Kallar Syedan; Gas supply work restarts in UC Kanoha, Choa Khalsa & Samot
یوسی کنوہا ،چوآخالصہ اور سموٹ میں سوئی گیس کی فراہمی کا کام بحال ،پائپوں کی تنصیب شروع
یوسی کنوہا ،چوآخالصہ اور سموٹ میں سوئی گیس کی فراہمی کا کام بحال ،پائپوں کی تنصیب شروع ،الیکشن کمیشن نے انتخابات کی وجہ سے کام روک دیا تھا۔تفصیلات کے مطابق سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کی ہدایت پر گزشتہ برس ستمبر میں قانون گو حلقہ چوآخالصہ کی تین یوسیز کنوہا،چوآخالصہ اور سموٹ میں سوئی گیس کی فراہمی کا کام شروع ہوا تھا بیول سے کنوہا تک مین لائن کا کام جاری تھا کہ الیکشن کمیشن میں آمدہ انتخابات کی وجہ سے کام روک دیا تھا۔جسے اب بحال کر دیا گیا پائپوں کی تنصیب شروع کر دی گئی اور آئندہ ہفتے تیزی سے کام مکمل کیا جائے گا۔یاد رہے کہ پکا کھوسے براستہ پیر حالی موہڑہ لنگڑیال تک نہ صرف لائن کی تنصیب مکمل ہو چکی ہے بلکہ ڈھوک چوہدری گوہر علی ،ڈھوک آہیر ، میر گالہ خالصہ، پیر حالی اور بڑی بن میں میٹروں کی تنصیب بھی جاری ہے ۔
Kallar Syedan; The gas supply work in union council Kanoha, Choa Khalsa and Samot has restarted, The work sanctioned during the term of ex Prime Minister Shahid Khaqan Abbassi was stopped by the election commission.
The pipe lines are being laid and work is expected to finish within a week according to the contractor. From Pakka Khoo to Pehar hali and Morra Nagrial gas pipe line has been completed while Dhok Ch Gohar Ali, Dhok Aheer, Mirgala Khalsa, Pehar Hali and Barri Banni are currently being supplied with gas meters.
کلر سیداں میں ایک اور دوشیزہ اغوا،15 سالہ رکشہ ڈرائیور کیساتھ فرار ہو گئی
کلر سیداں میں ایک اور دوشیزہ اغوا،15 سالہ رکشہ ڈرائیور کیساتھ فرار ہو گئی،پولیس نے مقدمہ درج کر کے کارروائی شروع کر دی ہے۔عنصر محمود سکنہ محلہ مغل آباد کلر سیداں نے پولیس کو رپورٹ درج کروائی کہ میں محنت مزدوری کر کے اپنا اور اپنے بال بچوں کا گزر اوقات کرتا ہوں۔میری بیٹی ایمن شکیل با عمر تقریبا 15 سال گھر پر ہی رہائش پذیر ہے۔مورخہ 10 ستمبر صبح تقریبا آٹھ بجے،میں کسی کام کے غرض سے کلر سیداں بازار گیا ہوا تھا کہ میری غیر موجودگی میں مسمیان واصف رفیع ہمراہ اپنے والد اور اس کی بیوی اور رحیم ساکن منگال،بلال بٹ ساکن ڈھوک کشمیریاں منگلورہ و دیگران باہم صلاح مشورہ میرے گھر میں داخل ہوئے اور میری بیٹی کو زبردستی اغواء کر کے اپنے ہمراہ لے گئے۔کلر سیداں پولیس نے مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی۔
اسسٹنٹ کمشنر کلر سیداں نے مسافر گاڑیوں کے لیے اندرون شہر سڑک کو ون وے اور تجاوزات کے خاتمے کی ہدایات جاری کر دیں
اسسٹنٹ کمشنر کلر سیداں نے مسافر گاڑیوں کے لیے اندرون شہر سڑک کو ون وے اور تجاوزات کے خاتمے کی ہدایات جاری کر دیں۔اس سلسلے میں ایک اہم اجلاس بدھ کے روز اسسٹنٹ کمشنر علی اکبر بھنڈر کی صدارت میں منعقد ہوا جس میں چیف آفیسر بلدیہ خالد رشید ،ٹریفک انچارج محمد قاسم اور عمران نواب نے شرکت کی ۔اجلاس میں شہر کی مرکزی گزرگاہ پنڈی چوآ روڈ کو تجاوزات سے پاک رکھنے کا فیصلہ کیا گیا اور قرار دیا گیا کہ سڑک پر ریڑھیاں کھڑی کرنے کی ہر گز اجازت نہیں دی جائے گی ۔تمام مسافر گاڑیاں راولپنڈی سے آتے ہوئے اندرون شہر سے گزر سکیں گی مگر کلر سیداں سے چوکپنڈوری ،روات ،راولپنڈی اور اسلام آباد جانے والی تمام مسافر گاڑیاں براستہ مرید چوک ،الائیڈ چوک اور کلر بائی پاس کو استعمال کریں گی اور ان کی اندرون شہر واپسی کے لیے اجازت نہ ہو گی۔اس فیصلے پر جمعہ کے روز سے عمل درآمد یقینی بنایاجا ئے گا۔ادھر مقامی شہریوں نے اجلاس کے فیصلوں کا زبر دست خیر مقدم کرتے ہوئے اسے درست اقدام قرار دیا ہے۔
