Day light robberies at rise in Kallar Seydan
کلرسیداں کے مختلف علاقوں میں چوری اور ڈکیتی کی مختلف وارداتیں، دن دیہاڑے شہری قیمتی اشیا سے محروم
ڈکیتی کی واردات میں نامعلوم موٹر سائیکل سواروں نے سوزوکی ڈرائیور کو اسلحہ کی نوک پر لوٹ لیا
کلر سیداں (اکرام الحق قریشی)ڈکیتی کی واردات میں نامعلوم موٹر سائیکل سواروں نے سوزوکی ڈرائیور کو اسلحہ کی نوک پر لوٹ لیا اور موقع سے فرار ہو گئے ۔ ڈکیتی کی یہ واردات کلر سیداں روات روڈ پر مانکیالہ میں موہڑہ وینس کے قریب پیش آئی جہاں برکت نامی سوزوکی ڈرائیور جو ساگری کا رہائشی بتایا جاتا ہے سکول کے بچوں کی شفٹ کے بعد اپنے گھر واپس آ رہا تھا کہ پیچھے سے آنے والے دو نامعلوم موٹر سائیکل سواروں نے روک لیا اور اسلحہ کی نوک پر اس کی جیب سے 32 ہزار روپے کی نقدی ، ڈرائیونگ لائسنس ،شناختی کارڈ اور موبائل فون چھین لیا۔
کلر سیداں میں مویشی چور متحرک ہو گئے،متعدد افراد کے جانوروں کو دن دیہاڑے چوری کر لیا گیا
کلر سیداں (اکرام الحق قریشی)کلر سیداں میں مویشی چور متحرک ہو گئے،متعدد افراد کے جانوروں کو دن دیہاڑے چوری کر لیا گیا۔کلر سیداں اور گردونواح میں مویشی چوری کی وارداتوں میں اضافہ ہو گیا ہے جس کی وجہ سے علاقہ بھر میں سخت تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے۔کلر سیداں کے نواحی علاقہ پرانا سروہا میں ایک شخص کے بکرے کو دن دیہاڑے دو موٹر سائیکل سواروں نے اٹھا لیا ۔واردات کے دوران وہاں موجود لڑکوں نے انہیں ایسا کرنے سے منع کیا تو انہوں نے کہا کہ یہ ہمارا اپنا بکرا ہے جو اس طرف آ گیا تھا۔گھر والوں کو اطلاع ملنے پر انہوں نے بکرے چور کا تعاقب کیا اور جونہی وہ اپنے گھر میں داخل ہوئے تو بکرے کا مالک بھی ان کے گھر پہنچ گیا اور شناخت کر کے مسروقہ بکرا برآمد کر لیا۔
کلر سیداں کے وسطی علاقے میں چوری کی واردات میں نامعلوم چور دن دیہاڑے لاکھوں روپے مالیت کے طلائی زیورات چوری کر کے فرار
کلر سیداں (اکرام الحق قریشی)کلر سیداں کے وسطی علاقے میں چوری کی واردات میں نامعلوم چور دن دیہاڑے لاکھوں روپے مالیت کے طلائی زیورات چوری کر کے فرار ہو گئے۔تھانہ کلر سیداں پولیس نے درخواست وصول کر کے چوروں کی تلاش شروع کر دی۔نواحی محلے میں چوری کی ایک واردات ہوئی ہے جہاں نامعلوم چور شام چار بجے گھر میں داخل ہو گئے اور ایک کمرے میں تلاشی کے دوران الماری میں موجود بیس لاکھ روپے مالیت کے طلائی زیورات چوری کر کے فرار ہو گئے۔واردات کے موقع پر گھر میں ساس اور بہو موجود تھیں۔تھانہ کلر سیداں پولیس کے سب انسپکٹر ملک خالق داد مصروف تفتیش ہیں۔
کلر سیداں تھانہ روڈ پر مسجد عاشقاں کے نزدیک تعمیر کیا جانے والا برساتی نالہ مقامی افراد کیلئے وبال جان بن گیا
کلر سیداں (اکرام الحق قریشی)کلر سیداں تھانہ روڈ پر مسجد عاشقاں کے نزدیک تعمیر کیا جانے والا برساتی نالہ مقامی افراد کیلئے وبال جان بن گیا۔کلر سیداں بار ایسوسی ایشن کے سابق جنرل سیکرٹری عظمت مغل نے چےئرمین ایم سی کلر سیداں کے نام دی گئی درخواست میں تحریر کیا ہے کہ ٹھیکیدار کی نااہلی کی وجہ سے کلر سیداں تھانہ روڈ پانی کی نکاسی کیلئے تعمیر کیا جانے والا نالہ بند ہونے سے نالے کے گندے پانی نے اپنا رخ عقبی حصے میں قائم آبادی کی طرف سے موڑ لیا ہے جس کی وجہ سے نہ صرف وہاں کے مکینوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے بلکہ سیوریج کا گندا پانی مسجد کے صاف پانی میں بھی شامل ہو کر مختلف قسم کی بیماریوں کا سبب بن رہا ہے جس کی وجہ سے نمازیوں میں بھی سخت تشویش پائی جا رہی ہے ۔