DailyNewsKallar Syedan

Support Nawaz Sharif to strengthen the foundations of Pakistan, Raja Zaffar Ul Haq

پاکستان کی بنیادوں کو مضبوط کرنے کے لیے نواز شریف کا ساتھ دینا ہے,راجہ محمد ظفر الحق

پاکستان مسلم لیگ ن کے چیئر مین سینیٹر راجہ محمد ظفر الحق نے کہا ہے کہ جس نواز شریف نے بھارت کے پانچ ایٹمی دھماکوں کے مقابلے میں چھ ایٹمی دھماکے کر کے پاکستان کے دفاع کو ناقابل تسخیر بنایاجو اب سی پیک کے ذریعے ملک کو اقتصادی طور پر مستحکم کر رہا تھا جس نے ججوں کی بحالی کرائی آج اسے اڈیالہ جیل میں اپنی بیٹی اور داماد کے ساتھ بدسلوکی کا سامنا ہے ۔نوازشریف کو پہلی رات چارپائی اور چٹائی تک فراہم نہ کی گئی کمرے میں کرسی تھی نہ میز تھا اور نواز شریف ننگے فرش پر سوئے جبکہ کئی ملزموں کو ریسٹ ہاؤسز میں رکھا گیا مگر نواز شریف کے ساتھ یہ افسوس ناک سلوک قابل مذمت ہے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کے روز کلر سیداں ،پھلینہ ،موہڑہ بنی والا، ڈھوک عدالت پنڈ ،موہڑہ دھیال میں بڑے انتخابی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر پختون خواہ ملی عوامی پارٹی کے سیکرٹری مالیات قیوم اچکزئی ،چیئر مین بلدیہ کلر سیداں شیخ عبدالقدوس نے بھی خطاب کیا۔اجتماعات میں بلدیہ کلر سیداں کے اراکین حاجی اخلاق حسین، محمد جنید بھٹی، راجہ کامران عابد، شیخ حسن ریاض، راجہ ظفر محمود، راجہ طارق محمود، چوہدری محمد اشرف، پرویز اختر منہاس بھی موجود تھے ۔راجہ محمد ظفر الحق نے کہا کہ جنرل مشرف نے آئین توڑا اور آئین کے ساتھ غداری کی اسے جیل کی بجائے ہسپتال کے وی آئی پی روم رکھا گیا یہ ساری صورتحال محب وطن افراد کے لیے باعث تشویش ہے ۔انہوں نے کہا کہ وہی حکومت قوم کے مسائل حل کر سکتی ہے جسکا انتخاب شفاف اور منصفانہ انتخاب کے عمل میں لایا گیا ہو انہوں نے کہا کہ آنے والے انتخابات معمول کے نہیں ہیں ہم نے پاکستان کی بنیادوں کو مضبوط کرنے کے لیے نواز شریف کا ساتھ دینا ہے ووٹ کو عزت دو کا نعرہ پوری قوم کی آواز بن چکا ہے۔ انہوں نے محمود اچکزئی کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ یہ نواز شریف کے وفادار ساتھی اور نظریاتی بھائی ہیں یہ ملک میں سول راج کی حکمرانی چاہتے ہیں محمود اچکزئی نے درست کہا ہے کہ ملک کے آئین کو نہ چھیڑا جائے لوگوں کو زندہ رہنے کا حق دیا جائے بصورت دیگر حالات قابو سے باہر ہو جائیں گے ۔

وزارت اور وزارت عظمیٰ دیکھی ہے اب کسی شہرت اور عہدے کا لالچ نہیں ,راجہ پرویز اشرف

سابق وزیر اعظم راجہ پرویز اشرف نے کہا ہے کہ میں نے وزارت اور وزارت عظمیٰ دیکھی ہے اب کسی شہرت اور عہدے کا لالچ نہیں یہ الیکشن میں اللہ کی رضا اور مخلوق خدا کی بہتری کے نام پر لڑ رہا ہوں چاہتا تو بقیہ وقت فیملی کے ساتھ گزار سکتا تھا مگر علاقائی پسماندگی کی تڑپ نے مجھے پھر الیکشن لڑنے پر مجبور کیا۔انہوں نے کہا کہ میرا تعلق لوئر مڈل کلاس سے ہے اور میں ایک صوبیدار کا بیٹا ہونے پر فخر محسوس کرتا ہوں میں نے سیاست کا آغاز پیپلز پارٹی سے کیا آج تک اسی جماعت کے ساتھ ہوں ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے سکوٹ ،سلطان خیل اور سامٹھی میں انتخابی اجتماعات سے خطاب کرتے ہوئے کیا انہوں نے کہا کہ مشرف دور میں مجھے توڑنے کی کوشش کی گئی وزارت کی پیشکش کی گئی مگر میرا جوا ب تھا کہ اگر اللہ نے میرے نصیب میں عزت لکھی ہے تو وہ مجھے اپنی جماعت میں ہی ملے گی ،وقت آ گیا ہے کہ تمام افراد سیاسی وابستگیوں سے بالاتر ہو کر مجھے کامیاب کریں ہم سب نے مل کر نفرت کی سیاست کا خاتمہ کرنا ہے مخالفت برائے مخالفت کی سیاست نے علاقے کو نقصان کے سوا کچھ نہ دیا عوام سیاسی بنیادوں کی بجائے میرٹ پر فیصلہ کریں تو انہیں زیادہ آسانی ہو گی ۔میرے مخالفین نے قانون گو حلقہ چوآخالصہ کو گوجرخان سے الگ کرنے کی کوشش کی میں نے عدالتوں میں جا کر یہ مقدمہ جیتا جاوید اخلاص ہتھیار ڈال چکے ہیں رسمی کاروائی باقی ہے ان کی اپنی مسلم لیگ ن کے باضمیر اور باشعور لوگ آج میرے دائیں بائیں کھڑے ہیں ۔

