Around 145 polling stations set to be deployed in Kallar Syedan
تحصیل کلر سیداں میں 145 پولنگ اسٹیشنز قائم کئے جائیں گے
نتخابات میں تحصیل کلر سیداں میں 145 پولنگ اسٹیشنز قائم کئے جائیں گے جن میں سے 8 پولنگ اسٹیشنز کو حساس ترین جبکہ 9 کو حساس قرار دے دیا گیا ہے۔ذرائع کے مطابق قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 57 کلر سیداں کی حدود میں 74،این اے 58 میں 71،پی پی 7 میں 104،پی پی 9 میں 9 جبکہ پی پی 10 میں32 پولنگ اسٹیشنز قائم کئے جائیں گے۔ذمہ دار ذرائع کے مطابق کلر سیداں سمیت ڈریال،بشندوٹ،گف،بھکڑال،ڈھیرہ خالصہ اور سکرانہ کو حساس ترین جبکہ کلر سیداں میں بوائز و گرلز ہائی سکولز،کمبیلی صادق،موہڑہ بنی،چنام،ٹکال،ڈھوک سنگال شامل ہیں کو حساس قرار دے دیا گیا ہے۔حساس ترین پولنگ اسٹیشنوں پر امن و امان کی صورتحال کوبرقرار رکھنے کیلئے پاک آرمی اور رینجرز کے دستے جبکہ پولیس کی اضافی نفری تعینات کی جائے گی۔
مرکز چوآ خالصہ کو ترجیح بنیادوں پر ترقی دے کر اسے گوجرخان کے ہم پلہ بنائیں گے ۔ راجہ پرویز اشرف
سابق وزیر اعظم این اے 58سے پیپلز پارٹی کے امیدوار راجہ پرویز اشرف نے کہا ہے کہ اقتدار کی ہوس میں مبتلا لوگ اپنے رہنما اور جماعتیں بدل کر لوگوں کے ضمیر کا سودا نہیں کر سکتے ۔ہم نے وعدے اور دعوے نہیں کئیے عوام کی حقیقی خدمت کی ہے ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ شب چوآخالصہ کی ڈھوک چوہدری گوہر علی میں ایک اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا جس کی صدارت چوہدری امیتاز حسین نے کی ۔راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ ہم نے لوگوں کو ملازمتیں دیں ترقیاتی کام کئیے اس پر ہمیں شرمندگی نہیں فخر ہے لوگوں کے مسائل حل کرنا ہی حقیقی جمہوریت ہے ۔این اے 58کے گلی کوچے ہماری خدمات کے معترف ہیں مخالفین نے ہمارے ہی منصوبوں پر تختیاں لگا کر لوگوں کو گمراہ کرنے کی کوشش کی ۔انہوں نے کہا کہ مستقبل کی حکومت کی تشکیل کے لیے پاکستا ن پیپلز پارٹی سے بات کرنا ہو گی ،پیپلز پارٹی کی حمایت کے بغیر حکومت کا قیام ممکن نہیں میں نے حلقہ بندیوں میں ازخود کلر سیداں سے قانون گو حلقہ چوآخالصہ کو گوجرخان کی نشست کا حصہ بنانے کی تجویز پیش کی ۔دوسرے امیدواروں نے اس کی مخالفت کی وہ آج اس حلقے میں کس منہ سے رجوع کر رہے ہیں ؟انہوں نے کہا کہ وہ کامیابی کی صورت میں مرکز چوآ خالصہ کو ترجیح بنیادوں پر ترقی دے کر اسے گوجرخان کے ہم پلہ بنائیں گے ۔
میونسپل کمیٹی کلر سیداں کی وارڈ نمبر 23جوچھہ ممدوٹ کی مغل برادری کا اجلاس
