Shab-e-Barat prayers held in Masjid’s all over Norway
ناروے بھر میں شب برات انتہائی عقید ت و احترام اور مذہبی جوش و جذبے سے منائی گئی
اوسلو(نمائندہ پوٹھوار ڈاٹ کوم، عقیل قادر)۔۔۔۔ ناروے بھر میں شب برات انتہائی عقید ت و احترام اور مذہبی جوش و جذبے سے منائی گئی۔بچے، بڑے بزرگ اور خواتین سب ہی عبادتوں میں مصروف رہے۔اوسلو میں تمام اسلامی مراکز میں بڑے بڑے اجتماعات منعقد کیئے گئے۔مسلم سینٹر فیورست میں بھی ایک عظیم الشان روحانی محفل منعقد کی گئی جس میں خواتین وحضرات نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ محفل کا باقاعدہ آغاز تلاوت قرآن پاک سے کیا گیااور نعت رسول مقبول ﷺکی سعادت قاری اسرار احمد نے حاصل کی۔ شب برات کی محفل سے مسلم سینٹر فیورست کے امام و خطیب علامہ قاری نور علی سیالوی نے توبہ و استغفار کے موضوع پر فکر انگیز خطاب کیا۔ انہوں نے کہا کہ شعبان کی 15 ویں رات (شب برات) بخشش اور مغفرت کی رات ہے اور اس رات اللہ کی رحمت بندوں کی دعاؤں کی منتظر رہتی ہے کہ کب بندہ دعا کرے اور اللہ اس کی دعا کو پورا کرے۔ درودوسلام کی گونج میں حاضرین کو حضورنبی کریم ﷺ کے موئے مبارک کی زیارت بھی کرائی گئی ۔ تمام اسلامی مراکز میں ہزاروں فرزندان اسلام نے رب کائنات کے حضور سربسجود ہو کر اپنے اعمال کی اصلاح، گناہوں سے توبہ، رزق میں برکت، صحت و تندرستی کے لیے خصوصی دعائیں کیں۔ ان تمام مراکز پر باجماعت نماز تسبیح کا خصوصی اہتمام کیا گیا ۔شب برات کے موقع پر پاکستان اور امت مسلمہ کی سلامتی کے لیے بھی خصوصی دعائیں کی گئیں۔