Norway; Kashmir solidarity public rally held in Oslo
ناروے میں کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے لیے فقید المثال ریلی میں ہزاروں خواتین و حضرات کی شرکت
اوسلو(عقیل قادر) کشمیر سکینڈی نیوین کونسل اور نارویجن پاکستانی سوشل نیٹ ورک نے مقبوضہ کشمیر میں جاری بھارتی مظالم کے خلاف ایک فقیدالمثال ریلی کا انعقاد کیا جس میں ہزاروں خواتین و حضرات نے شرکت کی۔ ریلی کا آغاز گرون لینڈ سے ہوا اور اختتام نارویجن پارلیمنٹ کے سامنے کیا گیا جہاں پر مقررین نے تقاریر کرتے ہوئے بھارتی مظالم کی شدید مذمت کی اور ناروے کی حکومت سے مطالبہ کیا گیا کہ وہ اپنا اثرو رسوخ استعمال کرے اور مظلوم کشمیریوں کو ان کا جائز حق دلایا جائے۔مظاہرین نے بھارتی بربریت کے خلاف پوسٹر اٹھا رکھے تھے اور انہوں نے بھارت اور مودی کے خلاف نعرے بازی بھی کی۔احتجاجی شرکاء ہم کیا چاہتے ہیں آزادی” انڈیا واپس جاؤ” انڈیا کا آئین نامنظور” نریندر مودی دہشتگرد” جیسے نعرے لگاتے رہے۔ اوسلو کی ڈپٹی مئیر Kamzy Gunaratnam نے خطاب کرتے ہوئے بھارتی اقدامات کی شدید مذمت کی اور کہا کہ لیبر پارٹی کو مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر شدید تحفظات ہیں اور وہ مطالبہ کرتی ہے کہ کشمیریوں کو ان کے حقوق دیئے جائیں۔ کشمیر سکینڈی نیوین کونسل کے مرکزی رہنما سردار شاہنواز علی خان نے کہا کہ بھارت نے آئین کے آرٹیکل 370کا خاتمہ کر کے کشمیر کا بھارت سے مشروط الحاق ختم کر دیا ہے اور جموں کشمیر کی حیثیت 1947 جیسی ہو گئی ہے۔ پاکستان پیپلز پارٹی پنجاب کے صدر اور سابق وزیر اطلاعات و نشریات قمر زمان کائرہ نے کہا کہ بھارت کشمیر پر ظلم کے پہاڑ توڑ رہا ہے عالمی برادری اور باالخصوص ناروے جو کہ ایک امن پسند قوم کے طور پر دنیا میں اپنی پہچان رکھتی ہے کو اپنا کردار ادا کرنا چاہیے تاکہ کشمیریوں کو ان کا حق دلایا جا سکے۔سعیدہ بیگم، علی چشتی،ذیشان شاہ، ناصر احمد، ضیعم شوکت اور دیگر نے بھی خطاب کرتے ہوئے بھارتی مظالم کی مذمت کی اور کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کیا۔