DailyNewsHeadlineKahutaOverseas newsPothwar.com
London: Sisters Hajra Zahid and Haleema Zahid, both from Kahuta drown in Wales
کہوٹہ سے تعلق رکھنے والی بہنیں ہاجرہ زاہد اور حلیمہ زاہد ویلز میں ڈوب کر جان بحق ہوگئیں۔

لندن /کہوٹہ (پوٹھوارڈاٹ کام، محمد نصیر راجہ – 19 جون 2025): ویلز کے نیشنل پارک میں پانی سے نکالی جانے والی دو بہنوں کو خراجِ عقیدت پیش کیا جا رہا ہے جو افسوسناک طور پر جاں بحق ہو گئیں۔
حاجرہ زاہد، عمر 29 سال، اور حلیمہ زاہد، عمر 25 سال، 11 جون کو شمالی ویلز کے علاقے ایریری (Eryri) نیشنل پارک میں واٹکن پاتھ (Watkin Path) کے تالابوں سے مردہ حالت میں ملی تھیں۔ یہ پگڈنڈی “یر وِدوا” (Yr Wyddfa) یا “سنوڈن” (Snowdon) پہاڑ کی چوٹی تک جاتی ہے۔
تحقیقات کے مطابق دونوں بہنیں، جن کا تعلق کہوٹہ سے تھا، یونیورسٹی کے دوستوں کے ہمراہ اس علاقے کی سیر کے لیے آئی تھیں۔ نمازِ جنازہ کے بعد دونوں کی میتیں شدید غم و اندوہ کے عالم میں پاکستان روانہ کر دی گئیں۔
حاجرہ اور حلیمہ چار ماہ قبل ماسٹرز کی تعلیم کے لیے برطانیہ آئی تھیں۔ ان کا تعلق گلزارِ قائد، راولپنڈی سے تھا اور وہ کہوٹہ میں پیدا ہوئیں۔
حاجرہ زاہد شادی شدہ تھیں اور ان کے شوہر ہاشم منہاس کے ساتھ دو بیٹے ہیں، جن کی عمریں چھ اور تین سال ہیں۔ دونوں بہنیں چیسٹر یونیورسٹی میں زیرِ تعلیم تھیں اور مالٹسبی، راہدرھم، ساؤتھ یارکشائر میں رہائش پذیر تھیں۔
ایک قریبی رشتہ دار نے پوتھوہار ڈاٹ کام کو بتایا:
“خاندان صدمے سے نڈھال ہے۔ پولیس اور یونیورسٹی کے بیانات میں تضاد ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ایک بہن ڈوبی اور دوسری نے بچانے کی کوشش کی، مگر ایک کی لاش سطحِ آب پر ملی جبکہ دوسری کی لاش دس منٹ کے فاصلے پر ملی۔
عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ دونوں ایک ساتھ پانی میں داخل ہوئیں۔ پولیس نے تاحال خاندان کو کوئی واضح معلومات نہیں دیں اور نہ ہی کوئی مدد فراہم کی جا رہی ہے۔”
مزید کہا گیا کہ حاجرہ کے بچے بار بار اپنی ماں کے بارے میں پوچھتے ہیں، لیکن انہیں ابھی تک یہ دلخراش حقیقت نہیں بتائی گئی کہ ان کی والدہ ایک المناک حادثے میں جاں بحق ہو چکی ہیں۔




