DailyNews

Chief justice asked to take notice illegal construction in Rawalpindi

چیف جسٹس راولپنڈی میں بھی غیرقانونی تعمیرات کا نوٹس لیں، شہری

راولپنڈی کے شہریوں نے چیف جسٹس میاں ثاقب نثار سے اپیل کی ہے کہ کراچی کی طرح راولپنڈی میں بھی بلانقشہ وخلاف نقشہ ہونے والی غیرقانونی تعمیرات کا نوٹس لیا جائے جبکہ وزیراعظم عمران خان بھی اپنے وعدے کے مطابق اس لاقانونیت اور اس کے ذمہ داران کیخلاف کارروائی کا حکم دیں، پاکستان کے پانچویں بڑے شہر راولپنڈی میں سیاسی سرپرستی اور اداروں میں بیٹھے بدعنوان عملے کی ملی بھگت سے سیکڑوں کے حساب سے بغیر کسی نقشے اور سرکاری فیس کے رہائشی اور کمرشل عمارتیں تعمیر ہو چکی ہیں بالخصوص کمرشل تعمیرات میں عملے کی ملی بھگت سے سیٹ بیک نہ چھوڑنے اور پارکنگ کی جگہ دکانیں تعمیر کر لینے کی وجہ سے شہر میں ٹریفک کے مسائل سنگین صورت اختیار کر چکے ہیں۔ میونسپل کارپوریشن کے ذرائع کا کہنا ہے کہ گزشتہ دس برسوں کے دوران شہر میں بلانقشہ اور خلاف نقشہ ہونے والی بیشتر تعمیرات میں سابق حکومتی جماعت مسلم لیگ ن کے رہنمائوں کا بہت زیادہ عمل دخل رہا ہے ادارے نے اگر کہیں کارروائی کرنا بھی چاہی تو مسلم لیگ کا کوئی نہ کوئی رکن اسمبلی رکاوٹ بن گیا کئی تاجر رہنمائوں نے بھی مسلم لیگ کے نعرے لگا کر بہتی گنگا میں ہاتھ دھوئے اور اقبال روڈ سمیت دیگر علاقوں میں بغیر نقشے اور فیس کی ادائیگی کے پلازے بنائے اس دوران سیاسی سرپرستی
ہونے پر کارپوریشن میں مخصوص سیٹوں پر سالہا سال سے تعینات بعض بدعنوان اہلکاروں کی ملی بھگت سے ندی نالوں پر قبضہ بھی ہوا بوہڑ بازار میں کارپوریشن کے کروڑوں روپے کے پلاٹ پر دو بار قبضہ کروانے کی کوشش کروائی گئی لیکن معاملہ میڈیا پر آنے کے بعد قبضہ گروپ کو کامیابی نہ مل سکی، اسی طرح جڑواں شہروں کو ملانے والی اکلوتی مری روڈ تک کو نہیں بخشا گیا۔ کچھ عرصہ قبل میونسپل کارپوریشن کے سابق ایڈمنسٹریٹر اور ماتحت عملے کی آشیرباد سے مری روڈ پر تیلی محلہ کے علاقہ میں جلیبی کی دکان سے متصل بغیر کسی نقشے اور سیٹ بیک چھوڑے پرانی اینٹوں اور گارڈر وٹی آئرن سے مرمت کے نام پر تین منزلہ کمرشل عمارت تعمیر ہوئی حالانکہ یہ وہ جگہ ہے جہاں سڑک کی چوڑائی کم ہونے کی وجہ سے دن بھر ٹریفک بلاک رہتی ہے۔ یہ عمارت بھی قانون کا منہ چڑھا رہی ہے۔ اداروں میں بیٹھے بدعنوان عملے کی تجاوزات کی سرپرستی کی وجہ سے ہی راولپنڈی کے رہائشیوں نے عام انتخابات میں مسلم لیگ کو مسترد کرتے ہوئے تبدیلی کی خاطر تحریک انصاف کو کامیاب کروایا۔ اب شہری وزیراعظم عمران خان اور وزیراعلٰی پنجاب عثمان بزدار سے مطالبہ کر رہے ہیں میونسپل کارپوریشن سمیت دیگر اداروں میں عرصہ دراز سے مرضی کی سیٹوں پر بیٹھے عملے کو فوری طور پر تبدیل کر کے تجاوزات کیخلاف کارروائی اور غیرقانونی تعمیرات کو روکا جائے۔

Rawalpindi; The public of Rawalpindi has requested the Chief justice Mian Saqib Nisar to take notice of illegal construction taking place after the chief justice had taken action in Karachi in similar situation.

 

Show More

Related Articles

Back to top button