Kallar Syedan; Farewell retirement reception held in honour of Master Arshad Mahmood Bhatti at Boys elementary school, Kallar
بوائز ایلیمنٹری سکول کلر سیداں کے معلم ارشد محمود بھٹی کی ریٹائرمنٹ کے موقع پر منعقدہ الوداعی تقریب
کلر سیداں (نمائندہ پوٹھوار ڈاٹ کام,اکرام الحق قریشی) چیئرمین قومی ترانہ فاؤنڈیش و سابق چیئرمین راولپنڈی بورڈپروفیسر ڈاکٹر عزیزاحمد ہاشمی نے کہا ہے کہ اساتذہ نئی نسل کی تربیت اور ان میں فروغ عشق رسول اجاگر کرنے اور مملکت خداداد پاکستان سے والہانہ محبت کا جذبہ پیدا کر کے سچا پاکستانی تیار کر تی ہے۔ ان کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جانا چاہئیے ان خیالات کا اظہار انہوں نے بوائز ایلیمنٹری سکول کلر سیداں کے معلم ارشد محمود بھٹی کی ریٹائرمنٹ کے موقع پر منعقدہ الوداعی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ اساتذہ اپنے بے پناہ تدریسی مسائل اور اپنے دستیاب وسائل کیساتھ نوجوان نسل کو باوقار شہری بنانے میں اپنا کردار ادا کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کا مقابلہ علم کے نور سے ہی کیا جا سکتا ہے اور اس مقصد کیلئے تعلیمی اداروں میں اساتذہ کا کردار لائق تحسین ہے۔اسسٹنٹ آئی جی نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹر ویز پولیس جمیل احمد ہاشمی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ معاشرے میں اساتذہ اور والدین کی اہمیت سے کسی کو انکار نہیں۔آج بھی معاشرہ اساتذہ کو عزت کی نگاہ سے دیکھتا ہے مگر آج ہم کمرشل لائز ہو گئے ہیں،استاد کی پہچان ماسٹر جی کے نام سے ہی ہوتی ہے۔انہوں نے کہا کہ ہمارے دور میں ٹیوشن کا کوئی تصور نہیں تھا،صرف تعلیمی اداروں پر ہی انحصار کیا جاتا تھا۔ہمیں تعلیم کیساتھ ساتھ انسانی کردار اور تشخص کو بہتر بنانے پر بھی توجہ مرکوز کرنا ہو گی۔صدر پنجاب ٹیچرز یونین ضلع راولپنڈی قاضی عمران نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کلر سیداں کے اساتذہ نے زندگی کے ہر شعبہ میں نمایاں شخصیات پیدا کی ہیں۔کسی بھی سوسائٹی کو باہم عروج تک پہنچانے میں اساتذہ کا ہی ہاتھ ہوتا ہے۔آج اساتذہ معاشی مسائل کا شکار ہیں اور ان سے امتیازی سلوک رواں رکھا جاتا ہے جو تکلیف دہ امر ہے۔آج پٹواریوں کے کام بھی اساتذہ کے ذمے لگائے جا رہے ہیں،یہ پنجاب ٹیچرز یونین ہی ہے جس نے غیر تدریسی سرگرمیوں کیخلاف علم بغاوت بلند کیا۔اگر ایک استاد آسودہ حال نہیں تو معاشرے کا کوئی فرد بھی آسودہ حال نہیں ہو سکتا۔سینئر ٹیچر اور ادبی شخصیت محمد نصیر زندہ نے کہا کہ استاد معاشرے اور قوم کا ایسا فخر ہے جس کے گرد تاریخ طواف کرتی ہے۔اساتذہ مینار ونور کی وہ روشنی ہے جو بڑی سے بڑی آندھی کا مقابلہ کرنے کی بھی صلاحیت رکھتی ہے۔استاد کو کسی شعبہ سے بھی الگ نہیں کیا جا سکتا۔استاد قوم کے عروج و زوال کے پیچھے کھڑا رہتا ہے،وہ استاد ہی ہے جو تاریخ کا رخ موڑ دیتا ہے۔انہوں نے کہا کہ حضورﷺ کا سارا کردار معلمہ ہے۔آج ہم ڈاکٹروں اور وکلاء کے رویے پر نالاں ہیں،ججز،افواج پاکستان اور صحافیوں پر انگشت تنقید کرتے ہیں مگر ان سب کے پیچھے ایک استاد کا کردار ہے مگر فتنہ و فساد کا ذمہ دار بھی ایک استاد ہی ہے۔جب کمرہ جماعت میں نظریاتی فتح حاصل کر لیتے ہیں تو پھر کسی کو شکست نہیں دی جا سکتی۔انہوں نے کہا کہ استاد شخصیات کے اندر سفر کرنے والا انسان ہے۔احسان الحق قریشی،راجہ جہانگیر بھٹی، تنویرناز بھٹی،پرویز اختر قادری، میجر جاوید جنجوعہ،راجہ حسن اختر ایڈووکیٹ،ماسٹر رضا وینس سمیت دیگر نے بھی خطاب کیا۔
Kallar Syedan; Assistant Commissioner Kallar Syedan sealed petrol station running for past 24 years and then half an hour later she deseals.
