DailyNewsGujarKhanHeadlinePothwar.com
Gujar Khan: Gas Leak Explosion at Butt Karahi in Quaid-e-Azam Stadium: Six Injured, Three in Critical Condition
گوجرخان: قائداعظم اسٹیڈیم کے قریب بٹ کڑاہی ریسٹورنٹ میں گیس لیکج سے دھماکہ، 6 افراد زخمی، 3 کی حالت تشویشناک

گوجرخان (پوٹھوارڈاٹ کام، 13 جون2025):قائداعظم اسٹیڈیم کے قریب واقع مشہور ریسٹورنٹ بٹ کڑاہی میں گیس لیکج کے باعث زور دار دھماکہ ہوا، جس کے نتیجے میں چھ افراد زخمی ہو گئے، جن میں تین کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق، دھماکہ گیس لیکج کے باعث اس وقت ہوا جب کھانے کی تیاری جاری تھی۔ دھماکہ اس قدر شدید تھا کہ قریبی عمارتوں کے در و دیوار لرز اٹھے، جس سے علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔
تھانہ سٹی کے ایس ایچ او عامر فاروق موقع پر نفری کے ہمراہ فوری طور پر پہنچے، جبکہ ریسکیو 1122 اور گوجرخان پولیس نے بھی بروقت کارروائی کرتے ہوئے زخمیوں کو تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال منتقل کیا۔
عینی شاہدین کے مطابق، ریسٹورنٹ کے کچن میں آگ اور دھواں بھر گیا تھا، اور ریسٹورنٹ کا اندرونی سامان مکمل طور پر تباہ ہو گیا۔ قریبی دکانوں کو بھی دھماکے کے جھٹکوں سے معمولی نقصان پہنچا۔
انتظامیہ نے علاقے کو سیل کر کے تحقیقات شروع کر دی ہیں۔ ابتدائی شواہد کے مطابق، گیس کے استعمال میں غفلت یا ناقص آلات اس حادثے کا سبب بن سکتے ہیں۔
علاقہ مکینوں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ تجارتی باورچی خانوں میں سخت حفاظتی اقدامات نافذ کیے جائیں تاکہ آئندہ ایسے افسوسناک واقعات سے بچا جا سکے۔تحقیقات جاری ہیں اور مزید تفصیلات جلد فراہم کی جائیں گی۔




