کے لیے آصف حمید کی خدمات کی تعریف کی۔ انہوں نے قمراقبال کی خدمات کو بھی سراہا۔ دریچہ سے وابستہ ڈاکٹر ندیم حسین نے بھی اس طرح کے خیالات کا اظہار کیا اور کہاکہ آصف حمید ناروے میں اپنی تعیناتی کے دوران کمیونٹی مختلف حلقوں کے مابین اتحاد کو فروغ دینے کے لیے ہمیشہ کوشاں رہے۔ ممتاز دانشور طاہر محمود نے بھی آصف حمید کی خدمات کو سراہا اور کہاکہ نارویجن پاکستانی کمیونٹی کی بہتری کے لیے مزید اقدامات کرنے کی ضرورت ہے۔
آصف حمید نے اس تقریب کے انعقاد پر چیئرمین پاکستان یونین ناروے اور یونین کے دیگراراکین کا شکریہ ادا کیا اور کہاکہ وہ نارویجن پاکستانیوں کے خلوص و محبت کو فراموش نہیں کرسکتے، ناروے میں ان کے قیام کے ایام انہیں ہمیشہ یاد رہیں گے۔ نئے ویلفیئراتاشی محمد فراز نے کہاکہ نارویجن پاکستانی کمیونٹی میں اتحاد و اتفاق بہت خوش آئند ہے۔ انہوں نے کہاکہ انہوں نے سبکدوش ہونے والے ویلفیئراتاشی آصف حمید کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہاکہ ان کے کمیونٹی کے ساتھ اچھے تعلقات دیکھ کر خوشی ہوئی ہے اور ان کی بھی حتیٰ امکان کوشش ہوگی کہ آصف حمید کی کمیونٹی کی ویلفیئر کے لیے کی گئی کوششوں کو جاری رکھیں۔ چوہدری قمراقبال نے ویلفیئراتاشی آصف حمید کی پاکستان کمیونٹی کے لیے خدمات کو سراہا اور ان گراں قدر خدمات کے اعتراف کے طور پر انہیں یونین کی طرف سے خصوصی شیلڈ پیش کی۔ تقریب کے دوران نظامت کے فرائض یونین کے سینئر عہدیدار شاہ رخ سہیل نے انجام دیئے۔
تقریب میں پاکستان یونین ناروے کے جنرل سیکرٹری چوہدری منشاخان، سیکرٹری اطلاعات ملک محمد پرویز، کوآرڈی نیٹر شہزادغفور، فنانس سیکرٹری غلام سرور، سینئرمشیر چوہدری اکرم سیکریالی، سینئرمشیر چوہدری اصغردھکڑ، حاجی اشرف اتم (کمیونٹی کے سینئررہنما)، غفوربٹ (فلم پروڈیسر)، چوہدری زاہد اسلم (ممتازسماجی شخصیت)، شیخ طارق محمود (ممتازکاروباری و سماجی شخصیت)، نصراللہ قریشی (ممتازثقافتی شخصیت)، عبدالرحمان سیکریالی (سماجی شخصیت)، ندیم رشید (سماجی شخصیت)، شاہد جمیل (سربراہ سماجی تنظیم سکون)، آفتاب وڑائچ (ادبی تنظیم حلقہ ارباب ذوق)، مینا جی (ریسورس سنٹر فار نارویجن پاکستانی وومن)، قمرعباس ٹوانہ اور راجہ عاشق حسین اورمحمد اقبال (ویلکم کمیٹی اوسلو)، ڈاکٹر بلال، سید خالد حسین شاہ (رہنما پی ٹی آئی)، علی مدثر (سابقہ صدر پی ٹی آئی)، شاہدمنیر (فعال سماجی رہنما)، وقاص نثار، سرفرازگوندل، ڈاکٹر اسد، محمد طارق (اوسلو کباب)، محمد آصف، امجد حسین طارق عزیز اور شبیر حسین بھی شریک ہوئے۔ میڈیا سے تعلق رکھنے والی جن شخصیات نے تقریب میں شرکت کی ان میں عقیل قادر (دنیا نیوز)، ناصر اکبر (جیو نیوز) اور ارشد وحید چوہدری (اوسلو ریڈیو) قابل ذکر ہیں۔
Oslo – June 28, 2025 (Pothwar.com / Aqil Qadir):
A farewell dinner was hosted by the Pakistan Union Norway in honour of the outgoing Community Welfare Attaché, Asif Hameed, at a local restaurant in Oslo. The event was attended by various prominent political, social, literary, and cultural figures, including the newly appointed Attaché, Muhammad Faraz.

Chairman Chaudhry Qamar Iqbal praised Asif Hameed’s valuable services for the Norwegian-Pakistani community and welcomed the new attaché with flowers along with Union officials. Qamar Iqbal expressed hope that Muhammad Faraz would continue the positive work started by his predecessor.

Several speakers, including former Union Secretary Naveed Khawar, ex-President Dr. Talat Jamil, and literary personalities Idrees Lahori and Dr. Nadeem Hussain, highlighted the contributions of both Asif Hameed and Qamar Iqbal to the community and cultural relations between Norway and Pakistan.

Asif Hameed thanked the Union for the farewell and shared his fond memories of serving the Norwegian Pakistani community. Muhammad Faraz appreciated the community’s unity and vowed to continue the welfare work.