بینچ اور بار میں تعاون نا گزیر ہے انصاف کی فوری فراہمی کے لیے دونوں اداروں کے درمیان بہتر تعلقات اشد ضروری ہیں
پنجاب بار کونسل کے رکن سجاد عباسی اور کلر سیداں بار کے نائب معاون چوہدری اسد الرحمان ایڈووکیٹ نے کہا ہے کہ بینچ اور بار میں تعاون نا گزیر ہے انصاف کی فوری فراہمی کے لیے دونوں اداروں کے درمیان بہتر تعلقات اشد ضروری ہیں ۔تقریب میں ایڈیشنل سیشن جج شبریز اختر راجہ، سول جج چوہدری محمد اسلام، علاقہ مجسٹریٹ عمران نوید اور ووکلا نے بھی شرکت کی ۔سجاد عباسی نے کہا کہ انصاف کی فوری فراہمی کے لیے مقدمات کا جلد نمٹایا جانا ضروری ہے اور اس کے لیے ووکلا اور بینچ کو مشترکہ حکمت عملی مرتب کرنا ہو گی۔مقدمات کے جلد فیصلوں سے مثبت نتائج حاصل کئیے جا سکتے ہیں ایڈیشنل سیشن جج شبریز اختر راجہ نے کہا کہ بینچ نے ہمیشہ کوشش کی ہے کہ لوگوں کو فوری انصاف مہیا کیا جائے اس عمل میں ووکلا کے تعاون سے تیزی لائی جا سکتی ہے ۔
لوگوں کو ریلیف مہیا کرنا میری پہلی ترجیح رہے گی۔ایس ایچ او کلر سیداں انسپکٹر ظہیر احمد بٹ
ایس ایچ او کلر سیداں انسپکٹر ظہیر احمد بٹ نے کہا ہے کہ چور اور چوکیدار میں نمایاں فرق نظر آنا چاہئیے تاجر تنظیمیں اپنے چوکیداروں کو شناختی کارڈ بھی مہیاکریں ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کے روز کلر سیداں ،چوکپنڈوری ،شاہ باغ،چوآخالصہ کی تاجر تنظیموں کے نمائندوں کے ایک مشترکہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا اس موقع پر زین العابدین عباس،راجہ اظہر سلطان، شیخ خورشید احمد، حاجی ریاست حسین، راجہ ظفر محمود، حاجی طارق تاج اور دیگر تاجر بھی موجود تھے انسپکٹر ظہیر احمد بٹ نے کہا کہ رات کے اوقات میں بازاروں میں موجود لوگوں سے شناخت طلب کی جائے تو وہ خود کو چوکیدار بتاتے ہیں مگر ان کے پاس اس کا کوئی ثبوت نہیں ہوتا چور اور چوکیدار میں فرق نمایاں کرنے کے لیے تاجر تنظیمیں اپنے چوکیداروں کو نہ صرف شناختی کارڈ مہیا کریں بلکہ ان کی تفصیلات سے پولیس کو بھی مطلع رکھیں ۔تاجر تنظمیں اور شہری نا پسندیدہ عناصر ،منشیات فروشوں اور رشوت خوروں کی نشاندہی کریں فوری کاروائی کی جائے گی ،لوگوں کو ریلیف مہیا کرنا میری پہلی ترجیح رہے گی۔
ڈرگ انسپکٹر کو درخواست مارک کرتے ہوئے مالک کیخلاف سخت قانونی کارروائی کی ہدایت
زائد المعیاد دوائی فروخت کرنے کے الزام میں کلر سیداں بار ایسوسی ایشن کے سابق صدر نے فارمیسی کے مالک کیخلاف اسسٹنٹ کمشنر کلر سیداں کو درخواست دے دی جس پر اے سی نے ڈی ڈی ایچ او اور ڈرگ انسپکٹر کو درخواست مارک کرتے ہوئے مالک کیخلاف سخت قانونی کارروائی کی ہدایت جاری کر دی۔کلر سیداں بار ایسوسی ایشن کے سابق صدر سردار محمد بشیر خان ایڈووکیٹ نے اسسٹنٹ کمشنر کلر سیدا ں کو دی گئی درخواست میں تحریر کیا کہ میں نے گزشتہ روز شام چار بجے کے قریب چوآ روڈ پر واقع علی فارمیسی سے ایک عدد کیلشیم پاؤڈر برائے حیوانات خریدا اور سیلز مین سے کہا کہ وہ دوائی کے اوپر درج ایکسپائری چیک کر لیں جس پر سیلز مین نے تصدیق کی کہ اس نے ایکسپائری چیک کر لی ہے جس کے بعد میں دوائی لے کر گھر چلا گیا۔شام کو استعمال کرنے سے قبل احتیاطی طور پر دوائی کو چیک کیا تو وہ زائد المعیاد پائی گئی،لہذا مذکورہ فارمیسی کیخلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے۔
