Norway; Remembrance day held in Muslim centre school in Oslo for those killed by terrorist at Army public school
ناروے۔ آرمی پبلک سکول کے بچوں نے اپنی جانوں کو قربان کر کے پاکستان میں امن کے چراغ کو روشن کیا۔ ویلفیئر اتاشی خالد محمود
اوسلو(نمائندہ پوٹھوار ڈاٹ کام,عقیل قادر)— سانحہ آرمی پبلک سکول کے پانچ سال مکمل ہونے پر مسلم سینٹر فیورست ویک اینڈ سکول کے زیر اہتمام ایک دعائیہ تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں طلباء و طالبات کے علاوہ سفارتخانہ پاکستان اوسلو سے ویلفیئر اتاشی خالد محمود نے خصوصی شرکت کی۔ تقریب کی صدارت معروف سماجی شخصیت فیاض مغل نے کی۔ مسلم سینٹر فیورست کے امام و خطیب علامہ قاری نور علی سیالوی نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آرمی پبلک سکول پشاورکے سانحے کو پانچ سال مکمل ہو گئے میں مگر آج بھی شہید ہونے والے بچوں کی یاد میں پوری قوم کی آنکھیں اشکبار ہیں۔ فیاض مغل نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اے پی ایس کے بچوں نے قربانی دے کر دہشتگردی کی سیاہ رات کو ختم کیا۔ ویلفیئر اتاشی خالد محمود نے گفتگو کرتے ہوئے اے پی ایس میں شہید ہونے والے طلباء و طالبات اور اساتذہ کو زبردست خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ نہنے منے بچوں نے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کر کے پاکستان میں امن کی بنیاد رکھی۔ انہوں نے کہا کہ آج بھی ان بچوں کا غم اور انکی یادیں پہلے دن کی طرح تازہ ہیں۔ مسلم سینٹر فیورست کے جنرل سیکریڑی رضوان اسلام نے تقریب میں شرکت کرنے پر طلباء، اساتذہ اور مہمانوں کا شکریہ ادا کیا۔ تقریب میں سکول کے طلباء و طالبات نے تلاوت قرآن، نعت رسول ﷺ اور ملی نغمے پیش کیے۔ تقریب کے آخر میں اے پی سی کے شہداء کی یاد میں شمعیں روشن کی گئیں اور بلال شاہ نے ان کے ایصال و ثواب اور دراجات کی بلندی کے لیے دعا کی۔