Kallar Syedan; Party founder Zulfiqar Ali Bhutto’s birthday party held in Kallar Syedan
کلر سیداں میں پارٹی کے بانی ذوالفقار علی بھٹو کی سالگرہ کے موقع پر منعقدہ تقریب
کلر سیداں:(نمائندہ پوٹھوار ڈاٹ کوم,اکرام الحق قریشی)—پیپلز پارٹی کے مرکزی جنرل سیکرٹری سید نیئر حسین بخاری نے کہا ہے کہ پی ڈی ایم کی تمام سیاسی جماعتیں اس بات پر متفق ہیں کہ موجود حالات میں ملک کو نہیں چلایا جا سکتا۔ملک کی ترقی خوشحالی اور بقاء کے لیے سلیکٹیڈ اور نا اہل حکمرانوں کو اقتدار سے ہر صورت الگ کرنا ہو گا۔میڈیا کا ایک حصہ پی ڈی ایم میں دراڑیں ڈالنے کے لیے مصرو ف ہے جبکہ پی ڈی ایم کے تمام فیصلے اتفاق رائے سے کیے جاتے ہیں اور تمام سیاسی جماعتیں ان فیصلوں کی پابند ہیں ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کے روز کلر سیداں میں پارٹی کے بانی ذوالفقار علی بھٹو کی سالگرہ کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا جس کی صدارت پیپلز پارٹی کے ضلعی صدر چوہدری ظہیر محمود سلطان نے کی۔انہوں نے کہا کہ ذوالفقار علی بھٹو نے اپنی سوچ اور ذہانت سے ساری دنیا کو باور کروایا کہ وہ ایسی سوچ اور سیاسی بصیرت رکھتے ہیں جس کے ذریعے وہ عوام کی خدمت کر سکتے ہیں۔بھٹو کا بنیادی فلسفہ اسلام ہمارا دین، جمہوریت ہماری سیاست اور طاقت کا سرچشمہ عوام ہیں۔ اگر ہم آج بھی بھٹو شہید کے بتائے گئے ان رہنمااصولوں پر کاربند ہو جائیں تو دنیا کی کوئی طاقت ہمیں شکست نہیں دے سکتی۔انہوں نے کہا کہ شہید بھٹو نے عوام کو روٹی کپڑا اور مکان کا نعرہ دیا مگر موجود حکومت نے بھٹو کے نعرے کی نفی کرتے ہوئے ان سے روٹی،کپڑا اور مکان چھین لیا۔نااہل حکمرانوں نے اڑھائی برسوں میں عوام کو ایک کروڑ نوکریاں دیں نہ ہی پچاس لاکھ گھر۔پی آئی اے اور اسٹیل مل کا بیٹر ہ غرق کر دیا گیا۔ آج بھٹو کے نعرے روٹی کپڑا اور مکان کو جاندار طریقے سے عوام کے سامنے رکھنے کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ بھٹو شہید نے عوام کو تنظیم سازی کا اختیار دیا،آج ضرورت اس امر کی کہ بھٹو شہید کے دئیے گئے مشن کو آگے بڑھایا جائے۔انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو کو اقتدار اپنی ذات کیلئے نہیں چاہئے، عوام بلاول بھٹو کا ساتھ دیں تو وہ ملک کی تقدیر بدل سکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ حکومت سے نجات حاصل کرنے کیلئے پی ڈی ایم بہت جلد لانگ مارچ کرنے جا رہی ہے۔گھر بیٹھ کر جدوجہد نہیں کی جا سکتی۔لارے لپے کی سیاست سے باہر نکلنا ہو گا،لوگ کارکردگی چاہتے ہیں نمبر ٹانکنے سے بات نہیں بنے گی۔انہوں نے کہا کہ حکومت کی ناک کے نیچے 22 سالہ معصوم اسامہ ستی کو جس بے دردی سے قتل کر دیا گیا اس کی مثال نہیں ملتی۔انہوں نے کہا کہ ایک وزیر کی اولاد نہیں جبکہ وزیر اعظم نے اپنی اولاد سے اظہار لاتعلقی کر رکھا ہے ایسی صورت میں انہیں کیا پتہ کہ اولاد کا دکھ کیا ہوتا ہے۔انہوں نے کہا کہ اگر ملک میں ترقی چاہتے ہیں تو پیپلز پارٹی کے دئیے گئے اصولوں پر کاربند رہنا ہو گا۔سیاست میں حکمت عملی بنائی جاتی ہے۔تقاضا تھا کہ تمام سیاسی پارٹیاں یکجا ہو کر حکومت کیخلاف اٹھ کھڑی ہوں،پی ڈی ایم کا اتحاد اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے۔انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی ضمنی انتخابات اور سینیٹ میں میدان کھلا نہیں چھوڑے گی۔ضلعی صدر چوہدری ظہیر سلطان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بھٹو شہید کا مشن ہر صورت مکمل کریں گے۔بھٹو شہید کا نام ختم کرنے والے خود مٹ گئے مگر بھٹو آج بھی زندہ ہے۔شعبہ خواتین ضلع راولپنڈی کی صدر سمیرا گل نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملک دشمنوں نے خاصبانہ مقاصد کو طول دینے کیلئے عوام کے دلوں پر راج کرنے اور دنیا کے مانے ہوئے لیڈر کو تختہ دار پر چڑھا دیا لیکن بھٹو کو پھانسی دے کر مارنے کا دعوی کرنے والے خود لوگوں کی یادوں سے مٹ گئے۔تحصیل صدر محمد اعجاز بٹ نے اپنے خطاب میں کہا کہ بھٹو نے عوام کے دلوں اور دماغوں کو فتح کیا اور ان میں شعور پیدا کیا کہ وہ کس طرح اپنے حقوق کی جنگ لڑیں۔تقریب سے راجہ ایم ستار اللہ ایڈووکیٹ،وحید ستی ایڈووکیٹ،راجہ منصور اختر،چوہدری رضوان کلیال،نذر حسین شاہ،طیب چھٹہ،شیخ مسعود،شمروز یونس،آصف ربانی اور مرزا عمر مبین نے بھی خطاب کیا۔اس موقع پر سالگرہ کا کیٹ بھی کاٹا گیا۔
