Muslim centre in Norway raises 25 Lakh rps for Pakistan dam appeal
ناروے۔ مسلم سینٹر لُورَن سکو گ کی جانب سے ڈیم فنڈ کے لیے 25 لاکھ روپے کا عطیہ
دنیا بھرمیں پاکستانی تارکین وطن جہاں پر بھی رہتے ہیں پاکستان سے بے پناہ محبت کے رشتے کو کسی نہ کسی صورت میں برقرار رکھے ہوئے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ جب بھی پاکستان پر کوئی مشکل گھڑی آئی تو تارکین وطن پاکستانیوں نے اپنا بھرپور کردار ادا کیا ہے جس کا اظہار وزیر اعظم پاکستان عمران خان اور چیف جسٹس آف پاکستان میاں ثاقب نثار متعدد بار کر چکے ہیں۔ ناروے میں ان دنوں بہت بڑی تعداد میں مختلف تنظیمات اور مساجد سفارتخانہ پاکستان کے ساتھ مل کر ڈیم فنڈ کے سلسلے میں مہم جاری رکھے ہوئے ہیں جس میں بڑی تعداد میں ناروے میں مقیم پاکستانی بڑھ چڑھ کر حصہ لے رہے ہیں۔ مسلم سینٹر لُورَن سَکُوگ نے بعد از نماز جمعہ ڈیم فنڈ کے حوالے سے ایک مختصر تقریب کا اہتمام کیا جس میں کمیونٹی کی بڑی تعداد نے حصہ لیا۔ تقریب کا آغاز سید جواد حسین شاہ نے تلاوت قرآن پاک اور نعت رسول مقبول ﷺ سے کیا۔ ڈاکٹر محمد عدیل نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پانی کی اہمیت پر فکر انگیز گفتگو کی۔ انہوں نے کہا کہ محسن انسانیت حضور نبی کریم ﷺ نے پانی کے لیے عطیات جمع کرنے کا آغاز فرمایا تھا جب مسلمان مکہ سے ہجرت کر کے مدینہ پہنچے تو پانی کا واحد کنواں یہودی کی ملکیت تھا جسے خریدنے کے لیے آپ ﷺ نے مالی تعاون کی اپیل اور اسکے عوض جنت کی بشارت دی۔ جس پر حضرت عثمانؓ نے پانی کا کنواں خرید کر مسلمانوں کے لیے وقف کر دیا۔ تقریب سے سفیر پاکستان ظہیر پرویز خان نے خطاب کرتے ہوئے پاکستانی کمیونٹی کے ایثار کے جذبے کو خراج تحسین پیش کیا اور مسلم سینٹر لورن سکوگ کی طرف سے کی جانے والی کاوشوں کو سراہا ۔مسلم سینٹر لُورَن سَکُوگ کے صدر حاجی محمد نسیم اور مرکزی رہنما مشتاق سامورُونے بھی خطاب کیا اور ان احباب کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے ڈیم فنڈ میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا۔
Norway; The Norwegian Pakistani community at Muslim centre Loran Sakoog have raised 25 Lakh rps for Pakistan dam appeal after namaz e jumma.