Kallar Syedan; Ex PM Shahid Khaqan Abbassi arrives in Choa Khalsa to pay condolences
سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے دورہ کلر سیداں میں مصروف دن گزارا
سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے دورہ کلر سیداں میں مصروف دن گزارا انہوں نے چوآخالصہ میں راجہ قمر مسعود سے ان کے خسر راجہ گلتاسب حسین ،ڈھوک سنگال میں بابو راجہ محمد عجائب سے ان کے بھائی حاجی محمد ظہراب اور کھناہدہ میں ملک آفتاب حسین سے ان کی ہمشیرہ کے انتقال پر دلی تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے مرحومین کے لیے فاتحہ خوانی کی ۔
سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ حکومت اپنی کارکردگی بہتر بنانے کے بجائے مخالفین کو گالیاں دے کر ملک کو ترقی نہیں دے سکتی ، صلاحیتوں سے محروم حکمران جمہوریت کے لیے بھی خطرہ ہیں اپوزیشن جمہوری نظام کا تسلسل چاہتی ہے ان خیالات کا اظہار انہوں نے چوآخالصہ میں پیپلز پارٹی کے ضلعی رہنما راجہ قمر مسعود کی رہائش گاہ پر گفتگو کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن او ر پیپلز پارٹی نے ماضی سے بہت کچھ سیکھا ہے ہم نے جمہوریت کی بقا کے لیے قربانیاں دی ہیں ہم آج بھی جمہوری نظام کا تسلسل چاہتے ہیں مگر حکمران اہلیت اور صلاحیتوں سے محروم ہیں اور ان کی پوری توجہ عوام کے مسائل حل کرنے کے بجائے سیاسی مخالفین کو دبانے میں صرف ہو رہی ہے یہ مخالفین کو گالیاں دے کر ملک کی خدمت نہیں کر سکتے ملک کو ترقی کی شاہراہ پر گامزن کرنے کے لیے ملکی معشیت کو مضبوط بنیادوں پر استوار کرنا ہوتا ہے مگر موجودہ حکومت میں انتظامی صلاحیت ہی موجو د نہیں ۔انہیں ووٹ دینے والے اور انہیں اقتدار میں لانے والے آج دونوں پریشان ہیں ۔اس موقع پر چیئر مین بلدیہ کہوٹہ راجہ ظہو ر اکبر ،چیئر مین چوآخالصہ سید راحت علی شاہ، حافظ عثمان عباسی اور نمبر دار اسد عزیز بھی موجود تھے ۔
انٹر ڈویژنل والی بال جمپین شپ چوکپنڈوری میں اختتام پذیر ،فائنل میں ساہیوال نے سر گودھا کو شکست دے کر ٹرافی اپنے نام کر لی
Saihwal win volleyball championship in Chauk Pindori
انٹر ڈویژنل والی بال جمپین شپ چوکپنڈوری میں اختتام پذیر ،فائنل میں ساہیوال نے سر گودھا کو شکست دے کر ٹرافی اپنے نام کر لی۔ٹورنامنٹ میں پنجاب کے تمام ڈویژن کی ٹیموں نے حصہ لیا فائنل مقابلہ سرگودھا اور ساہیوال کی ڈویژنل ٹیموں کے درمیان ہوا جو کانٹے دار مقابلے کے بعد ساہیوال نے جیت لیافاتح ٹیم کو پچاس ہزار روپے اور رنر کو تیس ہزار روپے انعام دیا گیا۔سابق آئی جی پنجاب چوہدری محمد یعقوب، رکن پنجاب اسمبلی راجہ صغیر احمدنے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کیے اور جمپین شپ کے انعقاد پر راولپنڈی ڈویژن کے صدر راجہ شمروز کو مبارکباد دی۔
گرفتار پانچ جواریوں کو پچاس پچاس ہزار روپے کے مچلکے جمع کروانے پر ضمانت پر رہا کرنے کا حکم جاری
Five gamblers released after paying 50,000 bail each
کلر سیداں کی مقامی عدالت نے قماربازی ایکٹ کے تحت گرفتار پانچ جواریوں کو پچاس پچاس ہزار روپے کے مچلکے جمع کروانے پر ضمانت پر رہا کرنے کا حکم جاری کر دیا۔ پولیس نے گزشتہ روز سبزی منڈی کلر سیداں کے قریب واقع ایک کھلی جگہ پر جہاں بٹیروں کی لڑائی پر جوئے کی محفل سجی ہوئی تھی پر پولیس کے سب انسپکٹر امیر علی گوندل نے پولیس کی بھاری نفری کے ہمراہ چھاپہ مار کر درجن سے زائد افراد کو پکڑ کر تھانے لے گئی جن میں سے صرف پانچ افراد کیخلاف قماربازی ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کر کے باقیوں کو چھوڑدیا گیا جبکہ داؤ پر لگی پندرہ ہزار روپے کی رقم،موبائل فونز اور پانچ عدد بٹیرے بھی قبضے میں لے لئے جن میں سے ایک بٹیررات کو سردی کے باعث ہلاک ہو گیا۔