انہوں نے بتایا کہ گندا نالہ مزید آگے دو گھروں کے سامنے بھی بند پڑا ہوا ہے ۔انہوں نے تجویز دی کہ اگر ناظم آباد کی جانب سے آنے والی لنک روڈ اور متصل دو گھروں کے سامنے سے بند نالے کو کھول دیا جائے تو نہ صرف وہاں کے مکینوں کیلئے آسانی پیدا ہو جائے گی بلکہ مسجد کے کنویں کے پانی کو بھی مزید زہر آلودہ ہونے سے بچایا جا سکتا ہے اور اس سلسلہ میں اٹھنے والے تمام اخراجات وہ اپنی جیب سے ادا کرنے کو بھی تیار ہیں۔
نواز شریف دشمنی میں پنجاب کی تقسیم کی کوششیں کرنے والوں کی شدید مذمت
کلر سیداں (اکرام الحق قریشی)کلر سیداں کے عوامی حلقوں نے نواز شریف دشمنی میں پنجاب کی تقسیم کی کوششیں کرنے والوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ محض تعصب کی بنیاد پر پنجاب کو تقسیم کرنا قومی وحدت کو نقصان پہنچانے کے مترادف ہے ۔اگر ملک کی مقتدر قوتیں اور سیاسی اقابرین یہ سمجھتے ہیں کہ نئے صوبے تشکیل دئیے جانے چاہئیے تو اس کے لیے کمیشن بنا کر علاقائی لسانی بنیادوں کی بجائے انتظامی بنیادوں پر نئے صوبے قائم کئیے جائیں ۔نواز شریف دشمنی میں پیپلز پارٹی اور پی ٹی آئی پنجاب کو تقسیم کرنے پر بضد ہیں جبکہ دوسری جانب فاٹا کو کے پی کے میں شامل کر کے اس کی ہجم کو بڑھایا جا رہا ہے ہزارہ صوبے کی آواز کو طاقت کی بنیاد پر دبا دیا گیا اور صرف نواز شریف کا راستہ روکنے کے لیے جنوبی پنجاب صوبے کے قیام کی سازشیں کی جا رہی ہیں اگر جنوبی پنجاب میں اس بنیاد پر صوبہ تشکیل دینے کی کوشش کی جار ہی ہے کہ قیام پاکستان سے قبل بہاولپور ریاست تھی تو پھر سندھ کے ضلع خیر پور ،بلوچستان میں قلات ،کے پی کے میں دیر اور سوات بھی ریاستیں تھیں انہیں صوبوں میں بدل دیا جائے تا کہ پنجاب دشمنی کا تاثر ختم ہو سکے ۔
راولپنڈی بینچ کے جج جسٹس علی اصغر قریشی نے رٹ پٹیشن ابتدائی سماعت کے بعد منظور کرتے ہوئے الیکشن کمیشن سمیت تمام فریقین کو 15مئی کو طلب کر لیا
کلر سیداں (اکرام الحق قریشی)وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کے انتخابی حلقہ این اے 57سے کلر سیداں کے قانون گو حلقہ چوآخالصہ کی چھ یونین کونسلوں کو گوجرخان کے حلقہ این اے 58میں شامل کرنے کے خلاف لاہور ہائی کورٹ کے راولپنڈی بینچ کے جج جسٹس علی اصغر قریشی نے رٹ پٹیشن ابتدائی سماعت کے بعد منظور کرتے ہوئے الیکشن کمیشن سمیت تمام فریقین کو 15مئی کو طلب کر لیا ہے ۔چیئر مین یوسی نلہ مسلماناں چوہدری شفقت محمودمسلم لیگ ن تحصیل کلر سیداں کے جنرل سیکرٹری راجہ گلستان خان ،نمبر دار اسد عزیز اور چوہدری عابد خان نے چوہدری اسد الرحمان ایڈووکیٹ کے ذریعے عدالت کو درخواست دی کہ قیام پاکستان کے بعد سے تاحال قانون گو حلقہ چوآخالصہ ،مری کہوٹہ کے انتخابی حلقے کا حصہ رہا مگر الیکشن کمیشن نے گزشتہ ماہ اسے اپنے حلقے سے نکال کر گوخرخان میں شامل کر دیا اور قانون گو حلقہ کلر سیداں بلدیہ کلر سیداں اور راولپنڈی کے قانون گو حلقہ ساگری کی یونین کونسلوں ساگری ،مغل ،لوھدرہ ،بگا شیخاں اور تخت پڑی کو مری کہوٹہ سے منسلک کر کے یہاں کے لوگوں کے بنیادی حقوق کو بری طرح سے متاثر کیا گیا۔جسٹس علی اصغر قریشی نے الیکشن کمیشن اور دیگر فریقین کو بمہ ریکار ڈ 15مئی کو طلب کر لیا ۔