نیا انداز چیئر مین یوسی نلہ مسلمانا ں نے ایک ہی ماہ میں دو سابق وزرائے اعظم شاہد خاقان عباسی اور راجہ پرویز اشرف کے جلسوں کی میزبانی

دور حاضر کی سیاست کا نیا انداز چیئر مین یوسی نلہ مسلمانا ں نے ایک ہی ماہ میں دو سابق وزرائے اعظم شاہد خاقان عباسی اور راجہ پرویز اشرف کے جلسوں کی میزبانی کر کے ایک نئی تاریخ رقم کی ہے ۔انہوں نے گزشتہ ماہ شاہد خاقان عباسی کا کلر سیداں میں نہ صرف جلسہ کرایا بلکہ اپنے دفتر میں ان کا انتخابی دفتر بھی قائم کیا اور گزشتہ روز یہ نلہ مسلماناں میں پیپلز پارٹی کے رہنما سابق وزیر اعظم راجہ پرویز اشرف کے میزبان بنے اس طرح یہ کلر سیداں میں مسلم لیگ ن اور نلہ مسلماناں میں پیپلز پارٹی کے لیے کام کرتے دکھائی دئیے اس نئی طرز سیاست پر ناطقہ سر بگر یباں ہے ۔

ہم نے عمران خان کے تبدیلی کے پیغام کو گھر گھر پہنچا دیا ہے, غلام مرتضیٰ ستی

پی ٹی آئی حلقہ پی پی 7کے امیدوا ر غلام مرتضیٰ ستی نے کہا ہے کہ ہم نے عمران خان کے تبدیلی کے پیغام کو گھر گھر پہنچا دیا ہے فیصلہ عوام نے ووٹ کی پرچی کے ذریعے کرنا ہے ۔انہوں نے کلر سیداں میں مختلف مقامات پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عوام اگر ملک میں حقیقی تبدیلی چاہتے ہیں تو یہ پچیس جولائی کو پوری قوت کے ساتھ عمران خان کے نامزد امیدواروں کو کامیاب کریں ۔عمران خان کو وزیر اعظم بنائے بغیر تبدیلی کا سفر شروع نہیں کیا جا سکتا ہمیں فخر ہے کہ ہماری قیادت نے سیاست کو کاروبار کا ذریعہ نہیں بنایا ہماری جماعت پانامہ لیکس سے پاک ہے جن لوگوں نے ماضی میں سیاست کو تجارت کا درجہ دیا ان کا حشر قوم آج دیکھ رہی ہے یہ تبدیلی کا نقطہ آغاز ہے ابھی بہت کچھ ہونا باقی ہے ۔

 

کلر سیداں کے نواحی علاقہ میں سانپ کے ڈسنے سے35 سالہ شخص جاں بحق

کلر سیداں کے نواحی علاقہ میں سانپ کے ڈسنے سے35 سالہ شخص جاں بحق ہو گیا ذوالفقارنامی شخص کو رات گئے سانپ نے ڈس لیا اسے تشویشناک حالت میں ٹی ایچ کیو ہسپتال کلر سیداں سے راولپنڈی منتقل کیا گیا جہاں وہ زندگی کی بازی ہار گیا۔

مسلم لیگ ن کے زیر اہتمام ایک جلسہ عام آج بروز ہفتہ صبح دس بجے چوآخالصہ کے قریب سر صوبہ شاہ میں منعقد ہو رہا ہے

مسلم لیگ ن کے زیر اہتمام ایک جلسہ عام آج بروز ہفتہ صبح دس بجے چوآخالصہ کے قریب سر صوبہ شاہ میں منعقد ہو رہا ہے جس سے مسلم لیگ ن کے چیئر مین سینیٹر راجہ محمد ظفر الحق ، راجہ جاوید اخلاص ، چوہدری محمد ریاض ، راجہ محمد علی ، محمد ظریف راجہ، چوہدری صداقت حسین اور دیگر خطاب کریں گے ۔

شاہد خاقان عباسی آج بروز ہفتہ دن گیارہ بجے بھلاکھر میں ایک انتخابی اجتماع سے خطاب کریں گے

سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی آج بروز ہفتہ دن گیارہ بجے بھلاکھر میں ایک انتخابی اجتماع سے خطاب کریں گے ۔

چوہدری نثا ر علی خان آج بروز ہفتہ شام پانچ بجے ڈھوک میجر کلر سیداں روڈ یوسی لوھدرہ میں انتخابی اجتماع سے خطاب کریں گے

سابق وزیر داخلہ این اے 59پی پی 10سے آزاد امیدوار چوہدری نثا ر علی خان آج بروز ہفتہ شام پانچ بجے ڈھوک میجر کلر سیداں روڈ یوسی لوھدرہ میں انتخابی اجتماع سے خطاب کریں گے ۔

Show More

Related Articles

Back to top button