کلر سیداں (اکرام الحق قریشی)مسلم لیگ ن کے مرکزی سینئر نائب صدر سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ اقتدار میں رہ کر پیسہ بنانے والے آج کے حکمرانوں کی صفوں میں موجود ہیں مسلم لیگ ن کے زمانے میں ملک میں ریکارڈ ترقی ہوئی قاتل کو چودہ ایام جبکہ اپوزیشن لیڈر میاں شہباز شریف کو ستر ایام تک نیب کے ریمانڈ میں رکھا گیا۔ملک کو درپیش سنگین مسائل کا واحد حل آزادانہ منصفانہ نئے انتخابات ہیں۔موجود حکومت سوئی گیس 550روپے میں خرید کر 1450میں فروخت کرتی ہے آج اگر ملک بھر میں لوڈ شیڈنگ نہیں تو اس کا کریڈٹ میاں نواز شریف اور مسلم لیگ ن کے سر جاتا ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ شام روات کی نواحی یونین کونسل تخت پڑی کے گاؤں گوہڑہ گجراں میں چوہدری غضنفر گجر کے افطار ڈنر سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر سابق رکن پنجاب اسمبلی انجنیر قمر الاسلام راجہ،کرنل صبح صادق، چیئر مین نوید بھٹی اور دیگر بھی موجود تھے۔شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ اقتدار آنی جانی شے ہے وہی لوگ تاریخ میں زندہ رہتے ہیں جو مخلوق خدا کے لیے کوئی فریضہ سر انجام دیتے ہیں اس ملک میں اقتدار میں ر ہ کر پیسہ بنانے والے تمام لوگ آج پی ٹی آئی کی صفوں میں موجود ہیں اور وہ کلین ہیں جن لوگوں نے صحیح معنوں میں ملک و قوم کی خدمت کی وہ قید و بند اور پیشیاں بھگت رہے ہیں۔منہ بند رکھا جائے حکومتی نا اہلی پر بات نہ کی جائے تو نیب پوچھتا نہیں اگر آپ صورتحال پر درست تجزیہ کریں گے تو نیب حرکت میں آ جائے گا انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن کو دہشتگردی اور انرجی جیسے بحران ورثے میں ملے تھے سی این جی سٹیشنوں پر میلوں لمبی قطاریں تھیں ہم نے پانچ برس اقتدار کو آزمائش سمجھ کر دن رات محنت کی ملک سے دہشتگردی اور انرجی بحرانوں کا خاتمہ کیا ملک بھر میں تعمیر و ترقی کے کام کیے اور ترقی کی شرح کو ریکارڈ تک لے گئے مگر انتخابات میں ہمیں عوامی حمایت کے باوجود زبردستی شکست دلائی گئی اور جن لوگوں کو اقتدار میں لایا گیا ان میں کام کرنے کی صلاحیت تھی نہ ہی ان کی نیتیں درست تھیں جس کے نتیجے میں نو ماہ میں ہی ملک میں غربت اور مہنگائی کا سونامی امڈ آیا ہے تبدیلی اور نئے پاکستان کے خواب دکھانے والوں نے قوم کو روٹی کے لیے بھی بھکاری بنا دیا ہے۔نا اہل حکومت کرپشن کرپشن کا راگ الاپ کر قوم کو بھوک اور افلاس سے نجات نہیں دلا سکتی پوری کابینہ آج بھی کنٹینر والی زبان بول رہی ہے مسلم لیگ ن کے دور میں ملک میں ریکارڈ ترقی ہوئی میں خود وزیر اعظم رہا آج تمام ادارے عمران خان کے ماتحت ہیں وہ مجھ پر کرپشن کا کوئی الزام نہیں لگا سکتے ہمارے ملک میں قاتل کو تو 14ایام کے ریمانڈ تک محدود رکھا جاتا ہے مگر اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کو 70ایام تک نیب کے ریمانڈ میں رکھا گیا اور ان پر کوئی الزام نہ لگایا جا سکا۔ایسے حالات میں ملک کبھی ترقی نہیں کر سکتا۔ہم نے ملک کو ترقی کی بلندیوں پر پہنچایا اب یہ ترقی کی شرح عمران خان نے نصف کر دی ہے افراط زر دگنا ہو چکی ہے اورحکومت کرپشن کرپشن کا ور د کر رہی ہے مہنگائی دوگنا ہونے سے لوگوں کی قوت خرید دم توڑ گئی آنے والے ایام انتہائی مشکل ہوں گے انہوں نے کہا کہ اگر عمران خان مزید اقتدار میں رہے تو قوم کو تاریخ کے بدترین بحرانوں کا سامنا کرناپڑے گا۔عمران خان مکمل طور پر ناکام ہو چکے ہیں اور ملک کو درپیش سنگین مسائل سے نکالنے کا واحد راستہ آزادانہ اور منصفانہ انتخابات ہیں اس کے سوا موجود ہ گرداب سے نکلنے کا کوئی راستہ نہیں جو حکومت آٹھ مہینوں میں اپنے وزرا کو نا اہلی اور ناکامی کی بنیاد پر نکال دے پوری اقتصادی ٹیم کو الگ کر کے ملک کو آئی ایم ایف کو گروی رکھ دے تو یہ حکومتی ناکامی کا کھلا اعتراف ہے اور اس شکست اور ناکامی کے ذمہ دار صرف عمران خان ہیں انہوں نے کہا کہ میں خود وزیر پٹرولیم رہا ہوں موجود ہ حکومت سوئی گیس 550میں خرید کر شہریوں کو 1450میں فروخت کر ہی ہے حکومت نے نا اہلی اور بد عنوانی پر وزیر پٹرولیم کو بھی نکال دیا مگر سوئی گیس کے پرانے نرخ بحال نہ کیے۔