DailyNewsKallar Syedan
Kallar Syedan: Driving school and training centre
کلر سیداں میں ڈرائیونگ سکول اور ڈرائیونگ لائسنس کے اجراء کے لئے ہفتہ میں سات دن ٹیسٹ کا آغاز کر دیا گیا ہے
کلر سیداں (اکرام الحق قریشی) آئی جی پنجاب کی ہدایت پر کلر سیداں میں ڈرائیونگ سکول اور ڈرائیونگ لائسنس کے اجراء کے لئے ہفتہ میں سات دن ٹیسٹ کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ٹریفک وارڈنز عمران خان کو ڈرائیونگ سکول اور ڈرائیونگ روڈ ٹیسٹ اینڈ سگنل ٹیسٹ کا انچارج مقرر کیا گیا ہے۔اس سے قبل کلر سیداں میں صرف لرنگ ڈرائیونگ لائسنس کی سہولت میسر تھی۔سینئر ٹریفک آفیسر راولپنڈی منیر احمد ہاشمی نے ہفتہ کے روز کلرسیداں میں سروسز کا باضابطہ افتتاح کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہریوں کی سہولت اور باآسانی ٹریفک لائسنس کے اجراء کیلئے اب کلر سیداں میں بھی صبح 8 سے شام پانچ بجے ڈرائیونگ ٹیسٹ سروس کا آغاز کر دیا گیا ہے جس کے بعد اب کلر سیداں کے شہریوں کو ڈرائیونگ لائسنس کے حصول کیلئے راولپنڈی نہیں جانا پڑے گا۔انہوں نے کہا کہ مرد و خواتین صرف تین ہزار روپے ماہانہ فیس کیاساتھ ڈرائیونگ ٹیسٹ کی سہولت حاصل کر سکیں گے۔انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب نے شہریوں کی سہولت کیلئے تاریخی قدم اٹھاتے ہوئے ڈرائیونگ لائسنس کے اجراء کے عمل کو پیپر لیس کر دیا ہے۔شہری اب کسی بھی ٹریفک دفتر یا خدمت مرکز میں اپنا شناختی کارڈ پیش کر کے مجوزہ فیس جمع کروا کر ڈرائیونگ لائسنس حاصل کر سکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ آئی جی پنجاب کی جانب سے شروع کرائے گئے ان اقدامات کا مقصد پنجاب بھر میں شہریوں کیلئے ڈرائیونگ لائسنس کے حصول کے عمل میں مزید آسانیاں پیدا کرنا ہے کیونکہ گزشتہ سال کے اعداد و شمار کے مطابق صوبے کے بڑے شہروں میں مجموعی طور پر 653106شہریوں نے لرنرز لائسنس کیلئے اپلائی کیا جبکہ وسائل اور وقت کی کمی کے باعث صرف 155404شہری ڈرائیونگ ٹیسٹ دے سکے تھے۔ ڈی ایس پی ٹریفک صدر سرکل ملک اظہر،انچارج لائسنسنگ برانچ انسپکٹر عدنان مہر، انچارج ٹریفک انسپکٹرز کلر سیداں سرکل چوہدری محمد قاسم اور قاضی سعید رسول بھی اس موقع پر موجود تھے۔
کلر سیداں (اکرام الحق قریشی)کلرسیداں میں شادی شدہ ٹک ٹاکر مسماۃ رقیعہ یوسف نے کلرسیداں پولیس کو درخواست میں اپنے خاوند پر الزام عائد کیا ہے کہ اس نے گزشتہ روز شام چار بجے کے قریب اپنے دوست مسمی عامر قریشی کو اپنے گھر بلایا اور مجھے گن پوائنٹ پر اس کیساتھ ہم بستری کرنے پر مجبور کیا اور اس دوران میرا خاوند عامر قریشی کیساتھ جنسی زیادتی کی ویڈیو بھی بناتا رہا اور دھمکی دی کہ اگر کسی کو بتایا تو تمہیں اور تمہارے بچوں کو جان سے مار دونگا۔بیوی کے مطابق خاوند مجھے دیگر لوگوں کیساتھ جسم فروشی کرنے اور پورن ویڈیوز بنانے پر مجبور کر تا ہے کلرسیداں پولیس نے مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کردی۔
کلر سیداں (اکرام الحق قریشی)مسلم لیگ ن کلرسٹی کے نائب صدر شیخ توقیر احمد نے کہا ہے کہ میاں نوازشریف کی حالیہ بریت سے یہ بات ثابت ہو گئی کہ ایک منظم سازش کے تحت ملکی ترقی کے تیزی سے چلتے پہیئے کو روکنے کے لیئے نوازشریف کو سزا دی گئی، جس سے ملک کا ناقابل تلافی نقصان ہوا۔انہوں نے اپنے دورہ جرمنی میں ایک بیان میں کہا کہ مسلم لیگ نے ملک بنایا تھا مسلم لیگ ہی اسے ترقی کی شاہراہ پر گامزن کرے گی انہوں نے کہا کہ آج ملک کو جن پریشان کن حالات کا سامنا ہے اس کے وہ لوگ ذمہ دار ہیں جو سازش کے ذریعے نوازشریف کو اقتدار سے الگ کرکے عمران خان کو اقتدار میں لائے تھے اور آج اسی اپنی کوتاہی کی قیمت ادا کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ نوازشریف کو تین بار اقتدار سے الگ کیا گیا مگر عمران خان نے عدم اعتماد کے ذریعے اپنی حکومت کے خاتمے اور شکست کو کبھی قبول نہ کیا۔انہوں نے کہا کہ اگر 9/10 مئی کھ واقعات جنم نہ لیتے تو بہت سارے لوگ آج بھی خوش فہمیوں کا شکار ہوتے۔انہوں نے واضح کیا کہ آنے والا وقت میاں نواز شریف کا ہے۔
کلر سیداں (اکرام الحق قریشی)کلرسیداں سے دو دوشیزائیں گھروں سے غائب ہو گئیں چوکپنڈوری کی 16 سالہ رہائشی مسماۃ (م) گھر سے غائب ہو گئی ہے جبکہ ایک اور واقعہ میں رجام کی 19 سالہ مطلقہ خاتون والدین کی عدم موجودگی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے گھر سے غائب ہو گئی اور جاتے ہوئے اپنا شناختی کارڈ، اے ٹی ایم کارڈ اور ضروری پارچات بھی ہمراہ لے گئی ہے۔کلرسیداں پولیس مصروف تفتیش ہے۔