میونسپل کمیٹی کلر سیداں کی وارڈ نمبر 23جوچھہ ممدوٹ کی مغل برادری کا اجلاس گزشتہ روز مسلم لیگ ن کے رہنما شبیر مغل اور یوتھ ونگ کے رہنما عاصم شبیر کی رہائش گاہ پر منعقد ہوا ۔۔جس میں عظمت مغل ، ارباب مغل ،جاوید منصور مغل ، اللہ دتہ مغل ، ذولقرنین مغل ، محمد بشارت ، محمد ضمیر مغل طارق بٹ ، مصطفی بٹ اور رحمان بٹ نے اپنی برادری سمیت راجہ صغیر احمد کی مکمل حمایت کا اعلان کیا آزاد امیدوار حلقہ پی پی 7 راجہ صغیر احمد نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میں عام آدمی کی آواز ہوں عوام کی محرومیوں کے ازالے کے لیے ہر ممکن اقدامات اٹھاؤں گا ۔
کلر سیداں سے ہی پینا فلیکس اتارنا بڑی زیادتی کی بات ہے ۔
کلر سیداں بلدیہ تمام سیاسی امیدواروں کے پینافلیکس روزانہ کی بنیاد پر اتارتی ہے مگر اس سلسلے میں راولپنڈی اور اسلام آباد کی انتظامیہ خواب خر گوش کے مزے لے رہی ہے بلدیہ کلر سیداں تحصیل کلر سیداں کی حدود میں تمام یوسیز دیہات و قصبات اور شاہ باغ سے دھانگلی تک تمام پینا فلیکس روزانہ کی بنیاد پر اتار لیتی ہے جبکہ روات سے لے کر مانکیالہ ساگری اور شاہ باغ تک بڑے بڑے پینا فلیکس گزشتہ کئی ہفتوں سے نصب ہیں راولپنڈی اور اسلام آبا دکی انتظامیہ انہیں اتارنے کے لیے حرکت میں نہیں آتی صرف کلر سیداں کی حدود میں ہی سیاسی امیدواروں کے پینا فلیکس اتار لیے جاتے ہیں یا تو ملحقہ علاقوں راولپنڈی اسلام آباد میں بھی نصب پینا فلیکس اتارے جائیں بصورت دیگر کلر سیداں سے ہی پینا فلیکس اتارنا بڑی زیادتی کی بات ہے ۔
سابق کونسلر صوبیدار (ر) محمد اشرف بھٹی مختصر علالت کے باعث انتقال کر گئے جنہیں موضع بھلہ کے آبائی قبرستان میں سپرد خاک کر دیا گیا ۔
سابق کونسلر صوبیدار (ر) محمد اشرف بھٹی مختصر علالت کے باعث انتقال کر گئے جنہیں موضع بھلہ کے آبائی قبرستان میں سپرد خاک کر دیا گیا ۔مرحوم اسٹام فروش شاہد بھٹی کے والد گرامی تھے۔نماز جنازہ میں سیاسی،سماجی،کاروباری حلقوں،بلدیاتی نمائندوں اور قومی و صوبائی اسمبلی کے امیدواروں نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔
لڑکی کے ساتھ ناجائز تعلقات استوار کرنے کے شبہ میں 21 سالہ نوجوان کو اغواء کرنے کے الزام میں تین افراد کیخلاف مقدمہ درج کر لیا گیا
لڑکی کے ساتھ ناجائز تعلقات استوار کرنے کے شبہ میں 21 سالہ نوجوان کو اغواء کرنے کے الزام میں تین افراد کیخلاف مقدمہ درج کر لیا گیا۔مسمی محمد الیاس سکنہ منگلورہ نے مقدمہ درج کراتے ہوئے بیان دیا کہ میں ڈھوک ڈھیری منگلورہ کا رہائشی ہوں۔گزشتہ روز میرا بیٹا محمد عدنان کسی کام کے سلسلہ میں گھر سے کلر سیداں بازار جا رہا تھا کہ قریب وقت گیارہ بجے دن جامع مسجد مارکیٹ کے قریب پہنچا تو مسمیان محمد قدیر،محمد ضمیر،محمد حفیظ پسران غلام دین گاڑی ٹیکسی نمبری ایل او جی 7885جس کو محمد شکیل نامی ڈرائیور چلا رہا تھا نے اسے گاڑی میں ڈالا اور نامعلوم مقام پر اغواء کر کے لے گئے۔اس واقعہ کو محمد نعیم ،نزاکت علی سکنہ موہڑہ پھڈیال نے بچشم خود دیکھا۔وجہ عناد یہ ہے کہ کچھ دنوں سے ملزمان میرے بیٹے کا پیچھا کر رہے تھے انہیں شک تھا کہ میرے بیٹے محمد عدنان کے محمد حفیظ کی بیٹی کیساتھ تعلقات ہیں۔