Sardar Arif Shaheen addresses teachers federation in Mirpur
سردار عارف شاہین کا ضلع میرپور کے اساتذہ کے ایک اجلاس منعقدہ مقامی ہوٹل میں بحیثیت مہمان خصوصی خطاب
وزیر اعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق خان آزاد کشمیر میں تعلیمی انقلاب برپا کرنا چاہتے ہیں۔ لیکن بیوروکریسی ان کے ویژن اور سوچ کے برعکس کا م کر رہی ہے۔ استاد کو باعزت اورباوقار مقام دئیے بغیر نہ کوئی ملک ترقی کر سکتا ہے اور نہ کوئی پالیسی کامیاب ہو سکتی ہے۔ حکومتی سوچ مثبت ہوسکتی ہے لیکن بیوروکریسی کا رویہ اس کے بالکل برعکس ہے۔ اس وقت آزاد کشمیر کے اساتذہ مایوسی کا شکار ہیں فاروق اور گلگت بلتستان میں بھی پرائمری اساتذہ سکیل B-14، جونیئر اساتذہ B-16، اور سینئر اساتذہ کو سکیل B-17،دیا جا رہا ہے لیکن آزاد کشمیر میں اساتذہ کی بھرتی اور ترقیابی کے لیے بہتر کوالیفیکیشن تو مقرر کر دی گئی ہے۔ لیکن اساتذہ کو بہتر سکیل دینے میں ٹال مٹول سے کام لیا جارہا ہے۔ اس وقت ہزاروں کی تعداد میں اساتذہ کی آسامیاں خالی ہیں لیکن اساتذہ کو ترقیاب کرنے کی بجائے براہ راست کوٹہ کی آڑ میں من پسند افراد کی ایڈہاک تقرریاں کی جا رہی ہیں۔ جس سے اساتذہ آزاد کشمیر کی ترقیابی کے راستے روک دئیے گئے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار آزاد کشمیر سکول ٹیچر زآرگنائزیشن کے مرکزی صدر سردار عارف شاہین نے ضلع میرپور کے اساتذہ کے ایک اجلاس منعقدہ مقامی ہوٹل میں بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انھوں نے مزید کہا کہ اب اساتذہ آزادکشمیر اپنے مطالبات کے نوٹیفکیشن کے اجراء تک احتجاج جاری رکھیں گے۔اجلاس کی صدارت آزاد کشمیر سکول ٹیچر زآرگنائزیشن ضلع میرپور کے صدر محمد سعید عالم چوہدری نے کی اور مرکزی قیادت کو یقین دلایا کہ اساتذہ ضلع میرپور اساتذہ کے حقوق کی جدوجہد میں ہراول دستہ کا کردار ادا کریں گے۔ انھوں نے کہا۔ پرائمری جونیئر ٹیچر کے ساتھ ہونے والی زیادتی کا ازالہ کیا جائے۔ ٹیچرسن کا کوٹہ بحال کیاجائے ۔ ڈیتھ پیکج کے تحت بھرتی ہونے والے اساتذہ کو مستقل کیا جائے ۔ اجلاس میں کثیر تعداد میں شرکت کرنے پر اساتذہ ضلع میرپور اور مرکزی قائدین کا خصوصی طور پر شکریہ ادا کیا۔ جلسہ میں نظامت کے فرائض ضلعی جنرل سیکرٹری محمد حفیظ اور راجہ محمد سرفراز نے سر انجام دئیے۔ اجلاس سے ٹیچرز آرگنائزیشن کے مرکزی نگران اعلیٰ محبوب اعوان، میرپور ڈویژن کے صدر قاری حفیظ الرحمن سابق سابق سیکرٹری جنرل منیر ناز چوہدری سابق ڈی ای او راجہ راشد تراب ، مرکزی پریس سیکرٹری مظفر منہاس، دیگر قائدین منصور عباسی، نیاز چوہدری ، شیخ معراج، عبدالخالق صدر تحصیل ڈدیال، اورنگزیب چوہدری ، محمد امین چوہدری ، نظیر چوہدری احمد نذیر ، راجہ ضامن عباس، راجہ عبدالرزاق، محمد اشتیاق چوہدری ، ظہیر شہزاد بٹ ، خواجہ زبیر اور دیگر قائدین نے خطاب کیا ۔