کلرسیداں (اکرام الحق قریشی)کلرسیداں میں پٹواریوں کی قلم چھوڑ ہڑتال کا پہلا دن،اساتذہ اور پٹواریوں کے علاؤہ پنشنرز کی بڑی تعداد نے لاھور کے دھرنے میں بھی شرکت کی۔کلرسیداں کے پٹواریوں نے راولپنڈی کے احتجاج میں بھی شرکت کی۔انجمن پٹواریان تحصیل کلرسیداں کے صدر چوہدری تنویر اختر اور جنرل سیکرٹری مصطفی بابر جنجوعہ نے ایک مشترکہ بیان میں کہا کہ حکومت ایک جانب مراعات یافتہ طبقے کو بھاری مراعات سے نواز رہی ہے اور دوسری جانب چھوٹے ملازمین کا عرصہ حیات تنگ کرکے ملازمین کی بدعائیں لے رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت نے وفاق اور دیگر صوبوں سے کم مراعات دے کر ملازمین کو بنیادی حقوق سے محروم کیا ہے۔پنجاب کی نگران حکومت مزدور اور غریب دشمن ہے یہی وجہ ہے کہ لاکھوں ملازمین آج دوسرے روز بھی لاہور میں تاریخی دھرنا دیئے ہوئے ہیں۔انہوں نے خبردار کیا کہ تمام مراعات دیگر صوبوں کے مساوی کیئے بغیر قلم چھوڑ ہڑتال جاری رہے گی۔
کلرسیداں (اکرام الحق قریشی)محکمہ بلدیات حکومت پنجاب اور چیف ایگزیکٹو آفیسرراولپنڈی ویسٹ مینجمنٹ کمپنی رانا ساجد صفدرکی خصوصی ہدایات کے مطابق راولپنڈی ویسٹ مینجمنٹ کمپنی راولپنڈی شہر کی طرح اسسٹنٹ مینیجر آپریشنز کلر سیداں ولید بن فاروق کی زیر نگرانی تحصیل کلر سیداں میں روزانہ کی بنیاد پر تقریباً 20ٹن کوڑا کرکٹ اٹھا کر ڈمپ سٹیشن لے جایا جاتا ہے اور ہیلپ لائن نمبر 1139پر موصول ہونیوالی شکایات کا بھی فوری ازالہ کیا جاتا ہے۔اسکے ساتھ ساتھ راولپنڈی ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر ملنے والی صفائی سے متعلق شکایات کو بھی مقررہ ٹائم میں حل کرنے کی کاوشیں بھی جاری ہیں۔آر ڈبلیو ایم سی کے اسسٹنٹ مینیجر آپریشنز کلر سیداں ولید بن فاروق کے مطابق ہمارے 35ورکرز شہر کی دو یونین کونسلز میں گلی،محلوں،سڑکوں اور بازاروں کی صفائی یقینی بنانے میں مصروف عمل ہیں۔شہر میں 120چھوٹے کنٹینرز اور 06بڑے ویسٹ کنٹینرز رکھے گئے ہیں تاکہ شہری اپنا کوڑا کرکٹ ان میں ڈال سکیں۔اسکے ساتھ ساتھ 5منی ڈمپرز،ایک یو ڈی،ایک کمپیکٹر،دو ڈمپرز ایک شاول اور ایک ٹریکٹر ٹرالی کی مدد سے صفائی آپریشن کیا جاتا ہے۔عید الاضحی کے دنوں میں اضافی گاڑیاں رینٹ پر لی جاتی ہیں۔انہوں نے کہا کہ چیف آفیسر میونسپل کمیٹی کلر سیداں اور راولپنڈی ویسٹ مینجمنٹ کمپنی مشترکہ کاوشوں سے کلر سیداں کو ویسٹ فری سٹی بنانے میں مصروف عمل ہیں۔کلر سیداں کے شہری راولپنڈی ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے صفائی کے کام کے حوالے سے مطمئن ہیں۔