DailyNews

Rawalpindi; Nine union councils to get water supply from Chahan Dam

راولپنڈی کی 9یونین کونسلوں کو چہان ڈیم سے پانی ملے گا

راولپنڈی (نمائندہ پوٹھوار ڈٖاٹ کوم) وفاقی وزیر ہوا بازی غلام سرور خان نے کہا ہے کہ راولپنڈی رنگ روڈ منصوبے پر اسی سال کام کا آغاز کر دیا جائیگا۔ اس منصوبے کی تکمیل سے جڑواں شہروں میں ٹریفک دباؤ میں نمایاں کمی ہوگی- راولپنڈی میں سبزی و فروٹ منڈی کا قیام جلد عمل میں لایا جائیگا‘ مارکیٹ کمیٹی بھی تشکیل دی جائیگی- راولپنڈی کی نو یونین کونسلوں کو چہان ڈیم سے پینے کا صاف پانی فراہم کیا جائیگا اور چراہ ڈیم، پاپین ڈیم، کہوٹہ اور ددوچھہ ڈیم جلد تعمیر کئے جائینگے- وہ ڈی سی آفس میں ڈسٹرکٹ ڈیویلپمنٹ کمیٹی اجلاس کی صدارت کر رہے تھے۔ ڈپٹی کمشنر انوار الحق‘ اے ڈی سی فنانس اینڈ پلاننگ ملیحہ جمال‘ اے ڈی سی جی ظہیر انور جپہ سمیت اراکین اسمبلی بھی موجودتھے۔اس موقع پر ارکان صوبائی اسمبلی میجر لطاسب ستی، جاوید کوثر، چوہدری عدنان، واثق قیوم عباسی، عمار صدیق، منصور حیات، عمر تنویر بٹ، ڈپٹی ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ صائمہ غفورسمیت محکمہ صحت، تعلیم، سمال ڈیمز، کالجز، لوکل گورنمنٹ اور دیگر متعلقہ محکموں کے سربراہان نے شرکت کی- غلام سرور خان کا کہنا تھا کہ گزشتہ حکومت کے جاری ترقیاتی منصوبوں کو بھی مکمل کیا جائے کیونکہ ان پراجیکٹ پر عوام کا پیسہ لگا ہوا ہے جس کو ضائع نہیں ہونے دیں گے- انہوں نے کہا کہ راولپنڈی میں ووکیشنل اور ٹیکنیکل
انسٹی ٹیوٹ بھی قائم کئے جائیں گے جس سے نوجوان نسل کو تعلیم سے آراستہ کرنے کے ساتھ ساتھ مختلف ہنر بھی سکھائے جائیں گے- انہوں نے کہا کہ ٹی ایچ کیو ہسپتال ٹیکسلا میں اپ گریڈیشن کی جائے گی جس سے لوگوں کو صحت کی مزیدبہتر سہولیات میسر آ سکیں گی جبکہ تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال چکری کا قیام جلد عمل میں لایا جائے گا جس سے چکری کے عوام کو طبی سہولیات میسر ہوں گی اور علاج معالجہ کے لئے دور دراز علاقوں کا سفر نہیں کرنا پڑے گا- انہوں نے کہا کہ تمام جاری ترقیاتی منصوبوں کو مقررہ وقت پر پایہ تکمیل تک پہنچایا جائے تاکہ عوام ان منصوبوں سے مستفید ہو سکیں-اس موقع پر ڈپٹی کمشنر راولپنڈی کیپٹن (ر) انوارالحق نے کہا کہ راولپنڈی میں جاری مفاد عامہ کے منصوبوں کو جلد مکمل کر لیا جائے گا- انہوں نے کہا کہ نئی سکیموں پر کام کا آغاز بھی اسی ماہ شروع کر دیا جائے گا اور مقررہ مدت تک منصوبوں کو ہر صورت مکمل کیا جائے گا-

Show More

Related Articles

Back to top button