انہوں نے کہا کہ میں فخر ہے کہ ہمارے دور میں ملک نے ترقی کی دہشتگردی اور انرجی بحران ختم ہوئے آج اگر ملک بھر میں بجلی دستیاب ہے تو اس کا سہرا مسلم لیگ ن اور میاں نوازشریف کے سر جاتاہے انہوں نے نیب کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اس کی سرگرمیوں نے ملکی نظام کو جمود کا شکار کر دیا ہے ایسے میں آگے بڑھنا ممکن ہی نہیں۔انجنیر قمر الاسلام راجہ نو ماہ نیب کی قید میں رہے ان پر کوئی الزام ثابت نہ ہو سکا نیب ایسا ادارہ ہے جو منہ بند رکھنے پر مکمل خاموش رہتا ہے حکومت پر تنقید کرنے کی صورت میں نیب فوری حرکت میں آ جاتا ہے۔
کلر سیداں (اکرام الحق قریشی)مسلم لیگ ن کے رہنما سابق رکن پنجاب اسمبلی انجنیر قمر الاسلام راجہ نے کہا ہے کہ انہوں نے اپنی سیاست کا آغاز میاں نواز شریف،میاں شہباز شریف سے کیا تھا اور اختتام بھی انہی کے ساتھ کریں گے مجھے نواز شریف سے عہد وفا نبھانے پر سزا دی گئی نو ماہ کی قید و بند کی صعوبتیں برداشت کیں میں نے نوازشریف کا ٹکٹ قبول کیا جس کی مجھے سزا دی گئی انہوں نے گوہڑہ گجراں میں افطار دعوت سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وہ 65ایام نیب سیل میں فرش پر ایک کمبل ایک مگ اور ایک پلیٹ کے ساتھ قیام پذیر رہے تمام عرصہ جیل کا کھانا کھایا اور میری عدم موجودگی میں میرے دس سالہ بیٹے سالار اسلام نے میری انتخابی مہم چلائی مگر مجھے فخر ہے کہ میں نے قید و بند کی صعوبتیں برداشت کر لیں مگر نواز شریف سے بے وفائی نہیں کی۔انہوں نے کہا کہ نواز شریف کا بیانیہ ہی مسلم لیگ ن کا بیانیہ ہے ووٹ کو عزت دو قوم کی آواز ہے جسے دبایا نہیں جا سکتا۔
Kallar Syedan; Ex PM Shahid Khaqan Abbassi was at the residence of Ch Ghazanfar Gujar in village Gorra Gujran, Tahkt Parri where he made a speech and told that current government buying gas at 550Rps and selling at 1450Rps to public. The Ex PM also asked public to take notice of Engineer Qamar Ul Islam being held in prison by NAB and their was no case proofed against him.
نوشہرہ کا بائیس سالہ طالبعلم عاطف ولد بشیر کلر سیداں کے علاقے میں ڈوب کر جاں بحق ہو گیا
Atif from Noshera drowns to death in dam
کلر سیداں (اکرام الحق قریشی)نوشہرہ کا بائیس سالہ طالبعلم عاطف ولد بشیر کلر سیداں کے علاقے میں ڈوب کر جاں بحق ہو گیا نو شہر ہ سے تعلق رکھنے والا یہ نوجوان چوکپنڈوری مندرہ روڈ پر واقع ڈھوک چنالی کے دینی مدرسے میں زیر تعلیم تھا اور اسے گزشتہ رو ز عشر جمع کرنے کے لیے ملحقہ گوجر خان کی آبادیوں میں بھیجا گیا جہاں وہ گرمی کی شدت سے تنگ آ کرمقامی ڈیم میں نہانے کے لیے اتر گیا اور ڈوب کر جاں بحق ہو گیا۔
ڈپٹی کمشنر راولپنڈی سے اس لوٹ مار کا فوری نوٹس لینے کا مطالبہ
Deputy commissioner asked to take notice of prices abuse at sasta bazaar
کلر سیداں (اکرام الحق قریشی)گاؤں سینتھہ کے محمد بشارت نے شکایت کی ہے کہ کلر سیداں شہر میں قصاب رمضان المبار ک کے دوران لوٹ مار میں مصروف ہیں اور انتظامیہ ان کے خلاف اس وجہ سے کوئی کاروائی نہیں کرتی کہ انہوں نے مشترکہ طور پر رمضان سستا بازار میں گوشت فروخت کرنے کا سٹال لگا رکھا ہے محمد بشارت کے مطابق کلر سیداں شہر میں تمام قصاب بیف 500روپے جبکہ مٹن 1000روپے فی کلو فروخت کر رہے ہیں اور یہ سب کلر سیداں انتظامیہ کی ناک کے عین نیچے ہو رہا ہے کلر سیداں کے سپیشل پرائس مجسٹریٹ دیگر دوکانداروں کو تو جرمانے کرتے ہیں مگر یہ قصابوں پر ہاتھ ڈالنے کی جرات نہیں رکھتے انہوں نے ڈپٹی کمشنر راولپنڈی سے اس لوٹ مار کا فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