ایم سی کلر سیداں میں تعینات ایس ڈی سی گلفام احمد اور پرویز اختر کی سروسز محکمہ پبلک ہیلتھ انجینئرنگ کو واپس کرنے کی ہدائت
سیکرٹری لوکل گورنمنٹ لاہور نے ایم سی کلر سیداں میں تعینات ایس ڈی سی گلفام احمد اور پرویز اختر کی سروسز محکمہ پبلک ہیلتھ انجینئرنگ کو واپس کرنے کی ہدائت جاری کر دی ہیں۔یاد رہے کہ متذکرہ بالا ملازمین گزشتہ 12 برس سے محکمہ لوکل گورنمنٹ میں اپنے فرائض انتہائی ایمانداری اور فرض شناسی کیساتھ ادا کر رہے تھے۔
انجم رضا کے زیر اہتمام محفل مسالمہ 30ستمبر دن تین بجے جناح ہال کلر سیداں میں منعقد ہو رہی ہے
انجم رضا کے زیر اہتمام محفل مسالمہ 30ستمبر دن تین بجے جناح ہال کلر سیداں میں منعقد ہو رہی ہے جس کی صدارت پروفیسر ڈاکٹر مقصود جعفری کریں گے جبکہ ثاقب اکبر ،انجم خلیق، پروفیسر ناصر مینگل، خرم خلیق، یاسر کیانی، محمد نصیر زندہ، طاہر یاسین طاہر، عبدالقادر تاباں، پیر عتیق احمد چشتی، عبدالرحمان واصف،سائل نظامی کے علاوہ ملک کے معروف دانشور و شاعر شرکت کریں گے ۔
سونی پبلک سکول کلر سیداں کے سربراہ چوہدری ارشادمحمد کے بھائی چوہدری مقبول انتقال کر گئے
سونی پبلک سکول کلر سیداں کے سربراہ چوہدری ارشادمحمد کے بھائی چوہدری مقبول انتقال کر گئے نماز جنازہ فیصل آباد میں ادا کی گئی ۔چیئر مین یوسی نلہ مسلماناں چوہدری شفقت محمود، ارکان بلدیہ شیخ حسن ریاض، عاطف اعجاز بٹ، حاجی اخلاق حسین، راجہ طارق محمود، پرویز اختر منہاس، راجہ ظفرمحمود ،شاہد سلیم اور دیگر نے چوہدری ارشاد سے دلی تعزیت کا اظہار کیا ہے ۔
روات کلر سیداں روڈ پر واقعہ سابق چیئر مین نیب سیف الرحمان کی ریڈکو ملز سے برآمد ہونے والی لگژری گاڑیوں کا ڈرامہ فلاپ
روات کلر سیداں روڈ پر واقعہ سابق چیئر مین نیب سیف الرحمان کی ریڈکو ملز سے برآمد ہونے والی لگژری گاڑیوں کا ڈرامہ فلاپ ،قطر کے سفارت خانے نے انہیں شہزاد حماد بن جاسم کی ملکیت قرار دے کر اسے بڑا واقعہ قرار دینے والوں کے عزائم ناکام بنا دئیے ۔کسٹم نے گزشتہ روز ریڈکو ملز پر چھاپہ مار کر 21لگژری گاڑیاں برآمد کر لی تھیں اور انہیں رات گے تک وہاں سے منتقل کیا جاتا رہا کسٹم حکام کی جانب سے کہا گیا کہ یہ گاڑیاں نان کسٹم پیڈ ہیں تاہم اسلام آباد کے قطری سفارت خانے نے جاری پریس ریلیز میں قرار دیا کہ یہ گاڑیاں قطری شہزادے حماد بن جاسم کی ملکیت ہیں اور انہیں پاکستانی قوانین کے مطابق درآمد کیا گیا جس کے بعد حکومت نے سبکی سے بچنے کے لیے اب یہ قرار دیا ہے کہ یہ گاڑیاں قطری شہزادے کی ملکیت ہیں مگر انہیں اگر کوئی دوسرا استعمال کرے تو یہ عمل غیر قانونی قرار پائے گا۔حکومت کی جانب سے یہ وضاحت مضائقہ خیز بھی ہے اگر گاڑیاں قواعد کے مطابق پاکستان درآمد کی گئیں تو انہیں کسی جگہ پارک کرنا اور کسی اور کے استعمال میں لانا جرم کیسے بن گیا۔یہ بات سوالیہ نشان ہے ۔