روات پولیس کی اہم کاروائی،بحریہ ٹاؤن میں پولیس پارٹی پر فائرنگ کے مقدمہ میں پیش رفت، مزید 03 ملزمان گرفتار
Rawat police operation, progress in firing case on police party in Bahria Town, 03 more accused arrested
کلر سیداں:(نمائندہ پوٹھوار ڈاٹ کوم,اکرام الحق قریشی)—روات پولیس کی اہم کاروائی،بحریہ ٹاؤن میں پولیس پارٹی پر فائرنگ کے مقدمہ میں پیش رفت، مزید 03 ملزمان گرفتار،خطر ناک ڈکیت گینگ نے چند روز قبل دوران ناکہ بندی روکے جانے پر پولیس پٹرولنگ پارٹی پر فائرنگ کی تھی۔تفصیلات کے مطابق یاسر مطلوب کیانی ایس ایچ او روات نے اپنی ٹیم کے ہمراہ کاروائی کرتے ہوئے بحریہ ٹاؤن میں پولیس پارٹی پر فائرنگ کے مقدمہ میں ملوث مزید 03 ملزمان کو گرفتار کرلیا،خطر ناک ڈکیت گینگ نے چند روز قبل دوران ناکہ بندی روکے جانے پر پولیس پٹرولنگ پارٹی پر فائرنگ کی تھی،ڈکیت گینگ کے ملزمان نے نجی ہاؤسنگ سوسائٹی میں دوران واردات گارڈ کی مزاحمت پر فائرنگ کی جس سے قریبی گھر میں 05 سالہ بچہ جاں بحق ہو گیا تھا، ایس ایچ نے بتایا کہ پولیس نے قبل ازیں خطرناک ڈکیت گینگ کے دو ملزمان کو گرفتار کیا جن سے تفتیش کے دوران معلومات حاصل کر کے مزید 03 ساتھی ملزمان کو بھی گرفتار کر لیا گیا،خطر ناک ڈکیت گینگ کے گرفتار ملزمان کی تعداد 05 ہو گئی ہے، جن کو شناخت پریڈ کے لیے جیل منتقل کر دیا گیا ہے،ملزمان کے دیگر دو ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔
مسلم لیگ ن کی رکن پنجاب اسمبلی منیرہ یامین ستی کورونا سے انتقال کر گئیں
PML-N member Punjab Assembly Munira Yamin Satti passed away due to Corona
کلر سیداں:(نمائندہ پوٹھوار ڈاٹ کوم,اکرام الحق قریشی)—سابق صوبائی وزیر کرنل یامین ستی کی دختر،ایڈیشنل کمشنر بہاولپور خالد یامین ستی اور سابق چیئرمین یوسی نرڑھ بلال یامین ستی کی ہمشیرہ اور مسلم لیگ ن کی رکن پنجاب اسمبلی منیرہ یامین ستی کورونا سے انتقال کر گئیں۔یہ ایک ماہ قبل کورونا وائرس کا شکار ہوئی تھیں انہیں ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ وینٹیلیٹر پر رہنے کے بعد زندگی کی بازی ہار گئیں۔منیرہ یامین ستی 2018کے عام انتخابات میں خواتین کی مخصوص نشستوں پر پنجاب اسمبلی کی رکن منتخب ہوئی تھیں یہ پنجاب وومن ڈویلپمنٹ کی بھی رکن تھیں۔وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے منیرہ یامین ستی کے انتقال پر دلی افسوس کا اظہار کرتے ہوئے لواحقین کے نام اپنے تعزیتی پیغام میں مرحومہ کے لیے دعا مغفرت اور لواحقین کے لیے صبر جمیل کی دعا کی۔ادھر مرحومہ کی نماز جنازہ میں کلرسیداں کے بلدیاتی چییرمینوں محمد زبیر کیانی،سید راحت علی شاہ کے علاؤہ نمبردار اسد عزیز،چوھدری توقیراسلم،اکرام الحق قریشی اور دیگر نے شرکت کی۔
محمد رشید ہاشمی انتقال کر گئے نمازجنازہ کلرسیداں کے گاؤں پنڈ بینسو میں ادا کی گئی
M Rashid Hashmi passed away in village Pind Bainso
کلر سیداں:(نمائندہ پوٹھوار ڈاٹ کوم,اکرام الحق قریشی)—ماہر تعلیم سابق ڈائریکٹر تعلیمات ڈاکٹر عزیز احمد ہاشمی کے چچا محمد رشید ہاشمی انتقال کر گئے نمازجنازہ کلرسیداں کے گاؤں پنڈ بینسو میں ادا کی گئی جس میں ریٹائرڈ ایس پی جمیل احمد ھاشمی،سابق ٹاؤن نائب ناظم محمد نواز جنجوعہ،ڈاکٹر محمد عارف قریشی،مولانا محمد اقبال قریشی،راجہ محمد جاوید،علی اصغر کیانی،چوھدری توقیراسلم،تنویر شیرازی،احسان الحق قریشی،بدر منیر ہاشمی،محمد الطاف ہاشمی، محمد یوسف ہاشمی،قاضی زاھد نعیم،علی افسر بھٹی،تنویر ہاشمی،محمد بشیر ہاشمی اور دیگر نے شرکت کی۔