یوم آزادی،محرم کے موقع پر شہر میں جلوس،مجالس کیلئے صفائی کے خصوصی انتظامات کئے جائینگے۔اسی طرح عید الاضحی صفائی آپریشن کو بھی شہریوں نے سراہا اور بھرپور تعاون کا مظاہرہ کیا۔صفائی کیساتھ ساتھ شہریوں میں صفائی کا شعور اجاگر کرنے کیلئے صفائی آگاہی مہم بھی ساتھ ساتھ جاری رکھی جاتی ہے۔ڈورٹوڈور،مارکیٹ اور مساجد و مدارس اور تعلیمی اداروں میں کیمپ لگائے جاتے ہیں،واک کی جاتی ہے اور شہریوں کو اس صفائی مہم سے متعلق اور ڈینگی کی روک تھام کیلئے حفاظتی اقدامات پر مشتمل پمفلٹس بھی تقسیم کئے جاتے ہیں۔روزانہ کی بنیادوں پر شہر میں موجود تمام چھوٹے بڑے کنٹینرز کو صاف کیا جاتا ہے۔اہم مواقع پر چونے کا استعمال کیا جاتا ہے،کوڑا کرکٹ کو ٹرانسفر سٹیشن منتقلی کے بعد لوسر ڈمپ سٹیشن لے جا کر تلف کر دیا جاتا ہے۔شہری بھی صفائی کی کاوشوں میں معاون بنیں،کوڑا کرکٹ کھلے عام،نالیوں میں نہ پھینکیں،ہم سب نے ملکر کلر سیداں کو زیرو ویسٹ سٹی بناناہے۔
کلرسیداں (اکرام الحق قریشی)کلر سیداں پولیس نے مبینہ طور پر اغوا ہونے والی نئی نویلی دلہن کو گجرات کے علاقے سے بازیاب کر کے مقامی عدالت پیش کر دیا۔مغویہ نے 164 کے تحت بیان ریکارڈ کراتے ہوئے عدالت کو بتایا کہ اسے کسی نے اغوا نہیں کیا وہ اپنی خالہ کے گھر چلی گئی تھی جس کے بعد عدالت نے اغوا کے مقدمے میں گرفتار ملزمان محمد فیاض گجر اور علی گجر سکنہ گجرات کو مقدمے سے ڈسچارج کرنے کا حکم دے دیا۔ یاد رہے کہ 28مئی کو مغویہ کے دیور لیاقت علی نے مقدمہ درج کراتے ہوئے بیان دیا تھا کہ محمد حنیف میرا حقیقی بھائی ہے جو کہ ملائیشیا میں مقیم ہے۔میرے بھائی کا نکاح مورخہ 5مئی کو مسماۃ (ع) سکنہ گجرات کیساتھ ہوا اور اسی روز رخصتی عمل میں آئی جس کے بعد 15مئی کو میرا بھائی بیرون ملک روانہ ہو گیا اور اس کی بیوی ہمارے گھر محلہ معصوم نگر کلر سیداں منتقل ہو گئی۔مورخہ 27/28مئی کی درمیانی شب مسماۃ (ع) گھر سے غائب ہو گئی اور اپنے ساتھ زیورات مالیتی آٹھ لاکھ اور نقدی 25,000روپے بھی ہمراہ لے گئی۔
کلرسیداں (اکرام الحق قریشی)اسسٹنٹ کمشنر کلر سیداں اشتیاق اللہ خان نیازی نے ایریگیشن ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے کلر سیداں کی حدود میں قائم پھلینہ ڈیم کے رہائشیوں کو نہری پانی کی سہولت دئیے بغیر آبیانہ وصول کرنے کا نوٹس لے لیا۔اسسٹنٹ کمشنر کلر سیداں نے مقامی میڈیا کو بتایا کہ ان کے نوٹس میں آنے کے بعد انہوں نے تمام تر صورتحال کا جائزہ لینے کیلئے متعلقہ پٹواری سے موقع پر جا کر رپورٹ تیار کرنے کی ہدایت جاری کی ہے۔