دولتالہ(نامہ نگار) حکومت کے خلاف احتجاجی تحریک کا آغاز ہمارے حلقے سے ہونا ہمارے لیے اعزاز کی بات ہے،حکمرانوں کی عوام دشمن پالیسیوں نے لوگوں کا جینا حرام کردیا ہے،کرپشن کے خاتمے کی آڑ میں غریبوں کا خون نچوڑا جارہا ہے، نااہل حکمرانوں نے ملک کو آئی ایم ایف کے ہاتھوں گروی رکھ دیا ہے، سلامتی کونسل میں ازلی دشمن انڈیا کو سپورٹ کرکے حکومت سیکورٹی رسک بن چکی ہے، ان خیالات کا اظہار سرپرست اعلیٰ پاکستان پیپلز پارٹی تحصیل گوجرخان راجہ جاوید اشرف نے دولتالہ میں چوہدری اسرار گُجر کی رہائش گاہ پر انتیس جون کو گوجرخان میں ہونے والے احتجاجی جلسے کے سلسلے میں منعقدہ مشاورتی اجلاس سے خطاب کے دوران کیا انہوں نے کہا کہ حلقہ کے عوام نے ہمیں بڑی محبتوں سے نوازا ہے، انتخابات میں کامیاب کرایا ہم ان کے لیے ہمیشہ مشکور رہیں گے، چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو کا ہمارے حلقے سے حکومت کے خلاف احتجاجی تحریک کا آغاز کرنا ہمارے لیے باعث فخر ہے، ہماری دھرتی وفاداروں اور قربانیاں دینے والوں کی ہے، حکومت نے غریب عوام کا جینا اجیرن کردیا ہے، ناتجربہ کار سلیکٹڈ وزیر اعظم کو غریبوں کی مشکلات کا احساس ہی نہیں ہے، ملک کو آئی ایم ایف کے حوالے کردیا گیا ہے، ملک کا وزیر اعظم ہر روز ایک نیا جھوٹ بولتا ہے، حکومت اپنے باقی رہنے کے تمام جواز کھو چکی ہے، حکمرانوں کا جانا مقدر ہوچکا ہے، ہم اپنے بچوں کے مستقبل کو محفوظ کرنے کے لیے حکومت کے خلاف نکلے ہیں عوام ہمارا بھرپور ساتھ دے، جلسے سے امیدوار برائے صوبائی اسمبلی چوہدری سرفراز خان نے بھی خطاب کیا۔