DailyNewsGujarKhan

Gujar Khan; Clean Pakistan team swearing in ceremony held in Islam purra jabber with MPA Ch Javed Kausar

کلین پاکستان ٹیم کی تقریب حلف برداری

اسلام پورہ جبر(نمائندہ پوٹھوار ڈاٹ کوم۔محمد انجم ملک)صفائی نصف ایمان ہے اور بحیثیت مسلمان ہمیں اپنے گھر، گاؤں، شہر اور ملک کو صاف رکھنا چاہئے۔ کلین پاکستان کی ٹیم بہت احسن طریقے سے اپنا کام کررہی ہے، تھوڑے ہی عرصے میں کلین پاکستان ٹیم نے اپنا نام اور مقام بنا لیا ہے۔ ان خیالات کا اظہار ممبر صوبائی اسمبلی چوہدری جاوید کوثر اور دیگر سیاسی و سماجی شخصیات نے کلین پاکستان ٹیم کی تقریب حلف برداری سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ایم پی اے صوبائی اسمبلی چوہدری جاوید کوثر،ملک پرویز،راجہ عبدالغفور کیانی،راجہ جلیل کیانی،عبدالجبار بھٹی،جمشید احمد کیانی،ڈاکٹرمحمد شعیب ،ذوہیب قریشی نے بھی خطاب کیا۔ کلین پاکستان کے بانی و چئیرمین راجہ احتشام فاروق نے اپنے خطاب میں علاقے میں صفائی کے مسائل کے حوالے سے ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ٹیم کلین پاکستان کا مقصد صرف اور صرف علاقے کی صفائی کو یقینی بنا کر ماحول کو خوشگوار بنانا ہے۔ کلین پاکستان کی ٹیم بھرپور جوش و جذبے سے کام کررہی ہے اہلیان علاقہ کو چاہئے کہ وہ کلین پاکستان کی ٹیم کے ساتھ تعاون کریں تاکہ ہمارا علاقہ خوبصورتی میں اپنی مثال آپ بن سکے۔ سابق ناظم گوجرخان سٹی و امیدوار برائے مئیر گوجرخان راجہ عبدالغفور کیانی نے کلین پاکستان ٹیم کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ٹیم کلین پاکستان کو جب بھی میری ضرورت پڑے تو میں ہر وقت حاضر ہوں گا۔ تقریب سے ممتاز سماجی شخصیت راجہ جلیل کیانی نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ فلاحی کاموں میں بہت سی مشکلات آتیں ہیں لیکن ان مشکلات کا سامنا کرنا ہی بہادری ہوتی ہے اور میری دعا ہے کہ کلین پاکستان ٹیم تمام آنے والی مشکلات سے نبردآزما ہو۔تقریب سے سابق چئیرمین یو سی اسلام پورہ راجہ جمشید احمد کیانی،نیشنل بنک آف پاکستان کے منیجر راجہ عبدالجبار بھٹی، سابق کونسلر ڈاکٹر محمد شعیب اور دیگر نے خطاب کیا۔

Show More

Related Articles

Back to top button