مسلم لیگ ن کے مقامی رہنما و سابق رکن بلدیہ جنید بھٹی نے میڈیا کو بتایا کہ 10/15 برس قبل مقامی زمینداروں کا 400/500کنال پر مشتمل رقبہ ایکوائر کیا گیا تھا اور پھلینہ ڈیم کی تعمیر کے موقع پر کلر سیداں کے متاثرین کو پانی فراہم کرنے کیلئے جو پائپ لائنیں پھلینہ ڈیم سے نہر میں بچھائی گئی تھیں مناسب دیکھ بھال نہ ہونے کی وجہ سے جگہ جگہ سے ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہو چکی ہیں جس کی وجہ سے متاثرین علاقہ نہری پانی کی سہولت سے محروم ہیں۔
کلرسیداں (اکرام الحق قریشی)کلر سیداں میں 75کے قریب غیر قانونی پٹرول و ڈیزل ایجنسیوں کو جرمانے کی رقم ادا کرنے کے بعد اسسٹنٹ کمشنر کلر سیداں نے ڈی سیل کر دیا ہے۔کلر سیداں میں گزشتہ کئی برسوں سے پٹرول و ڈیزل غیر قانونی ایجنسیاں قائم تھیں جن کے پاس کسی قسم کا کوئی اجازت نامہ موجود نہ تھا جس پر اے سی کلر سیداں اشتیاق اللہ خان نیازی نے کلر سیداں سمیت چوکپنڈوری،شاہ باغ، بھاٹہ روڈ، دوبیرن کلاں، چوآ خالصہ، سموٹ، سرصوبہ شاہ، بنک چوک، دوبیرن روڈ اور منگلورہ روڈ پر قائم تمام غیر قانونی ایجنسیوں کو سربمہر کر دیا تھا۔ انتظامیہ نے ڈی سیل ہونے والی ایجنسیوں کے مالکان کو اپنی ایجنسیاں ریگولرائزکرنے کیلئے ڈپٹی کمشنر راولپنڈی سے رجوع کرنے کی ہدایت جاری کی ہے۔اے سی نے بتایا کہ کلر سیداں کی تاریخ میں پہلی بار تمام ایجنسیوں کو رجسٹرڈ کر لیا گیا ہے۔
کلرسیداں (اکرام الحق قریشی)ہیں تلخ بندہ مزدور کے اوقات،معمر شخص کو بجلی کا ایک ماہ کا بل سات ہزار چار سو سے زائد روپے جاری کرکے اسے ادائیگی کے لیئے لوگوں سے مدد مانگنے پر مجبور کردیا۔معمر محمد بشیر نامی شخص نے بتایا کہ وہ اس پیرانہ سالی میں بے روزگار ہے کبھی کبھار کسی ایک دوکان کا سامان دوسری جگہ منتقل کر کے روزی روٹی کا انتظام بہت ہی مشکل سے کرتا ہوں۔ اس بار مجھے سات ہزار چار سو سے زائد کا بل بھیجا گیا اور میں اتنی رقم میری پاس موجود ہی نہیں اور پھر مایوس ہوکر ہر ایک دوکاندار کے پاس جاکر مدد کی درخواست کر رھا ہوں۔ابھی تک جس دوکاندار کے پاس گیااس نے خالی ہاتھ نہیں لوٹا مگر ابھی تک بل کی رقم پوری نہ ہوسکی ہے۔
کلرسیداں(اکرام الحق قریشی)ریونیو کورآڈینیشن کونسل آف پنجاب نے تمام ریونیو ملازمین کو آج گیارہ جولائی سے قلم چھوڑ ہڑتال کا اعلان کردیا ہے چیئرمین ریونیو کوارڈینیشن کونسل پنجاب کے صدر ضیااللہ خان نیازی کی جانب سے جاری سرکلر میں کہا گیا کہ بورڈ آف ریونیو ایمپلائز ایسوسی ایشن سے مشاورت کے بعد آج سے قلم چھوڑ ہڑتال کا اعلان کیا جاتا ہے تمام تحصیل و اسسٹنٹ کمشنرز بشمول بورڈ آف ریونیو پنجاب میں قلم چھوڑ ہڑتال ہوگی اور یہ ہڑتال مطالبات کی منظوری تک جاری رہے گی