اسسٹنٹ کمشنر کلر سیداں کی پھرتیاں،چوبیس سال سے قائم پٹرول پمپ کو سیل کیا اور پھر نصف گھنٹے بعد اسے ڈی سیل بھی کرنا پڑا
کلر سیداں (نمائندہ پوٹھوار ڈاٹ کام,اکرام الحق قریشی)اسسٹنٹ کمشنر کلر سیداں کی پھرتیاں،چوبیس سال سے قائم پٹرول پمپ کو سیل کیا اور پھر نصف گھنٹے بعد اسے ڈی سیل بھی کرنا پڑا،تفصیلات کے مطابق اسسٹنٹ کمشنر کلر سیداں ناصر والایت نے منگل کے روز کلر سیداں میں شیل پمپ پر کاروائی کی اور وہاں موجود اہلکار سے این او سی طلب کیا اس دوران اہلکار موبائل فون پر مصروف تھا جس سے اسسٹنٹ کمشنر کا پارہ چڑ ھ گیا اور انہوں نے آؤ دیکھا نہ تاؤ پمپ کو سیل کر دیا جس کے نصف گھنٹے بعد پمپ کے مالک سہیل اطلس نے اسسٹنٹ کمشنر کے دفتر آ کر انہیں این او سی دکھایا جس کے بعد اسے ڈی سیل کر دیا گیا مقامی حلقوں کے مطابق اسسٹنٹ کمشنر کا یہ عمل نا تجربہ کاری کی بدترین مثال ہے انہیں وہاں جا کر این او سی دفتر آ کر دکھانے کا تقاضا کرنا چاہئیے تھا این او سی ہر پٹرول پمپ پر موجود الماری میں بند پڑا ہوتا ہے اور ہر الماری کی چابی پمپ کے اہلکاروں کے پاس نہیں ہوتی۔
عوام نے نا اہل اور نالائق حکومت کا نیب ترمیمی آرڈیننس مسترد کر دیا ,محمد نوید بھٹی
People have rejected incompetent, illegitimate government: Mohammad Naveed Bhatti
کلر سیداں (نمائندہ پوٹھوار ڈاٹ کام,اکرام الحق قریشی) مسلم لیگ ن کے رہنما سابق چیئر مین یوسی لوہدرہ محمد نوید بھٹی نے کہا ہے کہ عوام نے نا اہل اور نالائق حکومت کا نیب ترمیمی آرڈیننس مسترد کر دیا ہے حکومت کا یہ اقدام موجود حکومت کی بد عنوانیوں کو روکنے کے لیے لایا جا رہا ہے انہوں نے ایک بیان میں کہا کہ سلیکٹڈ حکومت کا نیب آرڈیننس اپنی کرپٹ حکومت اور دوستوں کو این آر او دینے کی سازش ہے پشاور میٹرو،مالم جبہ اور ہیلی کاپٹر مقدمات نیب تفتیش رکوانے کے لیے حکومت بے چین ہے عمران خان حکومت کے پشاور میٹرو کے ایک کھرب پچیس ارب کے کھڈے این آر او پلس سے چھپائے نہیں جا سکتے۔انہوں نے کہا کہ حکومتی کرپشن اور نیب گٹھ جوڑ اب بے نقاب ہو چکا ہے عمران خان دوسروں سے چالیس سال کا حساب مانگتے ہیں اور اپنی حکومت کا حساب دینے کو تیار نہیں۔انہوں نے کہا کہ اپوزیشن رہنماؤں کے خلاف بے بنیاد مقدمات حقائق کو بدل نہیں سکتے عمران خان کی حکومت میں اگر چوری نہیں کی گئی تو کرپشن میں ڈوبے منصوبوں کی نیب انکوائری بند کرنے کے لیے آرڈیننس کیوں لائے جا رہے ہیں۔
لیب اٹینڈینٹس ایسوسی ایشن کی اپ گریڈیشن کے بارے میں سیکرٹری سکول ایجوکیشن سے ملاقات
Meeting with Secretary School Education about upgrade of Lab Attendants Association
کلر سیداں (نمائندہ پوٹھوار ڈاٹ کام,اکرام الحق قریشی)لیب اٹینڈینٹس ایسوسی ایشن کے عہدے داران ندیم باری،خالد مسعود بھٹی، ندیم عباس،طاہر قریشی،وقاص حیدر،راجہ شاہد صفدر اور دیگر نے لیب اٹینڈینٹس ایسوسی ایشن کی اپ گریڈیشن کے بارے میں سیکرٹری سکول ایجوکیشن سے ملاقات کر کے انہیں مسائل سے آگاہ کیا جس پر پنجاب ٹیچرز یونین کے مرکزی صدر ڈاکٹر امیتاز عباسی،راجہ شاہد مبارک اور قاضی عمران کے انتہائی مشکور ہیں جن کی وجہ سے پنجاب کے تمام لیب اٹینڈینٹس میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے۔
سرمد سہیل رشتہ ازدواج میں منسلک ہو گئے
Wedding of Sarmad Sohail celebrated in Kallar Syedan
کلر سیداں (نمائندہ پوٹھوار ڈاٹ کام,اکرام الحق قریشی)مقامی کاروباری سہیل اطلس کے فرزند سرمد سہیل رشتہ ازدواج میں منسلک ہو گئے دعوت ولیمہ کی تقریب میں سیاسی سماجی کارکنوں اور شہریوں نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔
مقامی نیوز ایجنٹ محمد ریاض کی دختر انتقال کر گئیں نماز جنازہ چوآخالصہ کے قریب سہوٹ میں ادا کی گئی
Daughter of newsagent M Riaz passed away in Sahot
کلر سیداں (نمائندہ پوٹھوار ڈاٹ کام,اکرام الحق قریشی)مقامی نیوز ایجنٹ محمد ریاض کی دختر انتقال کر گئیں نماز جنازہ چوآخالصہ کے قریب سہوٹ میں ادا کی گئی جس میں سید راحت علی شاہ،پرویز اختر قادری،نمبردار اسد عزیز،گلفراز بٹ کے علاوہ صحافیوں اور معززین علاقہ نے شرکت کی۔