DailyNewsGujarKhanHeadlinePothwar.com
Gujar Khan: Young Man Shot Dead in Broad Daylight in Dhok Shah Zaman
ڈھوک شاہ زمان, دن دیہاڑے فائرنگ کا واقعہ، نوجوان جاں بحق

گوجرخان (پوٹھوار ڈاٹ کام، 22 ستمبر 22گوجرخان: گوجرخان کے نواحی علاقے ڈھوک شاہ زمان میں دن دیہاڑے فائرنگ کا افسوسناک واقعہ پیش آیا، جس میں ایک نوجوان کو قتل کر دیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق ڈھوک شاہ زمان کا رہائشی نوجوان زین العابدین ولد اسد منہاس معمول کے مطابق اپنے کام میں مصروف تھا کہ اچانک ایک نامعلوم شخص نے اس پر فائرنگ کر دی۔ فائرنگ کے نتیجے میں زین العابدین شدید زخمی ہوگیا اور موقع پر ہی دم توڑ گیا۔
واقعہ کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 کی ٹیم فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچی جبکہ اے ایس پی سید دانیال حسین اور ایس ایچ او ملک نزیر احمد گھیبہ بھاری پولیس نفری کے ہمراہ موقع پر پہنچ گئے۔ پولیس نے جائے وقوعہ کو گھیرے میں لے کر شواہد اکٹھے کرنا شروع کر دیے۔
پولیس ذرائع کے مطابق مقتول کی لاش کو ضابطے کی کارروائی کے بعد اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے جبکہ نامعلوم ملزم کی تلاش کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ تاحال قتل کی وجوہات سامنے نہیں آ سکیں۔
اہل علاقہ نے واقعہ پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ دن دیہاڑے پیش آنے والا یہ افسوسناک قتل علاقے میں خوف و ہراس پھیلانے کا باعث بنا ہے۔ عوام نے پولیس سے مطالبہ کیا ہے کہ ملزم کو جلد از جلد گرفتار کر کے انصاف فراہم کیا جائے۔




