DailyNewsHeadlineOverseas newsPothwar.com
London: VE Day 2025 Commemorated with Interfaith Gathering at Shah Jahan Mosque, Woking
لندن — 2025 کا وی ای ڈے شاہ جہاں مسجد، ووکنگ میں منایا گیا

لندن (پوٹھوار ڈاٹ کوم، محمد نصیر راجہ – 24 مئی، 2025)
برطانیہ کی قدیم ترین مسجد، شاہجہان مسجد ووکنگ میں یومِ فتح یورپ وی ای ڈے کی 80ویں سالگرہ کے موقع پر ایک باوقار بین المذاہب تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ اس یادگار تقریب کا مقصد دوسری عالمی جنگ میں خدمات سرانجام دینے اور جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے 15 لاکھ مسلمان سپاہیوں کو خراج عقیدت پیش کرنا تھا۔ اس موقع پر اتحاد، رواداری اور اجتماعی یادداشت کے فروغ کا پیغام بھی دیا گیا۔
تقریب کی خاص بات 88 سالہ ہولوکاسٹ کے زندہ بچ جانے والے جان ہاجدو کی شرکت تھی، جنہوں نے نازی مقبوضہ ہنگری میں ایک یہودی بچے کے طور پر اپنی کربناک یادیں حاضرین کے ساتھ شیئر کیں۔ انہوں نے کہا:
“جو لوگ زندہ بچے ہیں، ان پر فرض ہے کہ وہ اپنی کہانی سنائیں، نئی نسل کو سکھائیں کہ ہمارے ساتھ کیا ہوا، تاکہ یہ پیغام آگے پہنچے کہ یہ سب کچھ کبھی نہ بھولا جائے۔”
تقریب کے دوران ووکنگ کے پیس گارڈن میں لارڈ خان نے پہلی اور دوسری جنگ عظیم میں شہید ہونے والے ان 27 مسلمان سپاہیوں (پہلی جنگ کے 19 اور دوسری جنگ کے 8) کی یاد میں پھولوں کی چادر چڑھائی، جو وہیں دفن ہیں۔
تقریب میں ممتاز شخصیات نے شرکت کی، جن میں چوا خالصہ، کلر سیداں سے تعلق رکھنے والے افراد، شاہجہان مسجد کے امام حافظ سعید ہاشمی، بشپ آف گلڈفورڈ اینڈریو جان واٹسن، اور یونیورسٹی آف سرے کے ریلیجس لائف ڈین، ربی الیکس گولڈ برگ شامل تھے۔
1889 میں قائم ہونے والی شاہجہان مسجد نہ صرف برطانیہ میں اسلامی تاریخ کا سنگ میل ہے بلکہ یہ ملک کی کثیرالثقافتی شناخت کی علامت بھی بن چکی ہے۔
VE Day کی یہ یادگاری تقریب مختلف کمیونٹیز کے مشترکہ تاریخی پس منظر اور قربانیوں کی علامت بن کر بین المذاہب ہم آہنگی، یکجہتی اور باہمی احترام کو فروغ دینے کا ذریعہ بنی۔




