DailyNewsGujarKhanHeadlinePothwar.com
Gujar Khan: Pride of Gujar Khan: Government Girls College Table Tennis Team Secures First Position in Punjab
گوجرخان کا فخر: گورنمنٹ گرلز کالج کی ٹیبل ٹینس ٹیم پنجاب میں اول پوزیشن حاصل کرنے میں کامیاب

گوجرخان (پوٹھوار ڈاٹ کام – 19 اپریل 2025):: گوجرخان کا فخر – گورنمنٹ گرلز گریجویٹ کالج کی ٹیبل ٹینس ٹیم نے پنجاب میں پہلی پوزیشن حاصل کر لی,گوجرخان – گوجرخان کے لیے فخر کا لمحہ اس وقت آیا جب گورنمنٹ گرلز گریجویٹ کالج، گوجرخان کی ٹیبل ٹینس ٹیم نے پنجاب لیول کے مقابلوں میں پہلی پوزیشن حاصل کر کے نہ صرف اپنے ادارے بلکہ پورے علاقے کا نام روشن کر دیا۔
اس شاندار کامیابی کے موقع پر اسسٹنٹ کمشنر آفس میں ایک اعزازی تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں ٹیم کی حوصلہ افزائی اور ان کی کامیابی کا جشن منایا گیا۔ اس تقریب میں رکن پنجاب اسمبلی پی پی 09 راجہ شوکت عزیز بھٹی اور اسسٹنٹ کمشنر خضر حیات گورائیہ نے خصوصی شرکت کی اور طالبات کو شاندار الفاظ میں خراجِ تحسین پیش کیا۔
تقریب کے دوران پرنسپل میڈم جمیلہ ایوب اور میڈم ثوبیہ چوہدری کی خدمات کو سراہا گیا، جن کی رہنمائی اور محنت سے یہ کامیابی ممکن ہوئی۔ مقررین نے کہا کہ ان اساتذہ نے جس انداز سے بچیوں کی تربیت اور رہنمائی کی، وہ ایک قابل تقلید مثال ہے۔
مقررین نے اس بات پر زور دیا کہ پوزیشن ہولڈر طالبات کی حوصلہ افزائی نہایت اہم ہے، کیونکہ یہ اُن کے اعتماد اور حوصلے کو بلند کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر ایسی بچیوں پر مسلسل توجہ دی جائے اور ان کو مزید مواقع فراہم کیے جائیں تو یہ بچیاں بین الاقوامی سطح پر بھی ملک کا نام روشن کر سکتی ہیں۔
شرکاء نے حکومت اور متعلقہ اداروں سے مطالبہ کیا کہ ایسی باصلاحیت طالبات کو انٹرنیشنل لیول کی سہولیات مہیا کی جائیں تاکہ وہ اپنی صلاحیتوں کا بھرپور مظاہرہ کر سکیں۔
گورنمنٹ گرلز کالج گوجرخان کی ٹیم کی یہ کامیابی ثابت کرتی ہے کہ ہنر اور جذبہ کسی شہر یا وسائل کا محتاج نہیں ہوتا—ضرورت صرف پہچاننے، سہارا دینے اور مواقع فراہم کرنے کی ہے۔




